بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
332c, 332d, 332e
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ حضرت اسماءؓ نے نبیﷺ سے غُسلِ حیض کے بارہ میں سوال کیا۔ آپؐ نے فرمایاکہ تم میں سے ہر ایک پہلے بیری کے پتّوں کے ساتھ پانی لے اور خوب اچھی طرح صفائی کرے۔ پھر (پانی) اپنے سر پر ڈالے اور پھر خوب اچھی طرح سَر کو مَلے یہانتک کہ بالوں کی جڑوں تک پہنچ جائے۔ پھر اپنے اوپر پانی ڈالے۔ پھر ایک مشک لگا ہوا پھایا لے اور اس کے ذریعہ صفائی کرے۔ حضرت اسماءؓ نے عرض کیا کہ اس کے ذریعہ کیسے صفائی ہو؟ آپؐ نے فرمایا سبحان اللہ، تم اس کے ذریعہ صفائی کرو۔ حضرت عائشہؓ نے سرگوشی کے انداز میں کہا کہ جہاں جہاں خون کا نشان پاؤ، وہاں وہاں لگاؤ۔ اس نے آپؐ سے غُسلِ جنابت کے بارہ میں پوچھا۔ آپؐ نے فرمایاکہ پانی لے اور صفائی کرے اور خوب اچھی طرح صفائی کرے۔ پھر اپنے سر پر پانی ڈالے۔ پھر اسے(سرکو) مَلے یہاں تک کہ بالوں کی جڑوں تک پہنچ جائے۔ پھر اپنے اوپر پانی بہائے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ انصارکی عورتیں کیا ہی اچھی عورتیں ہیں کہ دین کے سمجھنے میں حیاء اِن کو مانع نہیں ہوتی تھی۔ شعبہ نے یہ روایت اس سند سے یوں بیان کی کہ آپؐ نے فرمایا سبحان اللہ، تم اس کے ذریعہ پاک صاف ہو جاؤ اور آپؐ نے (چہرہ) ڈھانپ لیا۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ حضرت اسماء بنت شکلؓ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا یارسول اللہ! ہم میں سے جب کوئی حیض سے پاک ہو تو کیسے غُسل کرے۔ آگے(راوی نے) روایت بیان کی لیکن اس میں غُسلِ جنابت کا ذکر نہیں کیا۔
صحیح مسلم, كتاب الحيض, باب نمبر ۴۷, حدیث نمبر ۴۹۲, جلد نمبر صفحہ نمبر ۹۲336a
حضرت ام ہانیؓ بنت ابی طالب کہتی ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کی خدمت میں فتحِ (مکہ) کے سال حاضر ہوئی۔ میں نے آپؐ کو غسل کرتے ہوئے پایا اور آپؐ کی صاحبزادی حضرت فاطمہؓ ایک کپڑے سے آپؐ کے لئے پردہ کئے ہوئے تھیں۔
333a, 333b
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ حضرت فاطمہؓ بنت ابی حبیش نبیﷺ کی خدمت میں آئیں اور عرض کیا یا رسول اللہ! میں ایک ایسی عورت ہوں جسے استحاضہ ہے٭اورمیں پاک نہیں ہوتی، کیا میں نماز چھوڑ دوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں، یہ تو صرف ایک رگ ہے اور حیض نہیں ہے۔ پس جب حیض(کے ایام) آئیں تو نماز چھوڑدو اور جب چلے جائیں تو اپنے سے خون دھو ڈالو اور نماز پڑھ لو۔ جریر سے روایت ہے کہ حضرت فاطمہؓ بنت ابی حبیش بن عبدالمطلب ابن اسدآئیں۔ وہ ہم میں سے ایک عورت تھیں۔ (راوی کہتے ہیں ) حماد بن زید کی روایت میں بعض الفاظ زائد تھے جن کا ہم نے ذکر چھوڑ دیا ہے۔
334a
حضرت عائشہؓ کہتی ہیں کہ حضرت ام حبیبہ بنتِ جحشؓ نے رسول اللہﷺ سے پوچھااور عرض کیاکہ مجھے استحاضہ ہے۔ آپؐ نے فرمایا یہ تو صرف ایک رگ ہے۔ پس غسل کرو اور نماز پڑھو۔ آپ ہرنماز کے وقت غسل کرتیں۔ لیث بن سعدنے کہا کہ ابن شہاب نے اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ رسول اللہﷺ نے حضرت ام حبیبہؓ بنتِ جحش کو ہر نماز کے وقت غسل کا حکم فرمایا تھابلکہ یہ ایسی بات ہے جو انہوں نے خود ہی کی۔ ابن رُمح نے اپنی روایت میں اِبْنَۃُجَحْشٍ کہا ہے اور حضرت ام حبیبہؓ کے نام کا ذکر نہیں کیا۔
334b, 334c, 334d
نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ حضرت ام حبیبہ بنت جحشؓ جو رسول اللہﷺ کی نسبتی بہن تھیں اور حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف کی بیوی تھیں۔ ان کو سات برس استحاضہ کی تکلیف رہی۔ انہوں نے اس بارہ میں رسول اللہﷺ سے پوچھا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا یہ حیض نہیں بلکہ ایک رگ ہے، تم نہالو اور نماز پڑھو۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں (حضرت ام حبیبہؓ ) اپنی بہن زینب بنت جحشؓ کے حجرہ میں ٹب میں غُسل کرتی تھیں یہانتک کہ خون کی سرخی پانی پر غالب آجاتی۔ ابن شہاب کہتے ہیں کہ میں نے اس بارہ میں ابو بکر بن عبدالرحمان بن حارث بن ہشام کو بتایا تو انہوں نے کہا کہ اللہ ہند پر رحم کرے۔ کاش کہ وہ یہ فتویٰ سُن لیتیں۔ خدا کی قسم! وہ اس پر رویا کرتی تھیں کہ وہ نماز نہیں پڑھتی تھیں۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ حضرت ام حبیبہؓ بنت جحش رسول اللہﷺ کے پاس آئیں جبکہ وہ سات سال تک استحاضہ سے رہی تھیں۔ باقی حدیث عمرو بن حارث کی روایت کی طرح بیان کی گئی ہے تَعْلُو حُمْرَۃُ الدَّمِ الْمَائَ تک لیکن اس کے بعد کا ذکر نہیں ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ بنت جحش سات سال مستحاضہ رہی تھیں۔
334e
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضرت ام حبیبہؓ نے رسول اللہﷺ سے خون کے بارہ میں پوچھا۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ میں نے اُن (حضرت ام حبیبہؓ ) کے ٹب کو دیکھا کہ وہ خون سے بھراہوا تھا۔ رسول اللہﷺ نے اُن سے فرمایا کہ اتنی دیر ٹھہری رہو جتنی دیرتمہارے ایام تمہیں روکتے تھے پھر غسل کرو اور نماز ادا کرو۔
334f
نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضرت ام حبیبہؓ بنت جحشنے جو حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف کی بیوی تھیں رسول اللہﷺ کی خدمت میں خون کی شکایت کی تو آپؐ نے اُن سے فرمایا کہ اتنی دیر ٹھہری رہو جتنی دیر ایام تمہیں روکتے تھے پھر غسل کرلو۔ اور آپؓ ہر نماز کے وقت غسل کر لیا کرتی تھیں۔
335a
معاذہ سے روایت ہے کہ ایک عورت نے حضرت عائشہؓ سے سوال کیا کیا ہم میں سے کوئی اپنے ایام حیض کی نماز کی قضاء ادا کرے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کیا تو حروریہّ ہے٭ رسول اللہﷺ کے زمانہ میں جب ہم میں سے کسی کو حیض آتا تو اسے (نماز کی) قضاء کا حکم نہ دیا جاتا تھا۔
335b
یزید بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت معاذہؓ سے سنا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کیا حائضہ چھُٹی ہوئی نماز ادا کرے؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کیا تو حروریہ ّ ہے؟ رسول اللہﷺ کی ازواج مطہرات کو بھی تو حیض آتا تھا۔ کیا آپؐ نے ان کو حکم دیا کہ وہ چھوڑی ہوئی نماز ادا کریں؟ محمد بن جعفر کہتے ہیں کہ حضرت عائشہؓ کی مراد یَجْزِیْنَ کے لفظ سے یَقْضِیْنَ ہے۔
335c
معاذہ کہتی ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کیا بات ہے حائضہ چھٹا ہوا روزہ تو رکھتی ہے لیکن چھٹی ہوئی نماز نہیں پڑھتی؟آپؓ نے فرمایا کہ کیا تو حروریہ ّ ہے؟ میں نے عرض کیامیں حروریہ تو نہیں لیکن میں (صرف)پوچھنا چاہتی ہوں۔ آپؓ نے فرمایا جب ہمیں یہ بات پیش آتی توہمیں چھٹے ہوئے روزے رکھنے کا حکم دیا جاتا مگر چھٹی ہوئی نماز پڑھنے کا حکم نہ دیا جاتاتھا۔