بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 187 hadith
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا وہ لوگوں سے مخاطب ہو کر یہ کہہ رہے تھے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ اس کو آخرت میں نہیں پہنے گا۔
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبردی ۔ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن ابی شعثاء سےروایت کی کہ معاویہ بن سوید بن مقرن نے ہمیں بتایا۔ معاویہ نے حضرت (براء) بن عازبؓ سے روایت کی۔ حضرت براءؓ نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں لال ریشمی زین پوشوں اور قسی کے کپڑوں سے منع فرمایا۔
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں خبردی۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زبیرؓ اور عبدالرحمٰنؓ کو ریشم پہننے کی اجازت دی کیونکہ ان دونوں کو خارش کی بیماری تھی۔
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے بتایا کہ انہوں نے حضرت اُمّ کلثوم علیہا السلام کو جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی تھیں زرد دھاری دار ریشمی جوڑا پہنے ہوئے دیکھا۔
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوذبیان خلیفہ بن کعب سے روایت کی۔ ابوذبیان نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ آخرت میں اس کو نہیں پہنے گا اور ہم سے ابومعمر نے کہا کہ ہمیں عبدالوارث نے یزید (ضبعی) سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ معاذہ (بنت عبداللہ عدویہ) کہتی تھیں کہ مجھے امّ عمرو بنت عبداللہ (بن زبیر) نے بتایا کہ (وہ کہتی تھیں:) میں نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے سنا۔ انہوں نے حضرت عمرؓسے سنا ۔ حضرت عمرؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیاکہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عمران بن حطان سے روایت کی۔ا نہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے ریشمی کپڑے کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے ان سے پوچھا۔ وہ کہنے لگے: حضرت ابن عمرؓ سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا:مجھے ابو حفص یعنی حضرت عمر بن خطابؓ نے بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنیا میں ریشم صرف وہی پہنتا ہے جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ (عمران کہتے تھے:) میں نے (یہ حدیث سن کر) کہا: ابوحفصؓ نے سچ کہا۔ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جھوٹ نہیں کہا۔ اور عبداللہ بن رجاء نے کہا: ہمیں حرب نے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عمران (بن حطان) نے مجھ سے بیان کیا اور پھر انہوں نے بھی ساری حدیث نقل کی۔
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براء (بن عازب) ؓسے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک ریشمی کپڑا تحفہ دیا گیا تو ہم اس کو چھونے لگے اور اس سے تعجب کرنے لگے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم اس سے تعجب کرتے ہو ؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا:سعد بن معاذؓ کے رومال جنت میں اس سے کہیں بہتر ہیں ۔
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا:میں نے (عبداللہ) بن ابی نجیح سے سنا۔ عبداللہ نے مجاہد سے،مجاہد نے ابن ابی لیلیٰ سے، ابن ابی لیلیٰ نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سونے اور چاندی کے برتنوں میں پینے اور ان میں کھانے سے منع فرمایا۔ نیز حریر اور دیباج پہننے سے اور ان پر بیٹھنے سے منع فرمایا۔
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔نیز محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے عبدالملک بن میسرہ سے، عبدالملک نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا:نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ایک ریشمی جوڑا جس میں زرد دھاریاں تھیں پہننے کے لئے دیا۔ میں اس کو پہن کر نکلا تو میں نے آپؐ کے چہرے پر ناراضی دیکھی۔ پھر میں نے اس کو پھاڑ کر اپنی عورتوں میں تقسیم کر دیا۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا:جویریہ نے مجھ سے بیان کیا۔ جویریہ نے نافع سے، نافع نےحضرت عبداللہ بن عمر ؓسے روایت کی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایک زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بکتے دیکھا کہنے لگے: یا رسول اللہ ! اگر آپؐ اس کو خرید لیں جب وفود آپؐ کے پاس آئیں تو ان کے لئے اور جمعہ کے دن اسے پہنا کریں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے کوئی بھلائی نہیں اور یہ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بعد حضرت عمر ؓ کو زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بھیجا۔ حضرت عمر ؓنے کہا: آپؐ نے مجھے یہ پہننے کے لئے دیا ہے؟ حالانکہ میں آپؐ سے سن چکا ہوں کہ آپؐ اس کے متعلق وہ رائے رکھتے ہیں جو آپؐ بتلاچکے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے یہ تمہیں اس لئے بھیجا تھا کہ تم اسے بیچو یایہ (کسی کو) پہناؤ۔