بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 3 of 113 hadith
ہم سے (ابوشیبہ کے بیٹے) عثمان نے بیان کیا، کہا: جریر نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت حذیفہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو اٹھتے تو اپنے منہ کو مسواک سے اوپر نیچے مل کر صاف کرتے۔
(تشریح)اور عفان نے کہا: صحر بن جویریہ نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ایک دفعہ میں نے اپنے آپ کو (خواب میں) دیکھا کہ مسواک کر رہا ہوں۔ اتنے میں دو شخص آئے۔ ان میں سے ایک دوسرے سے بڑا تھا۔ جو اُن میں سے چھوٹا تھا اس کو میں نے مسواک دی تو مجھے کہا گیا کہ بڑے کو دو۔ میں نے ان میں سے بڑے کو دے دی۔ ابو عبداللہ (بخاری) نے کہا کہ نعیم نے یہ حدیث ابن مبارک سے مختصر بیان کی۔ (ابن مبارک نے) اسامہ سے، اسامہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے۔
(تشریح)ہم سے محمد بن مقاتل نے بیان کیا، کہا: عبد اللہ نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: سفیان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے براء بن عازب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم اپنے بستر پر آؤ تو تم اسی طرح وضو کرو جس طرح تم اپنی نماز کے لئے وضو کرتے ہو۔ پھر اپنے داہنے کروٹ پر لیٹو اور پھر یوں دعا کرو۔ اے اللہ! میں نے اپنے تئیں کلیہ تیرے حوالے کر دیا ہے اور اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا ہے اور تیرے آسرے پر اپنی پیٹھ رکھ دی ہے، امید رکھتے ہوئے، ڈرتے ہوئے۔ تیرے ہی حضور آنا ہے نہ کوئی جائے پناہ ہے اور نہ تجھ سے بچ کر کوئی بھاگنے کی صورت اور نہ نجات کی جگہ، مگر تیرے ہی پاس۔ اے اللہ! میں تیری اس کتاب پر جس کو تو نے اُتارا ہے اور تیرے اس نبی پر جس کو تو نے بھیجا ہے، ایمان لایا۔ پس اگر تم اس رات مر گئے تو تم فطرت پر ہی ہو گے اور یہ کلمات سب سے آخری بات ہو جو تم کہو۔ (حضرت براء کہتے تھے:) میں نے یہ کلمات نبی ﷺ کے پاس دہرائے۔ جب میں یہاں تک پہنچا: اے اللہ! میں تیری اس کتاب پر ایمان لایا جو تو نے اتاری ہے تو میں نے کہا: اور تیرے رسول پر۔ آپ نے فرمایا: نہیں (بلکہ یہ کہو) اور تیرے اس نبی پر جو تو نے بھیجا ہے۔
(تشریح)