بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 6 of 136 hadith
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا، کہا: عتبہ بن مسلم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبیدبن حنین نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کسی کے پینے کی چیز میں جب مکھی گر پڑے تو چاہیے کہ وہ اسے ڈبو دے اور پھر اسے نکال ڈالے۔ کیونکہ اس کے پروں میں سے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتوں کو مار ڈالنے کا حکم دیا ۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ ہمام نے ہمیں بتایا کہ یحيٰسے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابوسلمہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے کتا رکھا، اس کے عمل سے ہر روز ایک قیراط کم ہوتا جائے گا۔ مگر کھیت یا مویشیوں کی نگہبانی کے لئے اگر کتا رکھا جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔
حسن بن صباح نے ہمیں بتایا کہ اسحاق ازرق نے ہم سے بیان کیا کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن اور ابن سیرین سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک کنچنی عورت بخش دی گئی۔ وہ کنویں کے کنارے پر ایک کتے کے پاس سے گزری تھی جو ہانپ رہا تھا۔ فرمایا: قریب تھا کہ پیاس اسے ہلاک کردے۔ اس (کنچنی) نے اپنا موزہ اُتارا اور اس کو اپنی اوڑھنی سے باندھ کر اس کے لئے پانی نکالا۔ اس وجہ سے اس کی مغفرت ہوئی۔
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث زُہری سے اس طرح یاد رکھی ہے (کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں) جس طرح (اس میں شک نہیں) کہ تم یہاں ہو۔ (انہوں نے کہا:) عبیداللہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہم سے، حضرت ابوطلحہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ملائکہ اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا اور مورت ہو۔
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہمیں بتایا، کہا: یزید بن خصیفہ نے مجھے بتایا۔ یزید نے کہا: حضرت سائب بن یزیدؓ نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت سفیان بن ابی زُہَیر شنیٔؓ سے سنا۔ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس نے ایسا کتا رکھا جو نہ کھیتی کی حفاظت کے کام آتا ہو اور نہ اونٹ بکریوں کی حفاظت کے، اس کے عمل سے ہر روز ایک قیراط کم ہوتا جائے گا۔ حضرت سائبؓ نے پوچھا: کیا آپؓ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سنا تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں اور اس قبلہ کے ربّ کی قسم ہے۔
(تشریح)