حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم قیامت سے پہلے ایسی قوم سے لڑو گے جن کے جوتے بالوں کے ہوں گے ان کے چہرے گو یاایسے ہیں جیسے کوٹی ہوئی ڈھالیں، سرخ چہرے اور چھوٹی آنکھوں والے۔
ابو نضرہ سے روایت ہے کہ ہم حضرت جابرؓ بن عبد اللہؓ کے پاس تھے انہوں نے کہا قریب ہے کہ عراق والوں کے پاس قفیز٭ اور درہم ٹیکس میں نہ آئیں۔ ہم نیکہا وہ کہاں سے؟ انہوں نے کہا عجمیوں کی طرف سے، وہ اسے روک لیں گے۔ پھر انہوں نے کہا قریب ہے کہ شام والوں کے پاس دینار اور مُدی ٹیکس میں نہ آئیں۔ ہم نے کہا وہ کہاں سے؟انہوں نے کہا رومیوں کی طرف سے وہ اسے روک لیں گے۔ پھر وہ کچھ دیر خاموش رہے پھر کہا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میری امت کے آخر میں ایک خلیفہ ہوگا جو دونوں ہاتھوں سے مال دے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔ راوی کہتے ہیں میں نے ابو نضرہ اور ابوالعلاء سے پوچھا کہ آپ کا کیا خیال ہے کہ وہ حضرت عمر بن عبد العزیزؒ ہیں؟ تو ان دونوں نے کہا نہیں۔
حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہارے خلفاء میں سے ایک خلیفہ ہوگا جو دونوں ہاتھ سے مال دے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔ ایک اور روایت میں (یَحْثُو المَالَ کی بجائے) یَحْثیِ الْمَالَ کے الفاظ ہیں۔
سَعِيدٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِمِثْلِهِ .
حضرت ابو سعیدؓ اور حضرت جابر بن عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا آخری زمانہ میں ایک خلیفہ ہوگا جو مال تقسیم کرے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ مجھے اس نے بتایا جو مجھ سے بہتر ہے کہ رسول اللہﷺ نے عمارؓ سے جب وہ خندق کھودنے لگے تھے توان کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے فرمایا سمیہ کے بیٹے کی مصیبت! ایک باغی لشکر تجھے قتل کرے گا۔ایک روایت میں (یَقُولُ بُؤسَ ابْنِ سُمَیَّۃَ کی بجائے) یَقُولُ وَیْسَ اَوْ یَقُولُ یَاوَیْسََ ابْنِ سُمَیَّۃَ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا قریش کا یہ قبیلہ میری امت کو ہلاک کرے گا انہوں نے عرض کیا تو آپؐ ہمیں کیا ارشاد فرماتے ہیں؟ فرمایا (بہتر ہے)اگر لوگ ان سے الگ رہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کسریٰ مر گیا، اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں اور جب قیصر ہلاک ہوگا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہیں ہوگا اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ضرور ان دونوں کے خزانے اللہ کی راہ میں خرچ کئے جائیں گے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاکسریٰ ہلاک ہوگیا پھر اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں اور قیصر ضرور ہلاک ہوگا پھراس کے بعد کوئی قیصر نہیں ہوگااور ضرور ان دونوں کے خزانے اللہ کی راہ میں تقسیم کئے جائیں گے۔ ایک روایت میں ہے حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب کسریٰ ہلاک ہوگاتواس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں ہوگا۔ ۔ ۔ ۔ باقی روایت حضرت ابو ہریرہؓ کی روایت کی طرح ہے۔