بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 7 of 167 hadith
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت بریرہؓ نے نبیﷺ کو گوشت کا تحفہ دیا جو اسے بطور صدقہ دیا گیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا وہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کے پاس جب کھانا لایا جاتا تو آپؐ اس کے بارہ میں پوچھتے۔ اگر کہا جاتا کہ تحفہ ہے تو اس میں سے کھالیتے اور اگر کہا جا تا کہ صدقہ ہے تو اس میں سے نہ کھا تے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کو گائے کا گوشت پیش کیا گیا اور عرض کیا گیا کہ یہ وہ ہے جو بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا تھا۔ آپؐ نے فرمایاوہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے تحفہ ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ بریرہؓ کے ذریعہ تین مسئلے(حل) ہوئے۔ لوگ اسے صدقہ دیتے تھے اور وہ ہمیں تحفہ دیتی تھی۔ میں نے نبیﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا وہ اس کے لئے صدقہ ہے اور تمہارے لئے تحفہ ہے تم اسے کھا سکتے ہو۔ ایک اور روایت میں حضرت عائشہؓ سے مروی ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ وہ ہمارے لئے اس کی طرف سے ہدیہ ہے۔
حضرت امّ عطیہؓ کہتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے صدقہ میں سے ایک بکری مجھے بھجوائی اور میں نے اس میں سے کچھ (گوشت) حضرت عائشہؓ کو بھجوا دیا۔ جب رسول اللہﷺ حضرت عائشہؓ کے ہاں تشریف لے گئے تو فرمایا کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ انہوں نے کہا نہیں سوائے اس کے کہ نُسیبہ نے ہماری طرف اس بکری میں سے کچھ بھیجا ہے جو آپؐ نے اس کی طرف (بطور صدقہ) بھجوائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا وہ (صدقہ) اپنے مقام پر پہنچ چکا۔
حضرت عبد اللہؓ بن ابی اوفیٰ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ کے پاس جب کچھ لوگ اپنا صدقہ لے کر آتے تو آپؐ دعا کر تے اے اللہ! اِن پر رحمتیں نازل فرما۔ میرے والد حضرت ابو اوفیٰؓ اپنا صدقہ آپؐ کے پاس لائے توآپؐ نے فرمایا اے اللہ! ابو اوفیٰ کی آل پر رحمتیں بھیج۔ ایک اور روایت میں (اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی آلِ اَبِی اَوْفٰی کے بجائے) صَلِّ عَلَیْہِمْ کے الفاظ ہیں۔
حضرت جریر بن عبداللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تمہارے پاس زکوٰۃ وصول کرنے والا آئے تو وہ تم سے اس حال میں جائے کہ وہ تم سے راضی ہو۔