بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 266 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس کا میں تمہیں حکم دوں، اسے لے لو، اور جس سے میں تمہیں منع کروں اُس سے رُک جاؤ۔
حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تک میں تمہیں چھوڑے رکھوں تم بھی مجھے کچھ نہ کہو، کیونکہ تم سے پہلے لوگ (نامناسب) سوال کرنے اور اپنے انبیاء سے اختلاف کرنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ پس جب میں تمہیں کسی چیز کا حکم دوں تو اپنی استطاعت کے مطابق اُس پر عمل کرو، اور جب میں تم کو کسی چیز سے منع کروں تو رک جاؤ۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے میری اطاعت کی اُس نے اللہ کی اطاعت کی، اور جس نے میری نافرمانی کی، اُس نے اللہ عزّوجل کی نافرمانی کی۔
ابو جعفر بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ جب رسول اللہ ﷺ سے کوئی حدیث سنتے تو نہ اُس پر کوئی زیادتی کرتے اور نہ اس میں کوئی کمی کرتے۔
حضرت ابو درداء ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے ، اور ہم فقر کا ذکر کر رہے تھے اور اس سے ڈر کا اظہار کر رہے تھے۔ آپ ؐ نے فرمایا کیا تم فقر سے ڈرتے ہو ، اُس کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ضرور تم پر دنیا خوب اُنڈیلی جائے گی ، یہاں تک کہ تم میں سے کسی کے دل کو ٹیڑھا نہیں کرے گی مگر وہی۔ خدا کی قسم میں نے تمہیں ایسی سفید (زمین جیسی شریعت) پر چھوڑا ہے جس (زمین) کے دن رات (روشنی میں) برابر ہیں۔ حضرت ابو درداء ؓ نے کہا خدا کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے سچ فرمایا۔ بخدا آپؐ ہمیں ایک ایسی سفید (زمین) میں چھوڑ گئے جس کے دن اور رات برابر ہیں۔
حضرت قُرۃ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میری امت میں سے ایک جماعت ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے (مظفر و) منصور رہے گی، جو بھی اُسے بے یارو مددگار چھوڑے گا وہ اُنہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا یہاں تک کہ وہ گھڑی آجائے گی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میری امت میں سے ایک جماعت ہمیشہ اللہ کے حکم پر مضبوطی سے قائم رہے گی جو اس کی مخالفت کرے گا وہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔
حضرت ابو عِنَبَہ خولانی ؓ ( اور یہ وہ ہیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ دونوں قبلوں کی جانب نماز پڑھی تھی ) نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ اللہ تعالیٰ اس دین میں پودے لگاتا چلا جائے گا ان سے وہ اپنی اطاعت میں کام لیتا رہے گا۔
عمرو بن شعیب اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ امیر معاویہؓ تقریر کے لئے کھڑے ہوئے اور کہا تمہارے علماء کہاں ہیں؟ تمہارے علماء کہاں ہیں؟ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ وہ گھڑی برپا ہونے تک میری امت میں سے ایک جماعت لوگوں پر غالب رہے گی، ان کو ان کی پرواہ نہیں ہوگی جنہوں نے اُن کی مدد نہ کی اور نہ ان کی جنہوں نے اُن کی مدد کی۔
حضرت ثوبانؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میری امت میں سے ایک جماعت ہمیشہ حق پر ہو گی ، وہ (مظفر و) منصور ہوں گے اور جس نے ان کی مخالفت کی وہ ان کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا یہاں تک کہ اللہ عز و جل کا حکم آجائے۔