بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 163 hadith
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک شخص تھا جو لوگوں کو قرض دیا کرتا تھا اور اپنے خدام سے کہا کرتا تھا کہ جب تم کسی شخص کو تنگدست پائو تو اس سے درگذر کرو۔ شاید اللہ ہم سے بھی درگذر کرے۔ آ پؐ نے فرمایا: چنانچہ وہ اللہ سے ملا تو اس نے (اسی نیکی کی وجہ سے) اس سے درگذر کردیا۔
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہَیر سے روایت کی کہ منصور نے ہمیں بتایا کہ رِبعی بن حراش سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت ابومسعود عقبہ (بن عمرو انصاریؓ)نے ہم سے بیان کیا، کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگوں نے جو پہلے انبیاء کی باتوں میں سے روایتاً بات یاد رکھی، ان میں سے ایک یہ ہے کہ جب تو شرم نہ کرے تو پھر جو تو چاہے کر۔
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رِبعی بن حراش سے سنا۔ وہ حضرت ابومسعودؓ سے روایت کرتے تھے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگوں نے جو پہلے انبیاء کے کلام سے یاد رکھا ہے، اس میں سے یہ بھی ہے کہ جب تو شرم نہ کرے تو پھر جو تو چاہے کر۔
اور سات دنوں میں ایک دن ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اپنا سر اور جسم دھوئے۔
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے حُمَید بن عبدالرحمن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓنے نبیﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک شخص بہت گناہ کیا کرتا تھا۔ جب موت کا وقت اس پر آیا تو اس نے اپنے بیٹوں سے کہا: جب میں مرجائوں تو مجھے جلا ڈالنا، پھر مجھے پیسنا اور ہوا میں بکھیر دینا۔ اللہ کی قسم! اگر میرے اللہ نے مجھ پر قابو پا لیا تو وہ مجھے ضرور ایسی سزا دے گا کہ اس نے کسی کو بھی نہ دی ہوگی۔ جب وہ مر گیا تو اس سے ایسا ہی کیا گیا۔ اللہ نے زمین کو حکم دیا اور فرمایا: جو ذرات اس کے تم میں ہیں ان کو اکٹھا کرو۔ زمین نے وہ سب ذرات اکٹھے کردئیے اور کیا دیکھا کہ وہ کھڑا ہے۔ اللہ نے فرمایا: جو تم نے کیا ہے اس پر کس بات نے آمادہ کیا؟ وہ بولا: اے میرے رب! تیرے ڈر نے ہی۔ اللہ نے اس پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگذر فرمایا۔ اور حضرت ابوہریرہؓ کے سوا اَوروں نے یوں کہا: تیرے خوف نے اے میرے ربّ ایسا کرنے پر آمادہ کیا۔
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتا یا۔ یونس نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے۔ (کہ انہوں نے کہا:)سالم نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عمرؓ نے ان سے بیان کیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ایک شخص تکبرسے اپنے تہہ بند کو گھسیٹتے چلا آرہا تھا کہ اتنے میں وہ زمین میں دھنسا دیاگیا اور وہ قیامت کے دن تک زمین میں لڑکھڑاتا ہوا چلاجا رہا ہے۔ یونس کی طرح عبد الرحمن بن خالد نے بھی زُہری سے یہی روایت نقل کی۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہَیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: (عبداللہ) بن طائوس نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ہم سب سے آخر ہیں اور قیامت کے دن سب سے آگے ہوں گے۔ ہاں ہر ایک امت کو ہم سے پہلے کتاب دی گئی اور ہمیں ان کے بعد دی گئی۔ تو یہ (جمعہ کا دن) وہ دن ہے جس کے متعلق انہوں نے اختلاف کیا۔ کل کا دن یہود کا ہے اور کل کے بعد نصاریٰ کا۔
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عمروبن مرہ نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے سعید بن مسیب سے سنا۔انہوں نے کہا: حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ جب آخری دفعہ مدینہ میں آئے تو ہم سے مخاطب ہوئے اور بالوں کا ایک گچھا نکالا اور کہا: میں نہیں سمجھتا تھا کہ یہودیوں کے سو ا اور بھی ایسا کرتا ہوگا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا نام فریب رکھا ہے یعنی بالوں میں پیوند لگانے کا۔ آدم کی طرح غندر نے بھی شعبہ سے اس حدیث کو روایت کیا۔
احمد بن سعیدابوعبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (جریر بن حازم) سے، انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے عبداللہ بن سعید بن جبیر سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ اسماعیل ؑ کی ماں پر رحم کرے۔ اگر وہ جلدی نہ کرتیں تو زمزم ایک بہتا چشمہ ہوتا۔