بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 266 hadith
حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کے بارے میں روایت ہے کہ ایک حج کے موقع پرامیر معاویہ ؓ آئے اور ان کے پاس حضرت سعد ؓگئے اور لوگوں نے حضرت علی ؓ کا ذکر کیا اورانہوں(معاویہؓ) نے ان (حضرت علیؓ) کے بارہ میں کچھ کہا۔حضرت سعدؓ ناراض ہوگئے اور کہنے لگے کہ تم یہ اس شخص کے بارے میں کہہ رہے ہو؟ جس کے بارہ میں مَیں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے ہوئے سنا ہے جس کا میں مولیٰ ہوں اس کا علی ؓ مولیٰ ہے اور میں نے آپ ؐ کو فرماتے ہوئے سنا کہ اے علی ؓ! تم مجھ سے ایسے ہو جیسے ہارون ؑ موسیٰ ؑ سے مگر یہ کہ میرے بعد نبی نہیں۔ میں نے آپؐ کو یہ بھی فرماتے ہوئے سنا کہ مَیں آج جھنڈا اس شخص کو دوں گا جواللہ اور اس کے رسول ﷺسے محبت رکھتا ہے۔
حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت ہے کہ حضرت زبیرؓ نے بیان کیا کہ احد کے دن رسول اللہ ﷺ نے میرے لئے اپنے ماں باپ کو جمع کر دیا ۔
حضرت جابرؓسے روایت ہے کہ حضرت طلحہ ؓ نبی ﷺ کے پاس سے گزرے تو حضور ؐ نے فرمایا کہ یہ شہید ہے جو زمین پر چل رہا ہے۔
موسیٰ بن طلحہ ؓ نے بیان کیا کہ ہم امیر معاویہؓ کے پاس تھے۔ انہوں نے کہا میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ طلحہ ؓ ان میں سے ہے جنہوں نے اپنے عہد کو پورا کردیا ۔
قیس نے بیان کیا کہ میں نے حضرت طلحہ ؓ کا ہاتھ دیکھا، جو شل تھا۔ جس کو انہوں نے اُحد کے دن رسول اللہ ﷺ کے لئے ڈھال بنایا۔
حضرت جابرؓ نے بیان کیاکہ رسول اللہ ﷺ نے قُریظہ کے دن فرمایا(اس) قوم کی خبر ہمارے پاس کون لائے گا؟ حضرت زبیرؓ نے عرض کیامَیں۔ آپؐ نے (دوبارہ ) فرمایا (اس) قوم کی خبر ہمارے پاس کون لائے گا؟ حضرت زبیرؓ نے عرض کیا مَیں۔ (ایسا)تین مرتبہ(ہوا)۔ پھر نبی ﷺنے فرمایا ہر نبی کا حواری ہوتا ہے اور میرا حواری زبیرؓ ہے ۔
ہشام بن عروہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا اے عروہؓ ! تمہارے دو بزرگ حضرت ابو بکرؓ اور حضرت زبیرؓ اُن لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے اللہ اور رسول ﷺ کے حکم پر اپنے زخمی ہونے کے بعد بھی لبیک کہا۔٭
امیر معاویہ بن ابی سفیانؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت طلحہ ؓ کی طرف دیکھا اور فرمایا یہ ان لوگوں میں سے ہے جنہوں نے اپنے عہد کو پورا کردیا ٭۔یہ اشارہ اس آیت کی طرف ہے مِنْہُمْ مَنْ قَضٰی نَحْبَہُ وَمِنْہُمْ مَنْ یَّنْتَظِرُ (الاحزاب:24 ) کہ ان میں سے کچھ لوگوں نے اپنی جاں نثاری کا عہد پورا کردیا اور کچھ ایسے ہیں جو انتظار میں ہیں۔
حضرت سعد بن ابی وقاص ؓبیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے اُحد کے دن میرے لئے اپنے والدین کو جمع کیا اور فرمایاسعدؓ ! تیر چلاؤ تم پر میرے ماں باپ فدا ہوں ۔