بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 319 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ منافق کی تین علامتیں ہیں۔ جب بات کرتا ہے جھوٹ بولتا ہے۔ جب وعدہ کرتا ہے وعدہ خلافی کرتا ہے۔ جب اس کے پاس امانت رکھی جاتی ہے تو خیانت کرتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ منافق کی تین علامتیں ہیں۔ جب بات کرتا ہے جھوٹ بولتا ہے۔ جب وعدہ کرتا ہے وعدہ خلافی کرتا ہے۔ جب اس کے پاس امانت رکھی جاتی ہے تو خیانت کرتا ہے۔ یحیٰ بن محمد بن قیس ابو زبیر کہتے ہیں کہ میں نے علاء بن عبدالرحمان کو اسی اسناد سے یہ حدیث بیان کرتے ہوئے سنا۔ انہوں نے کہا کہ منافق کی تین علامات ہیں اور خواہ وہ روزہ رکھے اور نماز پڑھے اور خیال کرے کہ وہ مسلمان ہے۔ علاء کی روایت میں ذکر ہے کہ خواہ وہ روزہ رکھے اور نماز پڑھے اور سمجھے کہ وہ مسلمان ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی شخص اپنے بھائی کو کافر کہتا ہے۔ تو ان دونوں میں سے ایک (کفر) لے کر لوٹتا ہے۔
عبد اللہ بن دینار سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت ابن عمرؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جس شخص نے اپنے بھائی سے کہا اے کافر! تو ان دونوں میں سے ایک کفر لے کر لوٹے گا۔ اگر تو وہ ایسا ہی ہے جیسا اس نے کہا تو ٹھیک ہے ورنہ وہ کفر اس (کہنے والے) پر لوٹ جائے گا۔
حضرت ابو ذرؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جس شخص نے جانتے ہوئے کسی کو اپنے باپ کے علاوہ کسی اور کی طرف منسوب کیا تو اس نے کفر کیا اور جس نے اس چیز کا دعویٰ کیا جو اس کی نہیں تو وہ ہم میں سے نہیں۔ وہ اپنا ٹھکانہ آگ میں بنا لے۔ اور جس نے کسی شخص کو کافر کہا یا کہا اے اللہ کے دشمن! اور وہ ویسا نہیں ہے تو وہ اسی (کہنے والے) پر لوٹ آئے گا۔
عراک بن مالک سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اپنے آباء سے بے رغبتی نہ کرو جس نے اپنے باپ سے بے رغبتی کی وہ کافر ہے۔
ابو عثمانؓ سے روایت ہے کہ جب زیاد کو (کسی کی طرف) منسوب کیا گیا تو میں حضرت ابو بکرہؓ سے ملا اور میں نے ان سے کہا یہ تم لوگوں نے کیا کیا؟ میں نے حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ میں نے اپنے دونوں کانوں سے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جس نے اسلام میں اپنے باپ کے علاوہ جانتے بوجھتے کسی اور کو اپنا باپ بنانے کا دعوٰی کیا جبکہ وہ اس کا باپ نہیں ہے تو اس پر جنّت حرام ہے۔ اس پر حضرت ابو بکرہؓ نے کہا کہ میں نے یہ بات رسول اللہ ﷺ سے سنی ہے۔
حضرت سعدؓ اور حضرت ابو بکرہؓ کہتے ہیں کہ میرے دونوں کانوں نے یہ بات محمد ﷺ سے سنی اور میرے دل نے اسے محفوظ کر لیا۔ آپؐ نے فرمایا جس نے یہ بات جاننے کے باوجود کہ یہ اس کا باپ نہیں ہے۔ اپنے آپ کو اس کی طرف منسوب کیا تو اس پر جنّت حرام ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مسلمان کا گالی دینا فسق ہے اور اس کا لڑائی کرنا کفر ہے۔ زُبَید کہتے ہیں مَیں نے ابو وائل سے پوچھا کہ کیا آپ نے یہ بات حضرت عبد اللہؓ سے سنی ہے کہ وہ رسول اللہﷺ سے یہ روایت کرتے تھے؟ انہوں نے کہا ہاں۔
حضرت جریرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے مجھ سے حجۃ الوداع کے موقعہ پر فرمایا لوگوں کو خاموش کراؤ۔ پھر آپؐ نے فرمایا: میرے بعد کافر نہ ہو جانا کہ ایک دوسرے کی گردنیں مارنے لگ جاؤ۔