بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 129 hadith
ہمام بن منبّہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں یہ وہ احادیث ہیں جو حضرت ابو ہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺسے بیان کیں اور کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم جس بستی میں آؤ اور اس میں ٹھہرو تو تمہارا اس میں حصہ ہے اور وہ بستی جس نے اللہ اور اس کے رسول ؐ کی نافرمانی کی تو اس میں سے پانچواں حصہ اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہے باقی تمہارے لئے ہے ۔
حضرت عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں بنو نضیر کے اموال اس میں سے ہیںجو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کو فئے کے طور پر عطا کئے تھے۔جن پر مسلمانوں نے گھوڑے اور اونٹ نہیں دوڑائے تھے۔ وہ نبی ﷺ کی صوابدید پر تھے ۔ آپؐ اپنے اہل کے لئے سال کا خرچ (ان میں سے )کرتے تھے اورجو باقی بچتا وہ اللہ کے راستہ میں تیاری کے لئے گھوڑوں اور اسلحہ پر خرچ فرماتے ۔
زہری سے روایت ہے کہ مالک بن اوس نے انہیں بتایا وہ کہتے ہیں کہ حضرت عمرؓ نے مجھے بلایا۔ میں ان کے پاس دن چڑھے آیا۔ وہ کہتے ہیںمیں نے انہیں ان کے گھر تخت پر جس پر کوئی کپڑا نہ تھا چمڑے کے تکیے کا سہارا لئے بیٹھے دیکھا۔ انہوں نے مجھے کہا اے مال ! تیری قوم کے بہت سے افراد تیزی سے میری طرف آئے تو میں نے انہیں کچھ مال دینے کا حکم دیا ہے تم وہ لے لو اور ان میں تقسیم کردو۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا اگر آپ یہ حکم میرے علاوہ کسی اور کو دیتے! آپ نے فرمایا اے مال! وہ لے لو٭ ۔ وہ کہتے ہیں یرفا آیا اور اس نے کہا اے امیر المؤ منین ! عثمانؓ اور عبد الرحمان بن عوف ؓ اور زبیرؓ اور سعدؓ کے بارہ میں کیا ارشاد ہے ۔حضرت عمرؓ نے فرمایا ہاں تو انہیں اجازت دی گئی وہ اندر آئے وہ پھر آیا اور کہا عباسؓ اور علیؓ کے بارہ میں کیا ارشاد ہے ۔ انہوں نے کہا ہاں۔ ان دونوں کو بھی اجازت دے دی ۔ حضرت عباسؓ نے کہا اے امیر المؤمنین آپؓ میرے اور اس جھوٹے گناہگار دھوکہ باز٭ اور خیانت کرنے شرح نووی میں لکھا ہے کہ ہٰذا الکَلَامُ لَا یَلِیْقُ مِنْ مِثْلِ الْعَبَّاسِ۔۔۔وَلَعَلَّہُ وَہْمُ الرَّاوِیْ۔ کہ یہ کلام حضرت عباسؓ کے شایان نہیں غالبًا راوی کا وہم ہے۔ والے کے درمیان فیصلہ کیجیے۔ان لوگوں نے کہا ہاں اے امیر المؤ منین! ان کے درمیان فیصلہ کیجئے اور انہیں آرام پہنچایئے۔ مالک بن اوس کہتے ہیں میرا خیال ہے وہ اسی لئے ان سے پہلے آئے تھے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا ٹھہرو میں تمہیں اس اللہ کی قسم دیتا ہوں جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے ہمارا ورثہ نہیں چلے گا جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے؟ انہوں نے کہا ہاں پھر آپ عباس ؓاور علی ؓکی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا میں تم دونوں کو اس اللہ کی قسم دیتا ہوں جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں ۔ کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے ہمارا ورثہ نہیں چلے گا اور جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے؟ ان دونوں نے کہا ہاں۔ حضرت عمرؓنے فرمایا اللہ عزّوجل نے اپنے رسول ﷺ کے لئے ایک بات خاص کی تھی جو آپؐ کے علاوہ کسی کے لئے مختص نہیں ہے ۔ آپؓ نے فرمایا جو مالِ فئے اللہ تعالیٰ نے اہل قریٰ میں سے اپنے رسول ؐ کو دیا ہے وہ اللہ اور رسول ؐ کے لئے ہے۔ (راوی کہتے ہیں )میں نہیں جانتا کہ آپ ؓنے اس سے پہلے کی آیت پڑھی یا نہیں۔ آپؓ نے فرمایا رسول اللہ ﷺنے بنو نضیر کے اموال تمہارے درمیان تقسیم فرما دئیے۔ اللہ کی قسم آپؐ نے اپنے آپ کو تم لوگوںپر ترجیح نہیں دی اور نہ تمہیں چھوڑ کر وہ (مال ) خود لیا یہانتک کہ یہ مال باقی رہ گیا ۔ رسول اللہ ﷺ اس سے ایک سال کا خرچ لیتے تھے پھر جو بچ جاتا وہ اسلامی اموال کے طرز پر رکھتے ۔ پھر فرمایا میں تمہیں اس اللہ کی قسم دیتا ہوں جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں کیا تم یہ جانتے ہو؟ انہوں نے کہا ہاں ! پھر عباس ؓ اور علیؓ کو بھی ویسے ہی قسم دی جیسے ان لوگوں کودی تھی کیا تم یہ جانتے ہو؟ ان دونوں نے کہاہاں ! آپ ؓنے فرمایا جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا میں رسول اللہ ﷺ کا ولی ہوں تو تم دونوں آئے ۔ تم اپنے بھتیجے کا اور یہ اپنی بیوی کے لئے اس کے والد کی میراث طلب کرنے آئے ۔حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے ہمارا کوئی وارث نہیں ہوگا جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہوتا ہے ۔تم نے انہیں جھوٹا ، گناہ گار ، دھوکہ دینے والا ، خائن ٹھہرایا٭ اور اللہ جانتا ہے کہ وہ راست باز نیک ہدایت یافتہ حق کی پیروی کرنے والے تھے ۔ پھر ابوبکرؓوفات پاگئے اور میں رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا ولی ہوں تو تم نے مجھے جھوٹا گناہگار ، دھوکہ دینے والا ، خائن سمجھا اور اللہ جانتا ہے کہ میں راستباز، نیک، ہدایت یافتہ اور حق کی پیروی کرنے والا ہوں۔ میں اس (مال )کا بھی ولی رہاپھر تم اور یہ میرے پاس آئے تم دونوں اکٹھے تھے اور تمہارا معاملہ ایک تھا۔ تم دونوں نے کہا وہ (مال) ہمیں دے دیں۔ میں نے کہا اگر تم یہی چاہتے ہو تو میں تم سے اللہ تعالیٰ کا یہ عہد لے کر کہ تم دونوں اس مال کے معاملہ میں وہی کرو گے جو رسول اللہ ﷺ کیا کرتے تھے ۔ تمہارے سپرد کرتا ہوں۔ تم دونوں نے یہ (مال) لے لیا ۔آپؓ نے پوچھا کیا معاملہ اسی طرح ہی ہے؟ ان دونوں نے کہا ہاں۔ آپؓ نے فرمایا (اب) پھر تم دونوں میرے پاس آئے ہو کہ میں تم دونوںکے درمیان فیصلہ کروں، نہیں اللہ کی قسم میں اس کے علاوہ تمہارے درمیان قیامت تک کوئی اورفیصلہ نہیں کروں گا۔ اگر تم دونوں یہ نہیں کرسکتے تووہ (مال) مجھے واپس کردو۔ ایک اور روایت میں( اَنَّ مَالِکَ بْنَ اَوْسٍ حَدَّثَہُ کی بجائے ) عَنْ مَالکِ بْنِ اَوْسِ بْنِ الْحَدْثَان کے الفاظ ہیںاور( اِنَّہُ قَدْ دَفَّ اَہْلُ اَبْیَاتٍ مِنْ قَوْمِکَ کی بجائے ) اِنَّہُ قَدْ حَضَرَ اَہْلُ اَبْیَاتٍ مِنْ قَوْمِکَکے الفاظ ہیں۔ اور اس کے علاوہ یہ بھی ہے کہ فَکَانَ یُنْفِقُ عَلَی أَہْلِہِ مِنْہُ سَنَۃً کہ آپؐ ایک سال اپنے اہل پر اس میں خرچ فرماتے اور بعض اوقات راوی معمرنے (یَاخُذُ مِنْہُ نَفَقَۃَ سَنَۃٍ ثُمَّ یَجْعَلُ مَا بَقِیَ أُسْوَۃَ الْمَالِ کی بجائے)یہ بھی کہا یَحْبِسُ قُوْتَ اَہْلِہِ مِنْہُ سَنَۃً ثُمَّ یَجْعَلُ مَا بَقِیَ مِنْہُ مَجْعَلَ مَالِ اللّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ کے الفاظ ہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ کہتی ہیں جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے تو نبی ﷺ کی ازواج نے حضرت عثمانؓ بن عفان کو حضرت ابو بکرؓ کے پاس نبی ﷺ کی میراث سے حصہ طلب کرنے کے لئے بھیجنے کا ارادہ کیا ۔حضرت عائشہؓ نے ان سے کہا کیا رسول اللہ ﷺنے نہیں فرمایا تھاکہ ہمارا کوئی وارث نہیں ہوگا جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے ۔
عروہ بن زبیر بیان کرتے ہیں کہ حضرت عائشہ ؓ نے انہیں بتایاکہ حضرت فاطمہ بنت رسول ﷺ نے حضرت ابو بکر صدیق ؓ سے رسول اللہ ﷺ کی طرف سے اپنی میراث طلب کرنے کے لئے پیغام بھیجاکہ انہیں رسول اللہ ﷺ سے اس میراث میں جو اللہ نے آپؐ فئے کے طور پر مدینہ اور فدک میں دی تھی اور جو خیبر کے خمس سے باقی بچ گیا تھا۔ حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے ہما را کوئی وارث نہیں ہوگا۔ جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے ۔ محمد ﷺ کی آل اس مال میں سے کھائے گی اور (حضرت ابو بکرؓ)نے فرمایا میں اللہ کی قسم رسول اللہ ﷺ کے صدقہ کو اس حال سے ذرہ بھی تبدیل نہیں کروں گا جس حال میں وہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تھا اور میں اس بارہ میں وہی عمل کروں گا جو رسول اللہ ﷺ عمل فرماتے تھے پس حضرت ابو بکرؓ نے کچھ بھی حضرت فاطمہ ؓ کو دینے سے انکار کر دیا۔حضرت فاطمہؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے اس وجہ سے ناراضگی محسوس کی۔راوی کہتے ہیں وہ آپؓ سے ناراض رہیںاور انہوں نے آپؓ سے بات نہ کی یہانتک کہ وفات پاگئیں اور وہ رسول اللہ ﷺ کے بعد چھ ماہ زندہ رہیں ۔ جب وہ فوت ہوئیں تو ان کے خاوند حضرت علیؓ بن ابی طالب نے انہیں رات کے وقت دفن کیا اور حضرت ابو بکرؓ کو اس کی اطلاع نہ کی اور حضرت علیؓ نے ان کی نماز(جنازہ) پڑھی۔ حضرت فاطمہؓ کی زندگی میں لوگوں کی توجہ حضرت علیؓ کی جانب تھی جب وہ وفات پاگئیں تو حضرت علیؓ لوگوں کے نزدیک اجنبی ہوگئے انہوں نے حضرت ابو بکرؓ سے مصالحت اور بیعت کا موقعہ تلاش کیا اور انہوں نے ان مہینوں میں بیعت نہیں کی تھی ۔ انہوں نے حضرت ابو بکرؓ کو بلا بھیجا کہ آپ میرے پاس آئیں اور آپ کے ساتھ اور کوئی نہ آئے ۔وہ حضرت عمر ؓ بن خطاب کے آنے کو پسند نہیں کرتے تھے ۔ حضرت عمرؓ نے حضرت ابو بکرؓ سے کہا اللہ کی قسم! آپ ان کے پاس اکیلے نہ جائیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا وہ میرے ساتھ کیا کریں گے اللہ کی قسم !میں تو ان کے پاس جاؤں گا۔ پھر حضرت ابو بکرؓ ان کے پاس گئے۔ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے تشہد پڑھا پھر کہا اے ابو بکر ؓ !ہم نے آپ کی فضیلت اور جو (مقام) اللہ نے آپ کو عطا فرمایا ہے اسے ہم نے پہچانا ہے اور جوخیر اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا فرمائی ہے ہم اس پر حسد نہیں کرتے لیکن آپ نے یہ کام اکیلے اپنے طور پر کر لیا ہے اور ہم سمجھتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ سے قرابت کی وجہ سے ہمارا کوئی حق ہے٭۔ وہ حضرت ابوبکرؓ سے گفتگو کرتے رہے یہانتک کہ حضرت ابو بکرؓ کی آنکھیں ڈبڈبا آئیں۔ پھر جب حضرت ابو بکرؓ نے کلام کیا تو آپ ؓ نے فرمایا اس کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے رسول اللہ ﷺ کی قرابت مجھے اپنی قرابت سے زیادہ محبوب ہے اور وہ اختلاف رائے جو میرے اور تمہارے درمیان ان اموال کے بارہ میں پیدا ہؤا تو اس معاملہ میں میں نے حق کی ادائیگی میں کوئی کمی نہیں کی اور میں نے کوئی بات جسے میں نے رسول اللہ ﷺ کو کرتے دیکھا تھا ترک نہیں کیا بلکہ میں نے ویسے ہی کیا۔حضرت علیؓ نے حضرت ابو بکرؓ سے کہا بیعت کے لئے شام کا وعدہ ہے۔ جب حضرت ابو بکرؓ نے ظہر کی نماز پڑھائی تو مِنبر پر چڑھے۔ آپؓ نے تشہد پڑھا اور علیؓ کا معاملہ اور ان کے بیعت سے پیچھے رہ جانے اور ان کے اس عذر کو جو انہوں نے پیش کیا تھا بیان کیا۔ پھر آپؓ نے استغفار کیا اور حضرت علیؓ بن ابی طالب نے تشہد پڑھا اور حضرت ابوبکرؓ کے حق کی عظمت بیان کی اور یہ کہ ان کا حضرت ابو بکرؓ کی بیعت نہ کرنا کسی حسد اور اس فضیلت سے انکار کی وجہ سے نہ تھا جو اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو دیہے۔ لیکن ہم سمجھتے تھے کہ معا ملہ میں مشورہ لئے بغیر انفرادی طور پر فیصلہ کر دیا گیا ہے تو ہم نے اپنے دل میں کچھ محسوس کیا۔ مسلمان اس بات سے خوش ہوگئے اور انہوں نے کہا آپؓ نے درست بات کہی اور جب انہوں نے امر معروف اختیار کیا تو لوگ حضرت علیؓ سے تعلق رکھنے لگے۔ ایک اور روایت میں ہے حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ حضرت فاطمہؓ اور حضرت عباس ؓ ، حضرت ابوبکرؓ کے پاس رسول اللہ ﷺ کی میراث مانگنے آئے اوراس وقت وہ دونوں فدک میں آپؐ کی زمین اور خیبر میں آپؐ کا حصہ طلب کر رہے تھے ۔ ان دونوں کو حضرت ابو بکر صدیق ؓ نے فرمایا میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ باقی روایت سابقہ روایت کی طرح ہے مگر اس میں یہ بھی ہے کہ ’’پھر حضرت علیؓ کھڑے ہوئے اور حضرت ابوبکرؓ کے حق کی عظمت بیان کی اور آپؓ کی فضیلت اور مسابقت کاذکر کیا۔پھر حضرت ابو بکرؓ کی طرف گئے اور آپؓ کی بیعت کی تو لوگ حضرت علیؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا اَصَبْتَ َواَحْسَنْتکہ آپ نے درست کیا اور خوب کیا اور لوگ حضرت علیؓ کے قریب ہوئے جب وہ امر معروف کے قریب ہوئے ۔
