بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 7 of 77 hadith
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: فطری باتیں پانچ ہیں۔ ختنہ کرانا اور زیر ناف بال صاف کرنا اور بغل کے بال صاف کرنا اور مونچھیں کاٹنا اور ناخن تراشنا۔
اور (عبداللہ) ابن ادریس (بن یزید) نے اپنے باپ سے نقل کیا ۔ انہوں نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی اور میرا ختنہ ہو چکا تھا۔
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق نے جو کہ سعید کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ اسحاق نے سعید (بن عمرو) سے، سعید نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے آپ کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں دیکھا جبکہ میں نے اپنے ہاتھ سے ایک گھر بنایا تھا جو مجھے بارش سے بچاتا اور دھوپ سے مجھ پر سایہ کرتا۔ اللہ کی مخلوق سے کسی نے بھی مجھے اس کے بنانے میں مدد نہیں دی۔
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے ہم سے بیان کیا۔انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: حضرت ابراہیمؑ نے اسّی سال کے بعد ختنہ کروایا تھا اور تیشے سے ختنہ کروایا تھا۔ (یہ لفظ قَدُوْم ہے دال کی) تخفیف سے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے روایت کی اور انہوں نے کہا: یہ لفظ قَدُّوْم ہے تشدید کے ساتھ اور یہ ایک جگہ ہے۔
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ عباد بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا گیا: آپؓ کس عمر کے تھے جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی؟ تو انہوں نے کہا: میں ان دنوں ختنہ شدہ تھا۔ (ابواسحاق نے) کہا: اور وہ آدمی کا ختنہ نہیں کیا کرتے تھے جب تک کہ وہ بالغ نہ ہوجاتا۔
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حمید بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی قسم کھائے اور اپنی قسم میں لات اور عزیٰ کا نام لے تو وہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کرے اور جس نے اپنے ساتھی سے کہا: آؤ میں تم سے جوا کھیلوں تو وہ صدقہ دے۔
(تشریح)علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) نے کہا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم جب سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی میں نے اینٹ پر اینٹ نہیں رکھی اور نہ ہی کھجور کا کوئی درخت لگایا۔ سفیان نے کہا: میں نے ان کے گھر والوں میں سے کسی سے اس کا ذکر کیا تو اس نے کہا: اللہ کی قسم انہوں نے گھر بنایا تھا۔ سفیان کہتے تھے: میں نے کہا: شاید انہوں نے گھر بنوانے سے پہلے کہا ہو۔
(تشریح)