بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 136 hadith
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن عبداللہ بن عبدالرحمن بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ زمانہ قریب ہے جبکہ آدمی کا بہترین مال بکریاں ہوں گی۔ جنہیں ساتھ لئے وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کی جگہوں پر اُن کے پیچھے پیچھے پھرے گا۔ وہ اپنے دین کو بچاتے ہوئے فتنوں سے بھاگے گا۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کفر کی چوٹی مشرق کی طرف ہے اور فخر اور تکبر گھوڑے والوں، اونٹوں والوں اور اُجڈ زمینداروں میں ہے اور طمانیت، سکون اور دھیما پن بکری والوں میں۔
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں خبردی۔ عبدالحمید بن جبیر بن شیبہ نے ہمیں بتایا۔ سعید بن مسیب سے روایت ہے کہ امّ شریک نے ان کو بتایا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے گرگٹوں کو مار ڈالنے کا حکم دیا ہے۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ(بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: قیس (بن ابی حازم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عقبہ بن عمرو ابی مسعودؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے یمن کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا: ایمان یمن کا ہے، اس طرف دیکھو۔ سن رکھو ہر طرح کی بے رحمی اور سنگدلی ان گنواروں میں ہے جو اونٹوں کی دموں کے نیچے زندگی بسرکرتے ہیں۔ وہاں جہاں سے شیطان کے سینگ نکلیں گے۔ یعنی ربیعہ اورمضر میں۔
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ رَوح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے ہمیں خبردی، کہا: عطاء نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب رات چھا جائے یا (فرمایا:) جب تمہیں شام ہو جائے تو تم اپنے بچوں کو (اِدھر اُدھر پھرنے سے) روک دو۔ کیونکہ شیطان اس وقت پھیل جاتے ہیں اور جب کچھ رات گزر جائے تو پھر انہیں جانے دو اور دروازے بند کرلیا کرو اور اللہ کا نام لو۔ کیونکہ شیطان بند دروازہ نہیں کھولتا۔ ابن جریج نے کہا: اور عمرو بن دینار نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے یہی سنا جو عطاء نے مجھے بتایا اور انہوں نے یہ بیان نہیں کیا: اور اللہ کا نام لو۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (حذائ) سے، خالد نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل کی ایک قوم گم ہوگئی۔ پتہ نہیں کہاں گئی اور میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ وہ چوہے ہی ہیں۔ اگر ان کے سامنے اونٹوں کا دودھ رکھا جائے تو اُسے نہ پئیں، اگر بکریوں کا دودھ رکھا جائے تو پی لیں۔ (حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے:) میں نے یہ حدیث حضرت کعبؓ سے بیان کی تو انہوں نے پوچھا: کیا تم نے خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ انہوں نے مجھ سے بار بار یہی پوچھا۔ میں نے کہا: اگر اُن سے نہیں تو کیا میں تورات پڑھنا جانتا ہوں؟
سعید بن عُفَیر نے ہمیں بتایا۔ ابن وہب سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ وہ بیان کرتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے گرگٹ کو چھوٹا فاسق قرار دیا ہے۔ اور میں نے آپؐ سے نہیں سنا کہ آپؐ نے اس کے مار ڈالنے کا حکم دیا ہو۔ اور حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کا خیال تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو مار ڈالنے کا حکم دیا ہے۔
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیاکہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دو دھاری والے سانپ کو مار ڈالو۔ کیونکہ وہ آنکھ پر ہی جھپٹا مارتا ہے اور حمل گرا دیتا ہے۔ ابواسامہ کی طرح٭ حماد بن سلمہ نے بھی یہی روایت کی۔