بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 146 hadith
عروہ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا ایک مخنث رسول اللہﷺ کی ازواجِ مطہراتؓ کے ہاں آتاتھا۔ لوگ اسے ان میں شمار کرتے تھے جو (قرآن کریم کے مطابق) غَیْرِ اُولِیْ الْاِرْبَۃِ (یعنی جنسی حاجت نہ رکھنے والے) ہیں۔ راوی کہتے ہیں ایک دن نبیﷺ تشریف لائے تو وہ حضورﷺ کی ازواج میں سے کسی کے پاس تھا اور اس نے ایک عورت کا نقشہ کھینچا اور کہا جب وہ سامنے سے آتی ہے تو چار بل کے ساتھ آتی ہے اور جب لوٹتی ہے تو آٹھ بل کے ساتھ لوٹتی ہے۔ اس پر نبیﷺ نے فرمایا سنو!میں دیکھتا ہوں کہ یہ ان باتوں کو جانتا ہے یہ تمہارے پاس ہر گز نہ آئے۔ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں پھر انہوں نے اسے اندر آنے سے روک دیا۔
ہمام بن منبّہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ یہ وہ احادیث ہیں جوحضرت ابو ہریرہؓ نے ہمیں رسول اللہﷺ سے بتائیں اور انہوں نے کئی احادیث بیان کیں۔ جن میں سے ایک یہ ہے کہ رسول اللہ
حضرت اسماءؓ بنت ابو بکرؓ سے روایت ہے وہ کہتی ہیں حضرت زبیرؓ نے میرے ساتھ شادی کی تو اس دنیا میں نہ ان کے پاس مال تھا نہ غلام اور نہ ہی ایک گھوڑے کے سوا کچھ اور۔ وہ کہتی ہیں میں ان کے گھوڑے کو چارہ ڈالتی اور میں انہیں اس (گھوڑے) کی خوراک کے خیال سے مستغنی کر دیتی اور اس کی نگرانی کرتی تھی اور ان کے پانی لانے والے اونٹ کے لئے گٹھلیاں کوٹتی اور اس کو چارہ ڈالتی اور پانی لاتی اور اس کے ڈول کو سیتی اور آٹا گوندھتی لیکن روٹی اچھی طرح سے نہ پکا سکتی تھی اور ہمسایہ(انصاری) عورتیں میرے لئے روٹی پکا دیتیں اور وہ بڑی اچھی عورتیں تھیں۔ وہ (حضرت اسماءؓ )کہتی ہیں اور میں اس قطعہ زمین سے جو زبیرؓ کو رسول اللہﷺ نے دیا تھا اپنے سر پر گٹھلیاں لایا کرتی اور وہ دوتہائی فرسخ پر تھا۔ وہ کہتی ہیں ایک دن میں آرہی تھی اور گٹھلیاں میرے سر پر تھیں میرا سامنا رسول اللہﷺ سے ہوا اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے کچھ صحابہؓ بھی تھے۔ آپؐ نے مجھے بلایا پھر (اونٹ کو بٹھانے کے لئے)اِخ، اِخ کہا تاکہ مجھے اپنے پیچھے سوار کرلیں۔ حضرت اسماءؓ نے (حضرت زبیرؓ کو) کہامجھے شرم آئی اور مجھے آپؓ کی غیرت کاپتہ تھا۔ اس پر وہ کہنے لگے اللہ کی قسم!تمہارا اپنے سر پر گٹھلیاں اٹھاکر لانا میرے نزدیک نبیﷺ کے ساتھ سوار ہونے سے زیادہ گراں ہے۔ وہ کہتی ہیں اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے ایک خادمہ بھجوادی اور اس نے گھوڑے کی نگہداشت سے مجھے سبکدوش کر دیا اور گویااس نے مجھے آزاد کر دیا۔
