بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 209 hadith
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تمہاری سحری کے بارہ میں تمہیں بلالؓ کی اذان غلط فہمی میں نہ ڈالے اور نہ ہی افق کی اس طرح لمبی (عمودی) سفیدی یہاں تک کہ وہ اس طرح پھیل جائے اور حماد نے اپنے ہاتھ پھیلا کر اسے بیان کیا یعنی چوڑائی کے رُخ۔
سوادہ کہتے ہیں میں نے حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کو خطبہ دیتے ہوئے سنا وہ بیان کر رہے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا تمہیں بلالؓ کی اذان اور یہ سفیدی غلط فہمی پیدا نہ کرے۔ راوی نے حَتَّی یَبْدُو الْفَجْرُ یا یَنْفَجِرَ الْفَجْرُ کے الفاظ کہے تھے۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو۔ کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے۔
حضرت عمرو بن العاصؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہمارے روزے اور اہل کتاب کے روزے میں فرق سحری کھانا ہے۔
حضرت انسؓ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا ہم نے رسول اللہﷺ کے ساتھ سحری کھائی۔ پھر ہم نماز کے لئے کھڑے ہوئے۔ میں نے کہا ان دونوں کے درمیان کتنا وقفہ تھا؟ انہوں نے کہا پچاس آیات (کی تلاوت کے برابر)۔
حضرت سھل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس وقت تک لوگ بھلائی میں رہیں گے جب تک افطار میں جلدی کریں گے۔
ابو عطیہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں اور مسروق حضرت عائشہؓ کے پاس گئے اور ہم نے کہا اے ام المومنین! حضرت محمدﷺ کے صحابہؓ میں دو آدمی ہیں ان میں سے ایک جلدی افطار کرتے اور جلدی نماز پڑھتے ہیں اور دوسرے دیر سے افطار کرتے اور دیر سے نماز پڑھتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے پوچھا ان دونوں میں سے کون جلدی افطار کرتا ہے اور جلدی نماز پڑھتا ہے؟ راوی کہتے ہیں ہم نے کہا حضرت عبداللہ یعنی ابن مسعودؓ۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا رسول اللہﷺ بھی ایسا (ہی) کرتے تھے۔ ابو کریب نے مزید یہ کہا اور دوسرے حضرت ابو موسیؓ تھے۔
ابو عطیہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں اور مسروق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئے اور مسروق نے ان سے کہا محمدﷺ کے اصحاب میں دو آدمی ہیں وہ دونوں نیکی میں کوئی کمی نہیں کرتے۔ ان میں سے ایک نماز مغرب جلدی پڑھتے ہیں اور افطار (بھی) جلدی کرتے ہیں اور دوسرے نماز مغرب دیر سے پڑھتے ہیں اور افطار بھی دیر سے کرتے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کون مغرب اور افطار میں جلدی کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا حضرت عبداللہؓ۔ تو حضرت عائشہؓ نے فرمایا رسول اللہﷺ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب رات آجائے اور دن چلا جائے اور سورج غروب ہو جائے تو روزہ دار روزہ کھول دیتا ہے۔ ابن نمیر نے ’’فَقَدْ‘‘ کے لفظ کا ذکر نہیں کیا۔
حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم رمضان کے مہینہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک سفر پر تھے۔ جب سورج غروب ہوا تو آپؐ نے فرمایا اے فلاں! اترو اور ہمارے لئے ستو گھولو۔ اس نے عرض کیا ابھی دن ہے۔ آپؐ نے فرمایا اترو اور ستو گھولو۔ راوی کہتے ہیں وہ اترا اور اس نے ستو گھولے۔ پھر وہ اسے آپؐ کے پاس لایا تو نبی ﷺ نے نوش فرمایا پھر اپنے ہاتھ (سے اشارہ کرتے ہوئے) فرمایا جب اِدھر سے سورج ڈوب جائے اور اُدھر سے رات آجائے تو روزہ دار افطار کر دیتا ہے۔