بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 209 hadith
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے خوب کھول دیئے جاتے ہیں اور آگ کے دروازے اچھی طرح بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیطان جکڑ دئیے جاتے ہیں۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب رمضان آتا ہے تو رحمت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیطانوں کو زنجیریں ڈال دی جاتی ہیں۔ ایک اور روایت میں (اِذَا کَانَ رَمَضَانُ کی بجائے) اِذَا دَخَلَ رَمَضَانُ کے الفاظ ہیں یعنی جب رمضان داخل ہو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے رمضان کا ذکر کیا اور فرمایا تم روزے نہ رکھو یہاں تک نیا چاند دیکھ لو اور تم روزے رکھنے نہ چھوڑو یہاں تک کہ (نیا) چاند دیکھ لو اور اگر وہ بادل وغیرہ کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو اس کا اندازہ کر لیا کرو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے رمضان کا ذکر کیا۔ پھر آپؐ نے اپنے دونوں ہاتھوں سے اشارہ کیا اور فرمایا مہینہ اس طرح، اس طرح اور اس طرح ہوتا ہے۔ تیسری دفعہ آپؐ نے اپنے ایک انگوٹھے کو بند کر لیا (اور فرمایا) پس تم اس (چاند) کو دیکھ کر روزے رکھو اور اس کو دیکھ کر ہی روزے رکھنے چھوڑو۔ اگر بادل وغیرہ کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو تیس دن کا اندازہ کر لو۔ ایک اور روایت میں (فَاِنْ اُغمِیَ عَلَیْکُمْ فَاقْدُرُوْا لَہُ ثَلَاثِیْن کی بجائے) فَاِنْ غُمَّ عَلَیْکُمْ فَاقْدُرُوْا ثَلَاثِیْنَ کے الفاظ ہیں یعنی اگر بادل وغیرہ کی وجہ سے (چاند) نظر نہ آئے تو تیس کا حساب کر لو۔ ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے رمضان کا ذکر کیا اور فرمایا مہینہ انتیس دن کا ہوتا ہے۔ مہینہ اس طرح، اس طرح اور اس طرح ہے اور آپؐ نے فرمایا اس کا اندازہ کر لو اور تیس (کا لفظ) نہیں فرمایا۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مہینہ صرف انتیس دن کا بھی ہوتا ہے۔ پس تم روزے نہ رکھو یہاں تک کہ تم اسے (چاند) دیکھ لو اور نہ تم روزے رکھنے چھوڑو یہاں تک کہ اسے (چاند) دیکھ لو اور اگر بادل وغیرہ کی وجہ سے یہ (چاند) تمہیں نظر نہ آئے تو اس کے لئے اندازہ کر لو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مہینہ انتیس کا بھی ہوتا ہے۔ پس جب تم نیا چاند دیکھو تو روزے رکھنے شروع کرو اور جب تم اسے دیکھو تو روزے چھوڑ دو اور اگر تمہیں بادل وغیرہ کی وجہ سے نظر نہ آئے تو اس کا اندازہ کر لو۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا جب تم اس (چاند) کو دیکھو تو روزے رکھنے شروع کرو اور جب تم اس (چاند) کو دیکھو تو روزے رکھنے چھوڑ دو۔ اگر وہ بادل وغیرہ کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو اس کا اندازہ کر لو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مہینہ انتیس رات کا (بھی) ہوتا ہے۔ تم روزے رکھنے (شروع) نہ کرو یہاں تک کہ اس (چاند) کو دیکھ لو اور تم روزے رکھنے نہ چھوڑو یہاں تک کہ اس (چاند) کو دیکھ لو سوائے اس کے کہ وہ بادل وغیرہ کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے۔ پس اگر وہ تمہیں نظر نہ آئے تو اس کا اندازہ کر لو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا (آپؐ نے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کے اشارہ سے بتایا کہ) مہینہ اس طرح اور اس طرح اور اس طرح ہوتا ہے۔ اور تیسری مرتبہ آپؐ نے اپنے انگوٹھے کو بند کیا۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا مہینہ انتیس کا (بھی) ہوتا ہے۔