ابن ابی مُلیکہ سے روایت ہے کہ حضرت اسماءؓ نے کہامیں حضرت زبیرؓ کے گھر کے کام کاج کیا کرتی تھی ان کا ایک گھوڑا تھا جس کی میں نگہداشت کرتی۔ گھوڑے کی دیکھ بھال کرنے سے زیادہ مشکل مجھے کوئی اور کام نہ لگتا تھا۔ میں اس کے لئے گھاس لاتی اور اس کی دیکھ بھال کرتی اور اس کا خیال رکھتی۔ راوی کہتے ہیں پھر انہیں ایک خادمہ ملی۔ نبیﷺ کے پاس قیدی آئے تو آپؐ نے انہیں یہ خادمہ عطا کی۔ حضرت اسماء ؓ کہتی ہیں اس نے مجھے گھوڑے کی دیکھ بھال سے مستغنی کردیا اور مجھ سے یہ بوجھ اتار دیا۔ پھر میرے پاس ایک شخص آیا اور اس نے کہا اے ام عبداللہ !میں ایک غریب آدمی ہوں میں چاہتا ہوں کہ تمہارے گھر کے سایہ میں کاروبار کروں۔ حضرت اسماءؓ نے کہا اگر میں تمہیں اجازت دے بھی دوں توحضرت زبیر ؓ انکار کردیں گے۔ پس تم آنااور مجھ سے زبیرؓ کی موجودگی میں اجازت طلب کرنا۔ وہ شخص آیا اور اس نے کہا اے ام عبداللہ !میں ایک غریب آدمی ہوں اور چاہتا ہوں کہ آپ کے گھر کے سایہ میں کاروبار کروں۔ انہوں نے کہا کیا تجھے مدینہ میں میرا ہی گھر نظر آیا ہے؟ حضرت زبیرؓ نے انہیں کہا تمہیں کیا ہوا کہ تم ایک غریب آدمی کو کاروبار سے منع کرتی ہو۔ پھر وہ تجارت کرتا رہا یہانتک کہ اس نے کچھ کمائی کرلی اور میں نے خادمہ اس کے ہاتھ بیچ دی۔ حضرت زبیرؓ میرے پاس آئے تو اس کی قیمت میری گود میں تھی۔ انہوں نے کہا(پیسے) مجھے ہبہ کر دو۔ انہوں (حضرت اسماؓ ء) نے کہا میں انہیں صدقہ کر چکی ہوں۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تین شخص ہوں تو دو شخص تیسر ے کو چھوڑ کر سرگوشی میں بات نہ کریں۔
حضرت عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایاجب تم تین ہو تو ایک کو چھوڑ کر دو سرگوشی سے بات نہ کریں جب تک اور لوگوں سے مل جل نہ جاؤ۔ اس وجہ سے کہ یہ (بات)اس کو تکلیف دے گی۔
حضرت عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم تین ہو تو دو اپنے ایک ساتھی کو چھوڑ کر سرگوشی میں بات نہ کریں کیونکہ یہ بات اسے تکلیف دے گی۔
نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے۔ وہ فرماتی ہیں کہ جب کبھی رسول اللہﷺ بیمار ہوتے توجبریل آپؐ کو دَم کرتے اور کہتے اللہ کے نام کے ساتھ وہ آپؐ کو صحت دے اور ہر بیماری سے شفاء دے اور حاسد کے شر سے جب وہ حسد کرے اور ہر نظر والے کے شر سے۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے کہ جبریل نبیﷺ کے پاس آئے اور کہا اے محمدؐ !آپؐ بیمار ہیں۔ آپؐ نے فرمایا ہاں۔ انہوں نے کہا اللہ کے نام کے ساتھ میں آپؐ کو دَم کرتا ہوں، ہر اس چیز سے جو آپؐ کو تکلیف دیتی ہے۔ ہر نفس کے شر سے اور حسد کرنے والے کی آنکھ سے۔ اللہ آپؐ کو شفا دے گا اللہ کے نام کے ساتھ میں آپؐ کو دَم کرتا ہوں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا نظر حق ہے اور اگر کوئی چیز تقدیر سے سبقت لے جا سکتی تھی تو نظر ہی اس سے سبقت لے جا سکتی تھی اور جب تم کو نہانے کے لئے کہا جائے تو نہا لیا کرو۔