بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 168 hadith
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ وفات کے وقت رسول اللہﷺ کی عمر تریسٹھ برس تھی۔ حضرت ابو بکرؓ کی عمرتریسٹھ برس تھی اور حضرت عمرؓ کی عمر بھی تریسٹھ برس تھی۔
عمرو سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے عروہ سے پوچھا کہ نبیﷺ مکہ میں کتنا عرصہ رہے؟ انہوں نے کہا دس (سال)وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں تیرہ۔
عمرو سے روایت ہے میں نے عروہ سے پوچھا کہ نبیﷺ مکہ میں کتنا عرصہ رہے؟ انہوں نے کہا دس۔ میں نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ دس سے چند سال اوپر۔ (عمرو)نے کہایہ سن کر انہوں نے ابن عباسؓ کے لئے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ یہ بات انہوں نے شاعر کے قول سے اخذکی ہے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ مکہ میں تیرہ (سال) رہے اور آپؐ کی وفات ہوئی تو آپؐ تریسٹھ برس کے تھے
حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مکہ میں تیرہ برس قیام فرمایا اور آپؐ پر وحی ہوتی تھی اور مدینہ میں دس برس۔ آپؐ فوت ہوئے جبکہ آپؐ تریسٹھ برس کے تھے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ کی وفات ہوئی اور آپؐ تریسٹھ برس کے تھے۔
ابو اسحاق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں حضرت عبداللہ بن عتبہؓ کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ لوگوں نے رسول اللہﷺ کی عمر کا ذکر کیا۔ ایک شخص نے کہا حضرت ابو بکرؓ رسول اللہﷺ سے عمر میں زیادہ تھے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا کہ رسول اللہﷺ کی وفات ہوئی تو اس وقت آپؐ تریسٹھ برس کے تھے اور حضرت ابو بکرؓ کی وفات ہوئی اور آپؓ تریسٹھ برس کے تھے اور حضرت عمرؓ کو شہید کیا گیا تو وہ بھی تریسٹھ برس کے تھے۔ راوی کہتے ہیں لوگوں میں سے ایک آدمی نے جسے عامر بن سعد کہا جاتا تھا کہا کہ ہمیں جریر نے بتایا ہم امیر معاویہؓ کے پاس بیٹھے تھے کہ لوگوں نے رسول اللہﷺ کی عمر کا ذکر کیا۔ اس پر امیر معاویہؓ نے کہا کہ رسول اللہﷺ کی وفات تریسٹھ برس کی عمر میں ہوئی اور حضرت ابو بکرؓ کی وفات بھی تریسٹھ برس کی عمر میں ہوئی اور حضرت عمرؓ کو بھی تریسٹھ برس کی عمر میں شہید کیا گیا۔
حضرت جریرؓ سے روایت ہے انہوں نے امیر معاویہ ؓ کو خطاب کرتے ہوئے سنا انہوں نے کہا رسول اللہﷺ کی وفات تریسٹھ برس کی عمر میں ہوئی۔ اسی طرح حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ کی وفات بھی تریسٹھ برس میں ہوئی اور میں تریسٹھ کا ہوں۔
بنی ہاشم کے آزد کردہ غلام عمار سے روایت ہے کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا کہ جس روزرسول اللہﷺ فوت ہوئے آپؐ کی عمر کتنی تھی؟ انہوں نے کہا میرا خیال نہیں تھا کہ تم جیسا شخص آپؐ کی قوم سے ہوکر بھی اس بارہ میں نہیں جانتا ہوگا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا میں نے لوگوں سے اس بارہ میں پوچھا تو انہوں نے مجھے مختلف جواب دئیے۔ اس لئے میں نے چاہا کہ اس بارہ میں آپ کی رائے معلوم کروں۔ انہوں نے کہا کیا تم گنتی جانتے ہو؟وہ کہتے ہیں میں نے کہا ہاں۔ انہوں نے کہا چالیس (کا عدد)یاد رکھو جب آپؐ کی بعثت ہوئی اور پندرہ سال مکہ میں خوف وامن کی حالت میں رہے اور دس مدینہ کی طرف ہجرت کے۔
حضرت ابن عباسؓ نے ہمیں بتایا کہ رسول اللہﷺ کی وفات پینسٹھ برس کی عمر میں ہوئی۔