حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا اے عائشہؓ ! جس گھر میں کھجور نہیں اس گھر والے بھوکے ہیں۔ اے عائشہؓ ! جس گھر میں کھجور نہیں اس گھر والے بھوکے ہیں یا فرمایا بھوکے رہے۔ آپؐ نے یہ دو یا تین مرتبہ فرمایا۔
عامر بن سعد بن ؓ ابی وقاص اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص ان دو لاوا کے میدانوں کے درمیان صبح کو سات کھجوریں کھائے تو شام تک اسے کوئی زہر ضرر نہیں پہنچائے گا۔
بِهَذَا الإِسْنَادِ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مِثْلَهُ وَلاَ يَقُولاَنِ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم .
عامر بن سعد بنؓ ابی وقاص کہتے ہیں میں نے سعدؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جس نے صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھائیں اسے اس دن کوئی زہر یا جادو نقصان نہیں پہنچائے گا۔
حضرت سعیدؓ بن زید بن عمرو بن نفیل سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ کھمبی اس مَنّ میں سے ہے جو اللہ تبارک تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر اتارا تھا اور اس کا پانی آنکھ کے لئے شفا ہے۔
حضرت سعیدؓ بن زید سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کھمبی اس مَنّ میں سے ہے جو اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام پر اتارا تھا اور اس کا پانی آنکھ کے لئے شفا ہے۔