بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 61 hadith
ابو نُعیم وہب بن کیسان روایت کرتے ہیں کہ انہیں حضرت جابرؓ بن عبد اللہ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے تین سو آدمیوں پر مشتمل ایک لشکر بھجوایا اور ان پر حضرت ابو عبیدہؓ بن الجراح کو امیر مقرر فرمایا ان کا زادِ راہ ختم ہوگیا تو حضرت ابوعبیدہؓ نے ان سب کا زاد راہ ایک توشہ دان میں اکٹھا کیا۔ وہ ہمیں کھانے کے لئے دیتے تھے یہانتک کہ ہمیں ہر روز ایک کھجور ملتی تھی۔ ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت جابر بن عبد اللہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے ایک لشکرساحل سمندر کی طرف بھیجا اور میں بھی ان میں تھا اور اس روایت میں یہ بھی ہے کہ لشکر نے اس (بحری جانور) میں سے 18 راتیں کھایا۔ ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے جہینہ کی سر زمین کی طرف ایک لشکر بھیجااوران پر ایک شخص کو امیر مقرر فرمایا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے گھریلو گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا ہے۔
ابو اسحاق سے روایت ہے کہ حضرت براءؓ نے کہا ہم نے خیبر کے دن گدھے پائے رسول اللہﷺ کے منادی نے پکارا ہانڈیاں الٹ دو۔
ثابت بن عبید سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت براءؓ کو کہتے ہوئے سنا ہمیں گھریلو گدھوں کے گوشت سے منع کیا گیا تھا۔
حضرت علیؓ بن ابی طالب سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے خیبر کے دن عورتوں سے متعہ کرنے اور گھریلوگدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا۔ ایک اور روایت میں (عَنْ لُحُوْمِ الْحُمُرِ الْاِنْسِیَّۃِ کی بجائے) عَنْ أَ کْلِ لُحُوْمِ الْحُمُرِ الْاِنْسِیَّۃِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ثعلبہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے گھریلو گدھوں کا گوشت حرام قراردیا ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے خیبر کے دن گھریلو گدھے کا (گوشت) کھانے سے منع فرمایا حالانکہ لوگوں کو اس کی ضرورت تھی۔
شیبانی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عبداللہؓ بن ابی اوفٰی سے گھریلو گدھوں کے گوشت کے بارہ میں پوچھا۔ انہوں نے جواب دیا خیبر کے دن ہمیں شدیدبھوک لگی اور ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے۔ ہم نے لوگوں کے گدھے جو شہر سے باہر تھے لے لئے۔ ہم نے انہیں ذبح کیا ہماری ہانڈیاں ابل رہی تھیں کہ رسول اللہﷺ کی طرف سے ایک پکارنے والے نے پکارا کہ ہانڈیاں الٹ دواور گدھوں کے گوشت سے کچھ بھی نہ کھاؤ۔ میں نے کہا آپؐ نے ان کو حرام ٹھہرایا ہے !کس قسم کی حرمت؟ راوی کہتے ہیں یہ باتیں ہم نے آپس میں کیں، پس ہم نے کہا آپؐ نے ان کو قطعی طور پر حرام قراردیا یا اس لئے حرام قرار دیا کہ ان کا خمس نہیں نکالا گیا تھا۔
سلیمان شیبانی بیان کرتے ہیں میں نے حضرت عبد اللہؓ بن ابی اوفیٰ کو کہتے ہوئے سنا خیبر کی راتوں میں ہمیں بھوک لگی جب خیبر (کی فتح) کا دن تھا، ہم نے گھریلو گدھے پکڑے اور انہیں ذبح کیا جب ہانڈیاں ان سے ابل رہی تھیں۔ رسول اللہﷺ کے منادی نے پکارا کہ ہانڈیاں الٹ دو اور گدھوں کے گوشت میں سے کچھ بھی نہ کھاؤ۔ راوی کہتے ہیں لوگوں نے کہا رسول اللہﷺ نے ان سے اس لئے منع کیا ہے کیونکہ ان کا خمس نہیں نکالا گیا اور بعض لوگوں نے کہا آپؐ نے ان سے قطعی طور پر منع کر دیا ہے۔