بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 187 hadith
محمد بن مقاتل نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبردی کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے منصور (بن معتمر) سے،منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت ابن مسعود ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اللہ نے گودنے والیوں اور گدانے والیوں اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور خوبصورتی کے لئے دانتوں کو کشادہ کرنے والیوں کو جو اللہ کی پیدائش کو بدلتی ہیں اپنی رحمت سے دور کیا۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی قرار نہ دوں جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنتی قرار دیا اور یہ حکم کتاب اللہ میں بھی ہے۔
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عون بن ابی جحیفہ سے، عون نے کہا: میں نے اپنے باپ کو دیکھا ۔ انہوں نے کہا:نبی ﷺ نے خون (نکالنے) کی قیمت اور کتے کی قیمت لینے سے منع فرمایا اور آپؐ نے سود کھانے والے اور اس کے کھلانے والے اور گودنے والی اور گدوانے والی کو منع کیا۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمر ی) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) مجھے نافع نے خبر دی ۔انہوں نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بالوں میں پیوند لگانے والی اور لگوانے والی کو اور گودنے والی اور گدوانے والی کو لعنتی قرار دیا ہے۔
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان کو خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو لوگ ان مورتیوں کو بناتے ہیں قیامت کے دن ان کو سزا دی جائے گی۔ ان سے کہا جائے گا جو تم نے بنایا ان میں جان بھی ڈال دو۔
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی)نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے عمران بن حطان سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر میں کوئی چیز ایسی نہ چھوڑتے تھے جس میں صلیب کی تصویر ہو مگر اس کو توڑ ڈالتے۔
یحيٰ (بن موسیٰ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے،ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ نظر کا لگنا سچ ہے اور آپؐ نے گدوانے سے منع فرمایا۔ (محمد) بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) بن مہدی نے ہمیں بتایاکہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے کہا کہ میں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے منصور کی اس حدیث کا ذکر کیا جو انہوں نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ ؓ(بن مسعود) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اس کو ام یعقوب سے بھی منصور کی حدیث کی طرح ہی سنا ہے ۔ انہوں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔
زہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ (بن قعقاع) سے، عمارہ نے ابوزرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر ؓکے پاس ایک عورت کو لایا گیا جو گودتی تھی۔ وہ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: میں تم سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ کسی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے گودنے کے متعلق سناہے؟ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: (یہ سن کر) میں اٹھا اور میں نے کہا: امیر المؤمنینؓ ! میں نے سنا ہے۔ انہوں نے پوچھا: تم نے کیا سنا ہے؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: عورتو! نہ گودو، نہ گدواؤ۔
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں کو اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور دانتوں کو خوبصورتی کے لئے کشادہ کرنے والیوں کو جو اللہ کی پیدائش میں تبدیلی کرتی ہیں اپنی رحمت سے دور کیا ہے۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی قرار نہ دوں جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنتی قرار دیا جب کہ یہ حکم کتاب اللہ میں بھی ہے۔
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت ابوطلحہ (زید بن سہل) رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ملائکہ اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا ہو اور جس میں تصویریں ہوں۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: مجھے یونس (بن یزید) نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عبیداللہ نے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابوطلحہؓ سے سنا ۔ (حضرت ابوطلحہؓ نے کہا:) میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔
:(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے مسلم (بن صبیح ابوالضحیٰ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم یسار بن نمیر کے گھر میں مسروق (بن اجدع) کے ساتھ تھے تو انہوں نے اس کے برآمدے میں مورتیاں دیکھیں تو کہا: میں نے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اللہ کے نزدیک جن لوگوں کو قیامت کے دن سخت ترین سزا دی جائے گی وہ مورتیاں بنانے والے ہیں۔