بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 3 of 43 hadith
حجاج بن منہال نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: محمد بن زیاد نے مجھے بتایا۔ میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺسے روایت کرتے تھے: جب تم میں سے کسی ایک کے پاس اس کا خادم کھانا لے کر آئے تو اگر اس کو اپنے ساتھ نہ بٹھائے تو چاہیے کہ وہ اس کو ایک نوالہ یا دو نوالے یا فرمایا ایک لقمہ یا دو لقمے دیدے، کیونکہ اس نے اس کو اپنی نگرانی میں پکایا ہے۔ طرفہُ: ۵۴۶۰۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے (اپنے باپ) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور اس کو اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ امام بھی ایک پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کی رعیت کی بابت پُرسش ہوگی اور ہر مرد بھی اپنے گھر والوں کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کے اہل و عیال کے متعلق پُرسش ہوگی اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر کی پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کی رعیت (یعنی اہل و عیال) کی نسبت پُرسش ہوگی اور نوکر بھی اپنے آقا کے مال کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کی ذمہ داری کے متعلق پُرسش ہوگی۔ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) کہتے تھے: یہ (نام) تو میں نے نبی ﷺ سے سنے اور میرا خیال ہے نبی ﷺ نے یہ بھی فرمایا: اور مرد بھی اپنے باپ کے مال کا پاسبان ہے اور اپنی ذمہ داری کے متعلق اس سے بھی پُرسش ہوگی۔ اس لئے تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور تم میں سے ہر ایک کو اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔
(تشریح)محمد بن عبیداللہ نے مجھے بتایا۔ (عبداللہ) ابن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک بن انس نے مجھ سے بیان کیا۔ اور (ابن وہب نے) کہا: مجھے فلاں کے بیٹے (ابن سمعان) نے بھی بتایا کہ سعید مقبری سے روایت ہے۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ (دوسری سند) عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی سزا دے تو چاہیے کہ منہ پر مارنے سے اجتناب کرے۔
(تشریح)