بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 74 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ میری تمام امت بخش دی گئی ہے سوائے ان کے جو لوگ’’مُجاھِر‘‘ ہیں اور یہ جِھَارْ میں ہے کہ بندہ رات کو کوئی عمل کرتا ہے پھر صبح کرتا ہے اور اس کے رب نے اس کی پردہ پوشی کی ہوتی ہے لیکن وہ (خود) کہتا ہے اے فلاں ! میں نے گزشتہ رات یہ یہ کیا جبکہ رات اس کے رب نے اس کی پردہ پوشی کی تو وہ رات گذارتا ہے جبکہ اس کا رب اس کی پردہ پوشی کرتا ہے اور صبح ہوتی ہے تو اللہ کے پردے اپنے اوپر سے ہٹا دیتا ہے۔ایک روایت میں (جِھَارْ کی بجائے) ھِجَارْ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو سعید خدریؓ کے بیٹے اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی جماہی لے تو اسے چاہئے کہ جس حد تک ممکن ہے اسے ہاتھ سے روکے کیونکہ شیطان داخل ہوجاتا ہے۔
عبد الرحمان بن ابو سعید اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی جماہی لے تو اسے چاہئے کہ وہ اپنے ہاتھ سے اسے روکے کیونکہ شیطان داخل ہوجاتا ہے۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ کے پاس دو آدمیوں نے چھینک لی۔ آپؐ نے ان میں سے ایک کی چھینک پر جواب دیا اور دوسرے کی چھینک پر جواب نہ دیا۔ اس شخص نے جس کی چھینک کا آپؐ نے جواب نہیں دیا تھا کہا کہ فلاں نے چھینک لی تو آپؐ نے اس کا جواب دیا او ر میں نے چھینک لی تو آپؐ نے میری چھینک کا جواب نہیں دیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ اس نے الحمدللہ کہا تھا اور تم نے الحمد للہ نہیں کہا۔
حضرت ابو بردہؓ بیان کرتے ہیں میں حضرت ابو موسیٰ ؓ کے پاس اندر گیا اور وہ فضل بن عباسؓ کی بیٹی کے گھر میں تھے میں نے چھینک لی تو انہوں نے مجھے اس کا جواب نہ دیا اور انہوں (فضل بن عباسؓ کی بیٹی) نے چھینک لی تو انہوں (ابو موسیٰ) نے انہیں جواب دیا پھر میں اپنی ماں کے پاس گیا اور انہیں بتایا پھر جب وہ(ابوموسیٰؓ ) ان کے پاس آئے تو انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے نے چھینک لی تو آپ نے اسکی چھینک کاجواب نہیں دیااوراس (لڑکی)نے چھینک لی تو اس کی چھینک کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمہارے بیٹے نے چھینک لی تو اس نے الحمد للہ نہیں کہا اس لئے میں نے اس کی چھینک کا جواب نہیں دیا اور اس لڑکی نے چھینک لی تو الحمدللہ کہااس لئے میں نے اس کی چھینک کا جواب دیا۔ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے سنا کہ جب تم میں سے کوئی چھینک لے اور الحمدللہ کہے تو اس کی چھینک کا جواب دو اور اگر الحمدللہ نہ کہے تو اس کی چھینک کا جواب نہ دو۔
ایاس بن سلمہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جب ایک شخص نے آپؐ کے پاس چھینک لی تو آپؐ نے اسے یَرْحَمُکَ اللّٰہُ کہا پھر اس نے دوسری دفعہ چھینک لی تو رسول اللہﷺ نے فرمایا اس شخص کو زکام ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جماہی شیطان سے ہے پس جب تم میں سے کوئی جماہی لے تو اسے چاہئے کہ جس حد تک ممکن ہے اسے روکے۔
حضرت ابو سعید خدریؓ کے بیٹے اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی نماز میں جماہی لے تو اسے چاہئے کہ جتنا ممکن ہو اسے روکے کیونکہ شیطان داخل ہوجاتا ہے۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا فرشتے نور سے پیدا کئے گئے اور جن آگ کے شعلے سے اور آدم اس سے پیدا کیا گیا جو تمہارے لئے بیان کردیا گیا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا بنی اسرائیل میں سے ایک گروہ گم ہوگیا نہیں معلوم کہ ان کا کیا بنا لیکن میرا خیال ہے وہ چوہے ہیں کیا تم دیکھتے نہیں کہ جب ان کے سامنے اونٹوں کا دودھ رکھا جاتا ہے تو وہ اسے نہیں پیتے اور جب ان کے سامنے بکریوں کا دودھ رکھا جاتا ہے تو وہ اسے پی لیتے ہیں۔ حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ میں نے یہ روایت کعبؓ کو بتائی توانہوں نے کہا کہ کیا تم نے یہ بات رسول اللہﷺ سے خود سنی ہے؟ میں نے کہا ہاں انہوں نے یہ بار بار کہا میں نے کہا کیا میں تورات پڑھتا ہوں؟ ایک روایت میں (لَایُدْرٰی مَا فَعَلَتْ کی بجائے) لَانَدْرِیْ مَا فَعَلَتْ کے الفاظ ہیں۔