بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے لوگوں کے سامنے دجال کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا یقینا اللہ تعالیٰ یک چشم نہیں ہے اور سنو ! مسیح دجال دائیں آنکھ سے کانا ہے گو یا اس کی آنکھ انگور کاپھولا ہوا دانہ ہے۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبیﷺ نے فرمایادجال کی دونوں آنکھوں کے درمیان ک، ف، ر۔ لکھا ہوا ہے یعنی کافر۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ دجال ایک آنکھ سے کانا ہے اور اس کی آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوا ہے۔ پھر آپؐ نے اس کے ہجے کئے۔ ک، ف، ر۔ جسے ہر مسلمان پڑھ لے گا۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر نبی نے اپنی امت کو کانے کذاب سے ڈرایا ہے!سنو وہ کانا ہے اور تمہارا رب یک چشم نہیں ہے اور اس کی آنکھوں کے درمیان ک، ف، ر۔ لکھا ہوا ہے۔
حضرت حذیفہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا دجال بائیں آنکھ سے کانا ہے۔ زیادہ بالوں والا ہے۔ اس کے ساتھ جنت بھی ہے اور جہنم بھی۔ اس کی جہنم جنت ہے اور اس کی جنت جہنم ہے۔
حضرت حذیفہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا میں خوب جانتا ہوں کہ دجال کے پاس کیا(کچھ) ہوگا۔ اس کے ساتھ دو نہریں بہہ رہی ہوں گی۔ ان میں سے ایک تو دیکھنے میں سفید پانی ہوگی اور دوسری دیکھنے میں بھڑکتی ہوئی آگ معلوم ہوگی۔ پس اگر کوئی(موقعہ) پائے تو اس نہر میں جائے جو دیکھنے میں آگ دکھائی دیتی ہے اور آنکھ بند کر لے پھر اپنا سر جھکا لے تو اس میں سے پئے کیونکہ وہ ٹھنڈا پانی ہے اور دجال ایک آنکھ سے کاناہے۔ اس پر ناخنہ ہے۔ اس کی آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوگا جسے پڑھا لکھا اور ان پڑھ ہرمومن پڑھ سکے گا۔
حضرت حذیفہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے دجال کے بارہ میں فرمایا اس کے ساتھ پانی اور آگ ہے اس کی آگ ٹھنڈاپانی ہے اور اس کا پانی آگ ہے پس ہلاک نہ ہونا۔ حضرت ابو مسعودؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے بھی یہ رسول اللہﷺ سے سنا ہے۔
ربعی بن حراش بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت عقبہ بن عمروابو مسعود انصاریؓ کے ساتھ حضرت حذیفہؓ بن یمان کے پاس گیا تو حضرت عُقبہؓ نے ان سے کہا مجھے بتائیے جو آپ نے رسول اللہﷺ سے دجال کے بارہ میں سنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دجال نکلے گا تو اس کے ساتھ پانی اور آگ ہوگی اور وہ جسے لوگ پانی دیکھیں گے وہ جلا دینے والی آگ ہوگی اور جسے لوگ آگ دیکھیں گے وہ ٹھنڈا اور میٹھا پانی ہوگا۔ پس تم میں سے جو کوئی اسے پائے تو وہ اس میں چلا جائے جسے وہ آگ دیکھے کیونکہ وہ عمدہ شیریں پانی ہے۔ حضرت عُقبہؓ کہتے ہیں میں نے یہ بات (صرف)حضرت حذیفہؓ کی تصدیق کے لئے سنی ہے۔
ربعی بن حراش بیان کرتے ہیں کہ حضرت حذیفہؓ اور حضرت ابو مسعودؓ اکٹھے ہوئے تو حضرت حذیفہؓ نے بیان کیا مجھے سب سے زیادہ پتہ ہے کہ دجال کے پاس کیا ہے۔ اس کے ساتھ ایک نہر پانی کی اور ایک نہر آگ کی ہوگی۔ وہ جسے تم آگ دیکھو گے تو وہ پانی ہے اور وہ جسے تم پانی دیکھو گے تو وہ آگ ہوگی۔ پس تم میں سے جو کوئی اسے پائے اور پانی کا ارادہ کرے تو اس میں سے پئے جسے وہ آگ دیکھتا ہے تو وہ اسے پانی پائے گا۔ حضرت ابو مسعودؓ کہتے ہیں کہ میں نے نبیﷺ کو اسی طرح فرماتے ہوئے سنا۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا میں تمہیں دجال کے بارہ میں ایک ایسی بات نہ بتاؤں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی؟ وہ ایک آنکھ والاہے اور وہ آئے گا تو اس کے ساتھ جنت اور آگ کی مثل ہوگی اور جس کے بارہ میں وہ کہے گا کہ جنت ہے وہ آگ ہوگی اور میں نے تمہیں اس سے اُسی طرح ہوشیار کیا ہے جیسے نوحؑ نے اپنی قوم کو اس سے ہوشیار کیا تھا۔