بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت ام شریکؓ بیان کرتی ہیں کہ انہوں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ لوگ دجال سے بھاگ کر پہاڑوں میں چلے جائیں گے ام شریکؓ نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ !عرب اس دن کہاں ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا وہ بہت تھوڑے ہوں گے۔
حضرت عبد اللہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ’’وہ گھڑی‘‘ شریر لوگوں پر ہی آتی ہے۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میں اور وہ گھڑی ان دو کی طرح مبعوث کئے گئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں آپؐ نے شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی کو ملایا۔
حمید بن ہلال ایک جماعت سے جن میں ابودھماء اور ابو قتادہ بھی شامل ہیں روایت کرتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہم ہشام بن عامرؓ کے سامنے سے گذر کر حضرت عمران بن حصینؓ کے پاس جایا کرتے تھے۔ ایک دن انہوں (ہشام) نے کہا تم مجھے چھوڑ کر ایسے لوگوں کے پاس جایا کرتے ہو جو مجھ سے زیادہ رسول اللہﷺ کے پاس حاضر نہیں رہتے تھے۔ نہ ہی آپؐ کی حدیث کو مجھ سے زیادہ جانتے ہیں۔ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا آدم کی پیدائش کے وقت سے لے کر قیامت کے آنے تک دجال سے بڑی٭ کوئی مخلوق نہیں۔ ٭ بڑی سے مراد اپنے فتنہ اور خطرے کے اعتبار سے۔ایک روایت میں (عَنْ رَھْطٍ مِنْھُمْ اَبُو الدَّھْمَائِ وَاَبُو قَتَادَۃَ قَالُوا کُنَّا نَمُرُّ عَلَی ھِشَامِ بْنِ عَامِرٍ نَاْتِی عِمْرَانَ بْنَ حُصینٍ کی بجائے) عَنْ ثَلَاثَۃَ رَھْطٍ مِنْ قَومِہِ فِیھِمْ اَبُو قَتَادَۃَ قَالُوْا کُنَّا نَمُرُّ عَلَی ھِشَامٍ بْنِ عَامِرٍ اِلَی عِمْرَانَ بْنَ حُصینٍکے الفاظ ہیں اور (خَلْقٌ اَکْبَرُ مِنَ الدَّجَّالِ کی بجائے) اَمْرٌ اَکْبَرُ مِنَ الدَّجَّالِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا چھ چیزوں سے پہلے پہلے اعمال کرنے میں جلدی کرو: سورج کا اپنے مغرب سے نکلنا اور دھواں اور دجال، اور دابۃ اور تم میں سے کسی کا انفرادی مسئلہ یا اجتماعی مسئلہ۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا چھ چیزوں سے پہلے پہلے جلد اعمال کرلو (جو یہ ہیں ) دجال اور دھواں اور دابۃ الارض اور سورج کا اپنے مغرب سے طلوع کرنا اور ذاتی مسئلہ اور اجتماعی مسئلہ۔
معقل بن یسار نبیﷺ کی طرف منسوب کرتے ہوئے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا فتنہ وفساد کے زمانہ میں عبادت کرنا میری طرف ہجرت کرنے کی طرح ہے۔
حضرت سہلؓ بن سعدبیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کوسنا اور آپؐ اپنی انگوٹھے کے ساتھ والی انگلی اور درمیانی انگلی سے اشا رہ کرتے ہوئے فرمارہے تھے کہ مجھے اور اس گھڑی کو اس طرح مبعوث کیا گیا ہے۔
حضرت انس بن مالکؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مجھے اور اس گھڑی کواس طرح مبعوث کیا گیاہے جیسے یہ دونوں۔ شعبہ کہتے ہیں میں نے قتادہ سے سُنا وہ اپنے اس بیان میں کہہ رہے تھے ’’کَفَضْلِ اِحْدَاھُمَا الْاُخْرَی‘‘ (جیسے ان میں سے ایک کو دوسری پر فضیلت ہے۔) (شعبہ کہتے ہیں ) مجھے معلوم نہیں کہ (قتادہ) نے یہ حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے کہا تھا یا قتادہ یہ بات اپنی طرف سے خود کہتے تھے۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میں اور وہ گھڑی اس طرح مبعوث کئے گئے ہیں اور شعبہ نے اس روایت کو بیان کرتے ہوئے اپنی شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی کو ملایا۔