بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 39 hadith
حضرت رافع بن خدیجؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں مغرب کی نماز پڑھا کرتے تھے اور جب ہم میں سے کوئی فارغ ہو کر جاتا تو وہ اپنے تیروں کے گرنے کی جگہ دیکھ سکتا تھا۔
حضرت سلمہ بن اکوع ؓ سے روایت ہے کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ مغرب کی نماز پڑھا کرتے تھے، جب (سورج) پردہ میں چھپ جاتا۔
حضرت عباسؓ بن عبدالمطلب نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا میری امت ہمیشہ فطرت پر قائم رہے گی، جب تک نمازِ مغرب کی ادائیگی میں اتنی تاخیر نہیں کرتی کہ ستارے بکثرت نظر آنے لگیں۔ ابو عبد اللہ بن ما جہ کہتے ہیں کہ میں نے محمد بن یحیٰ کو کہتے ہوئے سنا کہ لوگوں کو بغداد میں اس روایت کے بارہ میں اضطراب ہوا تو میں اور ابو بکر الاعین، عوام بن عباد بن عوام کے پاس گئے تو وہ اپنے باپ کے اصل (کاغذات) لائے تو یہ روایت ان میں تھی۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر یہ بات نہ ہو کہ میں اپنی امت کو مشقت میں ڈال دوں گا تو میں انہیں نماز عشاء میں تاخیر کا حکم دیتا۔
حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر یہ بات نہ ہو کہ میں اپنی امت کو مشقت میں ڈال دوں گا تو میں عشاء کی نماز ایک تہائی رات یا نصف رات تک مؤخر کر دیتا۔
حُمید نے بیان کیا حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا گیا کہ کیا نبی ﷺ نے انگوٹھی پہنی؟ انہوں نے جواب دیا، ہاں، ایک رات عشاء کی نماز میں حضورؐ نے نصف رات تک تاخیر فرمائی اور جب نماز ادا کر چکے تو آپؐ نے اپنا رُخ انور ہماری طرف کیا اور فرمایا لوگوں نے نماز پڑھی اور سو گئے۔ تم اس وقت تک نماز میں ہی رہو گے۔ جب تک نماز کا انتظار کرتے رہو گے۔ حضرت انسؓ نے کہا کہ گویا میں آپؐ کی انگوٹھی کی چمک دیکھ رہا ہوں۔
حضرت ابو سعید ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں نماز مغرب پڑھائی پھر آپؐ باہر تشریف نہ لائے یہاں تک کہ آدھی رات گزر گئی۔ پھر آپؐ باہر تشریف لائے اور لوگوں کو عشاء کی نماز پڑھائی۔ پھر فرمایا لوگوں نے نماز پڑھی اور سو گئے اور تم جب تک نماز کا انتظار کرتے رہے، نماز میں ہی رہے۔ اگر کمزور اور بیمار (کا خیال) نہ ہوتا تو مجھے یہ پسند تھا کہ اس نماز کو آدھی رات تک مؤخر کر دیتا۔
حضرت بریدۃ اسلمی ؓ نے بیان کیا کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں تھے۔ حضور ﷺ نے فرمایا بادل کے دن نماز کی ادائیگی میں جلدی کرو۔ جس کی نماز عصر رہ گئی اس کا عمل ضائع ہو گیا۔
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ سے اُس شخص کے بارے میں سوال کیا گیا جو نماز پڑھنا بھول جاتا ہے یا سویا رہتا ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا وہ نماز پڑھ لے جب اسے یاد آئے۔
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ جو نماز پڑھنا بھول جائے تو جب اُسے یاد آئے، پڑھ لے۔