عروہ بن زبیر بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ کی زوجہ مطہر ہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت فاطمہؓ بنت رسول ﷺ نے رسول اللہ ﷺ کی وفات کے بعد حضرت ابو بکرؓ سے رسول اللہ ﷺ کے ترکہ میں سے ان کے لئے وہ میراث تقسیم کریں جو اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو بطور فئے عطا فرمایا تھا ان سے حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے ہمارا کوئی وارث نہیں ہوگا اور جو ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے۔ راوی کہتے ہیں وہ رسول اللہ ﷺ کے بعد چھ ماہ زندہ رہیں۔حضرت فاطمہؓ حضرت ابو بکرؓ سے اس میں سے جو رسول اللہ ﷺ نے خیبر اور فدک اور مدینہ کے صدقہ میں سے چھوڑا اپنا حصہ مانگتی تھیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے ان سے اس کا انکار کیا اور فرمایا میں اس میں سے کچھ بھی چھوڑنے والا نہیں جو رسول اللہ ﷺ اس میںکیا کرتے تھے۔ میں بھی اس میں وہی کروں گا میں ڈرتا ہوں کہ اگر میں اس معاملہ میں کچھ چھوڑوں تو کہیں کج نہ ہوجاؤں جہاںتک آپؐ کے مدینہ والے صدقہ کا تعلق ہے تو وہ حضرت عمر ؓ نے حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کے سپرد کر دیئے تھے اور حضرت علیؓ ان پر اس صدقہ میں غالب آگئے اور خیبر اور فدک کو حضرت عمر ؓ نے اپنے انتظام میں رکھا اور فرمایا یہ دونوں رسول اللہ ﷺ کے صدقات تھے۔یہ دونوں آپؐ کے ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے اور آپؐ کی وقتًا فوقتًاپیش آنے والی ضروریات کے لئے تھے اور اب ان دونوں کا معاملہ اس کے سپرد ہے جو صاحبِ امر ہے ۔ راوی کہتے ہیں پس یہ دونوں آج تک اسی طرح ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میرے وارث ایک دینار بھی تقسیم نہیں کریں گے ۔مَیں اپنی بیویوں کے خرچ اور اپنے کارکن کی اجرت کے بعدجو چھوڑ جاؤں وہ صدقہ ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مالِ غنیمت میں سے دو حصے گھوڑے اور ایک حصہ آدمی کے لئے تقسیم فرمایا۔ ایک اور روایت میںفِی النَّفَلِ کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت عبداللہ بن عباسؓ کہتے ہیں کہ حضرت عمر بن خطابؓ نے مجھ سے بیان کیا بدر والے دن رسول اللہ ﷺ نے مشرکوں کو دیکھا وہ ایک ہزار تھے اور آپ ؐکے صحابہؓ تین سو اُنیس تھے ۔اللہ کے نبی ﷺ نے قبلہ کی طرف منہ کیا پھر اپنے دونوں ہاتھ پھیلائے اور اپنے رب کوبلند آواز سے پکارتے رہے اے ا للہ! جو تو نے میرے ساتھ وعدہ کیا ہے پورا فرما اے اللہ! جو تونے مجھ سے وعدہ کیا ہے وہ مجھے عطا فرما۔اے اللہ! اگر تو نے مسلمانوں کا یہ گروہ ہلاک کردیا تو زمین پر تیری عبادت نہیں کی جائے گی ۔ قبلہ کی طرف منہ کئے دونوں ہاتھ پھیلائے آپؐ مسلسل اپنے رب کو بلند آواز سے پکارتے رہے یہانتک کہ آپؐ کی چادر آپؐ کے کندھے سے گر گئی۔ حضرت ابو بکرؓ آپ کے پاس آئے اور آپ کی چادراٹھائی اور آپؐکے کندھوںپر ڈال دی پھر آپؓ رسول اللہ ﷺ کو پیچھے سے چمٹ گئے اور عرض کیا اے اللہ کے نبیؐ! آپؐ کی اپنے رب کے حضور الحاح سے بھری ہوئی دعا آپؐ کے لئے کافی ہے۔وہ آپؐ سے کئے گئے وعدے ضرور پورے فرمائے گا ۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی (یاد کرو ) جب تم اپنے رب سے فریاد کر رہے تھے اس نے تمہاری التجا کو قبول کر لیا (اس وعدہ کے ساتھ) کہ میں ضرور ایک ہزار قطار در قطار فرشتوں سے تمہاری مدد کروں گا ۔