بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 167 hadith
حضرت میمونہؓ بنت حارث سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہﷺ کے عہد مبارک میں ایک لڑکی آزاد کی پھر اس کا ذکر رسول اللہﷺ سے کیا تو آپؐ نے فرمایا اگر تم اسے اپنے مامؤوں کو دے دیتیں تو تمہیں زیادہ اجر ہوتا۔
حضرت اسماءؓ سے روایت ہے وہ کہتی ہیں میں نے عرض کیا یارسولؐ اللہ! میری والدہ میرے پاس آئی ہیں اور وہ راغب ہیں یا(کہا) ڈری ہوئی ہیں۔ کیا میں ان سے حسن سلوک کروں؟آپؐ نے فرمایا ہاں۔
حضرت عبد اللہؓ کی بیوی حضرت زینبؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اے عورتوں کے گروہ! صدقہ کیا کرو اگرچہ اپنے زیور میں سے ہی ہو۔ وہ کہتی ہیں میں عبد اللہ کے پاس آئی اور کہا تم تنگدست ہو اور رسول اللہﷺ نے ہمیں صدقہ کا حکم دیا ہے تم رسول اللہﷺ سے پوچھ لو اگر وہ (تمہیں دینے سے) میری طرف سے ادا ہو جاتا ہے تو ٹھیک ورنہ تمہارے علاوہ کسی اور کو دوں۔ وہ کہتی ہیں عبداللہ نے مجھے کہا تم ہی جاؤ۔ وہ کہتی ہیں میں گئی تو دیکھا کہ انصاری عورت رسول اللہﷺ کے دروازہ پر کھڑی ہے اور اس کی ضرورت بھی وہی تھی جو میری تھی اور رسول اللہﷺ کو رعب عطا کیا گیا تھا۔ وہ کہتی ہیں حضرت بلالؓ ہمارے پاس آئے ہم نے انہیں کہا کہ رسول اللہﷺ کے پاس جاؤ اور بتاؤ کہ دو عورتیں دروازہ پرہیں جو آپؐ سے پوچھتی ہیں کہ ان کی طرف سے ان کے خاوندوں اور ان یتیموں کو جو ان کے گھروں میں ہیں، دینے سے صدقہ ہو جائے گا اور آپؐ کو یہ نہ بتاناکہ ہم کون ہیں وہ کہتی ہیں حضرت بلالؓ رسول اللہﷺ کے پاس گئے اور آپؐ سے دریافت کیا تورسول اللہﷺ نے انہیں فرمایاوہ دونوں عورتیں کون ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ ایک عورت انصار میں سے ہے اور دوسری زینبؓ ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کو نسی زینبؓ؟ انہوں نے عرض کیا عبداللہ کی بیوی۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا ان دونوں کے لئے دو اجر ہیں قرابت کااجر اور صدقہ کااجر۔ حضرت عبد اللہ ؓ کی بیوی حضرت زینبؓ سے ایک اور روایت میں ہے کہ میں مسجد میں تھی کہ مجھے نبیﷺ نے دیکھا اور فرمایا صدقہ دو خواہ اپنے زیور سے۔
حضرت ام سلمہؓ سے روایت ہے وہ کہتی ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میں ابو سلمہ کے بیٹوں پر خرچ کروں تو کیا مجھے ثواب ملے گا؟ میں انہیں اس طرح تو نہیں چھوڑ سکتی کیونکہ وہ میرے بھی تو بیٹے ہیں آپؐ نے فرمایا ہاں جو تم ان پر خرچ کرتی ہو تمہیں اس کا اجر ملے گا۔
حضرت ابو مسعود بدریؓ سے روایت ہے نبیﷺ نے فرمایاکہ جب کوئی مسلمان اپنے گھر والوں پر کوئی خرچ کرتا ہے اور وہ اس سے اللہ کی رضا کی امید رکھتا ہے تو وہ اس کی طرف سے صدقہ ہے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبیﷺ کی خدمت میں حاضرہوا اور عرض کیا یارسولؐ اللہ! میری والدہ اچانک فوت ہوگئی ہیں اور انہوں نے کوئی وصیت نہیں کی۔ لیکن میرا خیال ہے کہ اگر انہیں بات کرنے کا موقعہ ملتا تو ضرور صدقہ کرتیں کیا اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو انہیں ثواب ہوگا؟آپؐ نے فرمایا ہاں۔
حضرت حذیفہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا ہرنیکی صدقہ ہے۔
حضرت ابوذرؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کے بعض صحابہؓ نے نبیﷺ کی خدمت میں عرض کیا یارسولؐ اللہ! مالدار لوگ سب اجر لے گئے وہ نماز پڑھتے ہیں جیسا کہ ہم نما ز پڑھتے ہیں اور وہ روزے رکھتے ہیں جیسا کہ ہم روزے رکھتے ہیں اور وہ اپنے زائد اموال میں سے صدقہ کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا کیا اللہ نے تمہارے لئے وہ چیز نہیں بنائی جو تم صدقہ کرو یقینا ہر تسبیح صدقہ ہے۔ ہر تکبیر صدقہ ہے اور ہر تحمید صدقہ ہے اور ہر تہلیل٭ صدقہ ہے اور نیکی کا حکم دینا صدقہ ہے اور بدی سے روکنا صدقہ ہے اور تمہارا اپنی بیوی سے تعلق قائم کرنا بھی صدقہ ہے انہوں نے عرض کیا یارسولؐ اللہ! ہم میں سے اگر کوئی اپنی خواہش پوری کرتا ہے تو اس میں بھی اس کے لئے اجر ہے؟ آپؐ نے فرمایا تمہارا کیا خیال ہے اگر اپنی خواہش حرام جگہ پوری کرتا تو کیا اس پر بوجھ نہ ہوتا؟ اسی طرح جب وہ اسے جائز طریقہ سے کرتا ہے تو اس کے لئے اجر ہے۔
عبد اللہ بن فرّوخ نے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ آدم کی اولاد میں سے ہر انسان کی تخلیق میں تین سو ساٹھ جوڑ ہیں پس جس شخص نے اللہ اکبر کہا اور الحمد للہ کہااور لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہا اور سبحان اللہ کہا اور اللہ سے مغفرت چاہی اور لوگوں کے راستہ سے پتھر ہٹایا، کانٹا یاہڈی لوگوں کے راستہ سے ہٹائی یا نیکی کا حکم د یا یابرائی سے روکا۔ ان360جوڑوں کی تعدادکے مطابق۔ وہ اس دن چلے گا اور اس نے اپنی جان کو آگ سے دور کر دیا۔ ابو توبہ کہتے ہیں راوی یُمْسِی(شام کرے گا) کے الفاظ کہتے تھے۔ ایک دوسری روایت میں اَمَرَ بِمَعْرُوْفٍ کے بجائے اَمَرَ بِالْمَعْرُوْفِ کے الفاظ ہیں اور فَاِنَّہُ یَمْشِی یَوْمَئِذٍ کے الفاظ ہیں۔