بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 193 hadith
سعید بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن مبارک سے، ابن مبارک نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم اکثر یوں قسم کھایا کرتے تھے: اس کی قسم ہے جو دلوں کا پھیرنے والا ہے۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کے ننانوے یعنی ایک کم سونام ہیں۔ جس نے ان کو پورے طور پر سمجھ لیا جنت میں داخل ہوا۔ أَحْصَيْنَاهُ کے معنی ہیں ہم نے اس کو یادکیا۔
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کا نام لے کر اور اللہ اکبر کہتے ہوئے دو مینڈھے ذبح کئے۔
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ قربانی کے دن موجود تھے۔ آپؐ نے نماز پڑھی پھر لوگوں سے خطاب کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کر لیا ہو تو وہ اس ذبیحہ کے بدلہ اور ذبح کرلے اور جس نے ذبح نہ کیا ہو تو وہ اب اللہ کا نام لیکر ذبح کرلے۔
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنے بچھونے پر آئے تو اپنے کپڑے کے کونے سے اس کو تین بار جھاڑ لے اور یہ دعا کرے: تیرے نام سے اے میرے ربّ میں نے اپنے پہلو کو رکھا ہے اور تیرے ہی طفیل میں اس کو اُٹھاؤں گا اگر تو نے میری جان روک رکھی تو اس پر پردہ پوشی فرما کر اس سے درگزر فرمانا اور اگر تو نے اسے چھوڑ دیا تو پھر تو اس کو (اس رحمت کے طفیل) محفوظ رکھنا جس (رحمت) کے ذریعہ سے تو اپنے نیک بندوں کی حفاظت کرتا ہے۔ عبدالعزیز کی طرح یحيٰ (قطان) اور بشر بن مفضل نے بھی اس حدیث کو بیان کیا ہے۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور زہیر اور ابوضمرہ اور اسماعیل بن زکریا نے اپنی روایت میں کچھ بڑھایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔اور ابن عجلان نے بھی اس کو سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ (محمد بن عجلان کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور دراوردی اور اُسامہ بن حفص نے بھی اس کو بیان کیا۔
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ربعی بن حراش سے، حراش نے خرشہ بن حر سے، خرشہ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا:نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو لیٹتے تو دعا کرتے: تیرے نام پر ہی ہم مرتے ہیں اور جیتے ہیں اور جب جاگتے تو فرماتے: سب حمد اس اللہ ہی کی ہے جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اٹھ کر جانا ہے۔
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم سے،سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی جب اپنی بیوی کے پاس آنا چاہے تو یہ کہے: اللہ کے نام سے، اے میرے اللہ! ہمیں شیطان سے بچانااور شیطان کو اُس سے پرے رکھنا جو تو ہمیں عطا فرمائے۔ تو اگر دونوں کے تعلق سے کوئی بچہ مقدر ہوا تو شیطان اُس کو کبھی نقصان نہیں پہنچائے گا۔
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے ہمام سے، حمام نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا۔ میں نے کہا: میں اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑو اور اللہ کا نام لو پھر وہ تمہارے لئے کچھ پکڑ لیں تو کھاؤ اور جب تم بغیر پھل کے تیر کے کوئی شکار مارو اور وہ اس کو چیر کر پھاڑ دے تو وہ بھی کھاؤ۔
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوخالد احمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ہشام بن عروہ سے سنا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! کچھ ایسے لوگ ہیں جو شرک سے نئے نئے نکل کر آئے ہیں وہ ہمارے پاس گوشت لاتے ہیں ہم نہیں جانتے کہ وہ ان پر اللہ کا نام لیتے ہیں یا نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم اللہ کا نام لو۔ (ابو خالد کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور عبد العزیز بن محمد (دراوردی) اور اُسامہ بن حفص نے اس کو روایت کیا۔