پس اللہ نے ملائکہ کے ذریعہ آپؐ کی مدد فرمائی۔ راوی کہتے ہیں کہ مجھے حضرت ابن عباسؓ نے بتایا کہ اس اثناء میں کہ اس دن مسلمانوں میں سے ایک آدمی مشرکوںکے ایک آدمی کے پیچھے دوڑ رہا تھا اور وہ (مشرک) اس کے آگے تھاکہ اس نے اوپر سے کوڑا لگنے کی اور گھوڑسوار کی آواز سنی ۔ وہ کہہ رہا تھا حیزوم آگے بڑھو! اس نے اپنے آگے مشرک کی طرف دیکھا۔ وہ (مشرک)پشت کے بل گرا۔ اس نے اس کو دیکھا تو اس کی ناک پر زخم تھا اور اس کا چہرہ کوڑے کی مار سے پھٹا ہوا تھا اور اس وجہ سے اس پر نیل پڑ گیا تھا۔وہ انصاری آیا اور اس نے یہ بات رسول اللہ ﷺ کو بتائی۔ آپؐ نے فرمایا تو نے درست کہا۔ یہ تیسرے آسمان سے (اترنے والی) مدد تھی۔ انہوں نے اس دن ستّر کو قتل کیا اور ستّر کو قید ی بنایا۔راوی کہتے ہیں حضرت ابن عباسؓ نے کہا جب انہوں نے قیدیوں کوپکڑا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ سے فرمایا ان قیدیوں کے بارہ میں تمہاری کیا رائے ہے ؟ حضرت ابو بکرؓ نے عرض کیا اے اللہ کے نبیؐ! وہ ہمارے چچا زاد اور رشتہ دار ہیں ۔ میرا خیال ہے آپؐ اُن سے فدیہ لے لیں۔ وہ ہمارے لئے ان کفار کے مقابلہ میں قوت کا باعث ہوگا۔اور قریب ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی اسلام کی طرف رہنمائی فرمائے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے ابن خطاب! تمہاری کیا رائے ہے؟ میں نے کہا نہیں،یا رسولؐ اللہ! اللہ کی قسم میری وہ رائے نہیں ہے جو ابو بکرؓ کی رائے ہے۔بلکہ میری رائے یہ ہے کہ آپ انہیں ہمارے سپرد کر دیں۔ ہم ان کی گردنیں مار دیںاور علیؓ کے سپرد عقیل کریں کہ وہ اس کی گردن مارے اور میرے سپرد فلاں کو کریں جو نسبًاحضرت عمرؓ کا رشتہ دار تھا تو میں اس کی گردن مار دوں کیونکہ یہ سب کفار کے لیڈر اور ان کے سردار ہیں رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابو بکرؓ کی بات کو ترجیح دی ۔جب اگلا دن ہوا تو میں آیا اور میری بات کو ترجیح نہ دی، اگلے دن میں آیا تو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابو بکرؓ بیٹھے رو رہے تھے۔ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! مجھے بتائیے! کس چیز نے آپؐ کو اور آپؐ کے ساتھی کو رُلایا ہے؟اگر مجھے رونا آیا تو میں بھی روؤں گا وگرنہ میں آپ دونوں کے رونے کی طرح رونے کی صورت بناؤں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایامیرے رونے کی وجہ یہ ہے جو تمہارے ساتھیوں نے میرے سامنے ان سے فدیہ لینے کی تجویز پیش کی تھی ۔ میرے سامنے ان کا عذاب اس درخت سے زیادہ قریب پیش کیا گیا ہے _ جو درخت اللہ کے نبی ﷺ کے قریب ہی تھا_ اور اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔ ترجمہ: کسی نبی کے لئے جائز نہیں کہ زمین میں خونریز جنگ کے بغیر قیدی بنائے۔ آیت کے اس حصہ تک ’’پس جو مالِ غنیمت تم حاصل کرو، اس میں سے حلال اور پاکیزہ کھاؤ۔‘‘ پس اللہ نے اُن کے لئے غنیمتیں جائز کردیں۔