بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 70 hadith
حضرت عبد اللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جب تم میں سے کوئی نماز جمعہ پر آنے کا ارادہ کرے تو اسے چاہئے کہ وہ غسل کرلے۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کے دن غسل کرنا ہر بالغ پر واجب ہے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اللہ کی طرف سے ہر مسلمان پرواجب ہے کہ وہ ہرسات دن میں نہائے اور اپنا سر اور بدن دھوئے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اور آپؐ منبر پر کھڑے تھے تم میں سے جو جمعہ کے لئے آئے تو چاہئے کہ وہ غسل کرلے۔
سالم بن عبد اللہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں اس اثناء میں کہ حضرت عمر بن خطابؓ جمعہ کے دن لوگوں کو خطبہ دے رہے تھے رسول اللہﷺ کے صحابہؓ میں سے ایک شخص داخل ہوئے۔ حضرت عمرؓ نے انہیں پکار کر کہا یہ کونسی گھڑی ہے! انہوں نے کہا کہ مجھے آج کام پڑ گیا تھا میں اپنے گھر واپس آیاہی تھا کہ میں نے اذان سنی اور میں صرف وضوء ہی کر سکا۔ حضرت عمرؓ نے کہا (اچھا) صرف وضو ہی ! جبکہ آپ کو علم ہے کہ رسول اللہﷺ (جمعہ کے دن) غسل کا حکم فرمایا کرتے تھے۔
حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں کہ حضرت عمر بن خطابؓ جمعہ کے دن لوگوں کو خطبہ دے رہے تھے کہ حضرت عثمانؓ بن عفان داخل ہوئے تو حضرت عمرؓ نے ان کے متعلق اشارۃً فرمایا لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ اذان کے بعد بھی دیر سے آتے ہیں؟ اس پر حضرت عثمانؓ نے کہااے امیرالمؤمنین میں تو اذان سنتے ہی وضوء کر کے چلا آیا ہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا صرف وضوء! کیا آپ نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے نہیں سنا کہ جب تم میں سے کوئی جمعہ کے لئے آئے تو چاہئے کہ وہ غسل کرے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ لوگ عوالی٭ میں اپنے گھروں سے جمعہ کے لئے آتے اور وہ چوغے پہن کر آتے تھے۔ ان پر گردو غبار پڑتی تھی(اور پسینہ کی وجہ سے) ان سے بو اٹھتی تھی ایک دن جبکہ آپؐ میرے پاس تھے ان میں سے ایک شخص رسول اللہﷺ کے پاس آیا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا کیوں نہ تم لوگ آج کے دن نہالیا کرو۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ لوگ کام کاج کرنے والے تھے اور ان کی جگہ دوسرے کا م کرنے والے نہیں تھے اور ان سے بو آتی تھی تو ان سے کہا گیا کہ کیوں نہ تم جمعہ کے دن غسل کرلیا کرو۔
حضرت عبد الرحمان بن ابی سعید خدریؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جمعہ کے دن غسل کرنا اور مسواک کرنا ضروری ہے اور اور حسبِ توفیق خوشبو لگا نا ہر بالغ کے لئے ضروری ہے۔ بکیر نے خوشبو کے بارہ میں کہا ہے کہ خواہ عورت کی خوشبو میں سے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے انہوں نے جمعہ کے دن غسل کے بارہ میں نبیﷺ کے قول کا ذکر کیا طاؤس کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا کہ (جمعہ کے لئے)خوشبو اور تیل لگائے اگر اس کے گھر والوں کے پاس ہو۔ انہوں (ابن عباسؓ ) نے کہا مجھے اس کا علم نہیں۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاکہ جس نے جمعہ کے دن غسلِ جنابت کی طرح غسل کیا پھر(جمعہ پر) گیا تو گویا اس نے ایک اونٹ کی قربانی کی اور جو دوسری گھڑی میں گیا اس نے گویا گائے کی قربانی کی جو تیسری گھڑی میں گیا اس نے گویا سینگوں والے مینڈھے کی قربانی کی اور جو چوتھی گھڑی میں گیا اس نے گویا ایک مرغی کی قربانی کی اور جو پانچویں گھڑی میں گیا اس نے گویا ایک انڈے کی قربانی کی۔ اور جب امام آجائے تو فرشتے حاضر ہو تے ہیں اور ذکر سنتے ہیں۔