بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا مسلمانوں یا فرمایا مومنوں میں سے ایک گروہ ضرور کسریٰ کا خزانہ کھولے گا جو سفید(محل) میں ہے۔ایک روایت میں مِنَ الْمُسْلِمِینَ کے الفاظ ہیں اور شک کا ذکر نہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم اور یہود آپس میں جنگ کرو گے یہانتک کہ پتھر کہے گا اے مسلمان !یہ میرے پیچھے یہودی ہے آ اور اسے قتل کر۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا تم نے کسی ایسے شہر کے بارہ میں سنا ہے جس کے ایک طرف خشکی ہو اور ایک طرف سمندر ہو؟لوگوں نے عرض کیا جی ہاں یا رسول اللہؐ ! آپؐ نے فرمایاوہ گھڑی قائم نہیں ہوگی یہانتک کہ اس سے بنی اسحاق کے ستر ہزار افراد جنگ نہ کریں۔ جب وہ اس (شہر)کے پاس آئیں گے، وہ پڑاؤ کریں گے اور وہ نہ کسی ہتھیار سے لڑیں گے اور نہ ہی تیر چلائیں گے۔ وہ کہیں گے اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے تو اس کی ایک طرف گر جائے گی _(راوی) ثور کہتے ہیں کہ مجھے اس بارہ میں علم نہیں سوائے اس کے کہ راوی نے کہا جو (طرف) سمندر میں ہے_ پھر وہ دوسری دفعہ کہیں گے اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے تو اسکی دوسری طرف گر جائے گی۔ پھر وہ تیسری دفعہ کہیں گے۔ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے تو وہ ان کے لئے کھول دیا جائے گا وہ اس میں داخل ہوں گے اور غنیمتیں حاصل کریں گے ابھی وہ غنیمتیں تقسیم کر رہے ہوں گے کہ ان کے پاس ایک چلاّنے والا آئے گا اور کہے گا کہ دجال کا خروج ہوگیا ہے اس پر وہ ہر چیز کو چھوڑ دیں گے اور واپس لوٹ جائیں گے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا تم ضرور یہود سے قتال کرو گے اور تم ضرور انہیں قتل کرو گے یہانتک کہ پتھر بھی کہے گا اے مسلمان! یہ یہودی ہے آ اور اسے قتل کر۔ایک روایت میں (ھَذَا یَہُودِیٌّکی بجائے) ھَذَا یَہُودِیٌّ وَرَائی(یعنی یہ میرے پیچھے یہودی ہے)کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا وہ گھڑی قائم نہیں ہوگی یہانتک کہ مسلمان یہود سے جنگ کریں گے اور مسلمان انہیں قتل کریں گے یہانتک کہ یہودی کسی پتھر اور درخت کے پیچھے چھپ جائے گا تو وہ پتھر یا درخت کہے گا اے مسلمان! اے اللہ کے بندے ! یہ میرے پیچھے یہودی ہے آ اور اسے قتل کر سوائے غرقد (درخت)کے کیونکہ وہ یہود کا درخت ہے۔
حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا اس گھڑی سے پہلے کچھ جھوٹے آئیں گے اور اس روایت میں یہ مزید ہے کہ راوی کہتے ہیں میں نے ان (حضرت جابر بن سمرہؓ ) سے پوچھا کیا آپؓ نے خود یہ رسول اللہﷺ سے سنا ہے؟ انہوں نے کہا ہاں۔ اور ایک روایت میں ہے حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ تم ان (کذّابین) سے بچنا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا وہ گھڑی قائم نہیں ہوگی یہانتک کہ تیس کے قریب دجال کذّاب مبعوث ہوں گے اور ان میں سے ہر ایک یہ کہے گا کہ وہ اللہ کا رسول ہے۔ ایک روایت میں (یُبْعَثَکی بجائے) یَنْبَعِثَ کے الفاظ ہیں
حضرت عبد اللہ(ابن مسعودؓ ) بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے اور ہم کچھ بچوں کے پاس سے گذرے، ان میں ابن صیاد بھی تھا بچے تو بھاگ گئے اور ابن صیاد بیٹھا رہا گویا رسول اللہﷺ نے اس بات کو ناپسند فرمایا پھر نبیﷺ نے اسے فرمایا تیرے ہاتھ خاک آلود ہوں کیا تو گواہی دیتا ہے کہ میں اللہ کا رسول ہوں تو اس نے کہا نہیں بلکہ آپؐ گواہی دیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ اس پر حضرت عمرؓ بن خطاب نے عرض کیا یارسولؐ اللہ !مجھے اجازت دیں کہ میں اسے قتل کروں مگر رسول اللہﷺ نے فرمایا اگر یہ وہ (دجال) ہے جوتم سمجھ ر ہے ہو تو تم اسے قتل نہیں کر سکو گے۔
حضرت عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبیﷺ کے ساتھ جا رہے تھے کہ آپﷺ ابن صیاد کے پاس سے گزرے۔ رسول اللہﷺ نے اسے فرمایا میں نے تجھ سے کچھ چھپایا ہے۔ (بتاؤ تو وہ کیا ہے؟) تو اس نے کہا دُخ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا دور ہو جا تو اپنی قدر میں بڑھ نہیں سکے گا۔ اس پر حضرت عمرؓ نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! مجھے اجازت دیں کہ میں اس کی گردن اڑادوں۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا اسے چھوڑ دو اگر یہ وہ ہے جس کا تمہیں ڈرہے تو تم اسے قتل نہیں کر سکو گے۔