بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 112 hadith
حضرت عروہ بن مغیرہؓ اپنے والدؓ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں ایک رات رسول اللہﷺ کے ساتھ سفر میں تھا آپؐ نے مجھے فرمایا کیا تمہارے پاس پانی ہے؟ میں نے عرض کیا جی ہاں۔ آپؐ اپنی سواری سے نیچے اترے اور چل پڑے یہاں تک کہ آپؐ رات کی تاریکی میں اوجھل ہوگئے۔ پھر آپؐ واپس تشریف لائے تو میں نے چھاگل سے آپؐ کے لئے پانی ڈالا، پھر آپؐ نے اپنا چہرہ دھویا۔ آپؐ نے اُون کا جبہّ پہنا ہوا تھا۔ آپؐ اپنے بازو اس سے باہر نہیں نکال سکے چنانچہ آپؐ نے انہیں جبّہ کے نیچے سے باہر نکالا اور بازو دھوئے اور سر کا مسح کیا۔ پھر میں آپؐ کے موزے اتارنے کے لئے جھکا تو آپؐ نے فرمایا انہیں رہنے دو کیونکہ میں نے جب ان کو (موزوں میں) داخل کیا تو دونوں (پاؤں) پاک تھے۔ آپؐ نے ان پر مسح کیا۔
حضرت عروہ بن مغیرہؓ اپنے والدؓ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے نبی ﷺ کو وضوء کرایا۔ آپؐ نے وضوء کیا اور اپنے موزوں پر مسح کیا اور انہوں (مغیرہ) نے پوچھا آپؐ نے فرمایا میں نے جب انہیں پہنا تھا تو (دونوں پاؤں) پاک تھے۔
حضرت عروہ بن مغیرہؓ بن شعبہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ایک (سفر میں) پیچھے تھے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ پیچھے تھا۔ جب آپؐ قضاء حاجت سے فارغ ہوئے تو فرمایا کیا تمہارے پاس پانی ہے؟ چنانچہ میں آپؐ کے پاس وضوء کے پانی کا برتن لایا تو آپؐ نے اپنے دونوں ہاتھ اور اپنا چہرہ دھویا۔ پھر اپنے بازو باہر نکالنے لگے تو جبہ کی آستین تنگ تھی اس لئے آپؐ نے اپنا ہاتھ جبہّ کے نیچے سے نکالا اور جبہّ اپنے کندھوں پر ڈال دیا اور اپنے بازو دھوئے اور اپنی پیشانی، عمامہ اور موزوں پر مسح کیا پھر آپؐ سوار ہوئے اور میں بھی سوار ہوا اور ہم لوگوں کے پاس پہنچ گئے اور وہ نماز پڑھ رہے تھے اور حضرت عبد الرحمان بن عوفؓ انہیں نماز پڑھا رہے تھے اور انہیں ایک رکعت پڑھا چکے تھے جب انہوں نے نبیﷺ (کی آمد) کو محسوس کیا تو پیچھے ہٹنے لگے لیکن آپؐ نے ان کی طرف اشارہ فرمایا تو وہ انہیں نماز پڑھاتے رہے۔ جب انہوں نے سلام پھیرا تو نبیﷺ کھڑے ہوئے اور میں بھی کھڑا ہوگیا اور وہ رکعت ادا کی جو ہم سے رہ گئی تھی۔
حضرت ابن مغیرہؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے موزوں اور اپنے سر کے اگلے حصہ اور اپنے عمامہ پر مسح کیا۔
حضرت ابن مغیرہؓ بن شعبہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں اور بکر نے کہا کہ میں نے ابن مغیرہ سے سنا کہ نبیﷺ نے وضوء کیا پھر اپنی پیشانی، عمامہ اور موزوں پر مسح کیا۔
حضرت بلالؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے موزوں اور (سر کی) چادر پر مسح کیا۔
شریح بن ہانی کہتے ہیں کہ میں موزوں پر مسح کرنے کے بارہ میں پوچھنے کے لئے حضرت عائشہؓ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا کہ تمہیں چاہئے کہ ابوطالب کے بیٹے (حضرت علیؓ) سے ملو اور پوچھو کیونکہ وہ رسول اللہﷺ کے ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ پھر ہم نے اُنؓ سے پوچھا، انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ نے مسافر کے لئے تین دن اور ان کی راتیں مدت مقرر فرمائی ہے اور مقیم کے لئے ایک دن اور ایک رات۔ شریح بن ہانی کہتے ہیں کہ میں نے موزوں پر مسح کرنے کے بارہ میں حضرت عائشہؓ سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ تم علیؓ کے پاس جاؤ کیونکہ وہ اس بارہ میں مجھ سے زیادہ جانتے ہیں۔ چنانچہ میں حضرت علیؓ کے پاس گیا تو انہوں نے نبیﷺ سے ایسی ہی روایت بیان کی ہے۔
سلمان بن بریدہ اپنے والدؓ سے روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فتح مکہ کے دن ایک ہی وضوء سے نمازیں ادا کیں اور اپنے موزوں پر مسح بھی فرمایا۔ حضرت عمرؓ نے آپؐ کی خدمت میں عرض کیا یا رسول اللہ! آپؐ نے آج ایسا فعل کیا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہ کیا تھا؟ آپؐ نے فرمایا کہ اے عمر! میں نے عمداً ایسا کیا ہے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی نیند سے بیدار ہو تو برتن میں اپنا ہاتھ نہ ڈالے یہان تک کہ اسے تین دفعہ دھو لے کیونکہ اسے علم نہیں کہ رات بھر اس کا ہاتھ کہاں رہا۔
حضرت جابرؓ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بتایا کہ نبیﷺ نے فرمایا تم میں سے جب کوئی بیدار ہو تو ہاتھ پر تین دفعہ پانی ڈالے قبل اس کے کہ وہ اپنا ہاتھ برتن میں داخل کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ اس کے ہاتھ نے کیسے رات بسر کی۔ کئی راویوں نے نبیﷺ کی یہ روایت حضرت ابوہریرہؓ سے سنی ہے۔ سب کہتے ہیں کہ (برتن میں ہاتھ نہ ڈالے) یہانتک کہ اسے تین دفعہ نہ دھولے سوائے ان راویوں کے جن کا ذکر ہم پہلے کر چکے ہیں کسی نے تین بار دھونے کا ذکر نہیں کیا۔