بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 70 hadith
ایاس بن سلمہ بن الاکوع اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ نمازِ جمعہ ادا کرتے تھے پھر ہم لوٹتے تھے تود یواروں کی اتنی چھاؤں نہیں پاتے تھے جس کا سایہ ہم لے سکیں۔
حضرت جابر بن سمرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کے دو خطبے ہوتے تھے۔ آپؐ ان دونوں کے درمیان بیٹھتے تھے آپؐ قرآن پڑھتے اور لوگوں کو نصیحت فرماتے۔
حضرت جابر بن سمرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ کھڑے ہو کر خطبہ دیتے تھے پھر بیٹھ جاتے پھر کھڑے ہوجاتے۔ آپؐ کھڑے ہوکر خطبہ دیتے تھے پس جس نے تمہیں یہ بتایا کہ آپؐ بیٹھ کر خطبہ دیتے تھے تو اس نے غلط کہا۔ پس اللہ کی قسم! میں نے آپؐ کے ساتھ دو ہزار سے زائدنمازیں پڑھی ہیں۔
حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ نمازپڑھا کرتا تھا آپؐ کی نماز بھی درمیانی ہوتی تھی اور خطبہ بھی درمیانہ ہوتا تھا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ جمعہ کے دن کھڑے ہو کر خطبہ دیتے تھے پھر تشریف رکھتے پھر کھڑے ہوجاتے راوی کہتے ہیں کہ جس طرح لوگ آج کل کرتے ہیں۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ جمعہ کے دن کھڑے ہو کر خطبہ دے رہے تھے۔ شام سے ایک تجارتی قافلہ آیا۔ لوگ اس کی طرف چلے گئے یہانتک کے سوائے بارہ آدمیوں کے کوئی بھی نہ رہا تب یہ آیت اتری جو سورۃ جمعہ میں ہے۔ وَاِذَارَأَوْا تِجَارَۃً اَوْ لَھْوَنِا انْفَضُّوْا اِلَیْھَا وَتَرَکُوْکَ قَائِمًا(سورۃ الجمعۃ: 12) اور جب یہ لوگ تجارت یا کھیل کی بات دیکھتے ہیں تو تجھ سے الگ ہوکر اس کی طرف چلے جاتے ہیں اور تجھ کو اکیلا چھوڑ دیتے ہیں تو ان سے کہہ دے جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ کھیل کی بات بلکہ تجارت سے بھی اچھا ہے اور اللہ بہتر رزق دینے والا ہے۔ ایک اور روایت میں رسول اللہﷺ کے بارہ میں یَخْطُبُ قَائِماً کی بجائے یَخْطُبُ کا لفظ ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے کہ ہم جمعہ کے دن رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے کہ ایک تجارتی قافلہ آیا راوی کہتے ہیں کہ لوگ اس کی طرف چلے گئے اور سوائے بارہ آدمیوں کے کوئی بھی نہ رہا اور میں ان میں تھاوہ کہتے ہیں تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔ وَاِذَارَأَوْا تِجَارَۃً اَوْ لَھْوَنِا انْفَضُّوْا اِلَیْھَا وَتَرَکُوْکَ قَائِمًا (سورۃ الجمعۃ: 12) اور جب یہ لوگ تجارت یا کھیل کی بات دیکھتے ہیں تو تجھ سے الگ ہوکر اس کی طرف چلے جاتے ہیں اور تجھ کو اکیلا چھوڑ د یتے ہیں تو ان سے کہہ دے جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ کھیل کی بات بلکہ تجارت سے بھی اچھا ہے اور اللہ بہتر رزق دینے والا ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ جمعہ کے دن کھڑے تھے کہ مدینہ کی طرف ایک قافلہ آیا رسول اللہﷺ کے صحابہ جلدی سے اس کی طرف چلے گئے یہانتک کہ آپؐ کے پاس سوائے بارہ آدمیوں کے کوئی بھی نہ رہا۔ ان(بارہ) میں حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ تھے۔ راوی کہتے ہیں تب یہ آیت نازل ہوئی وَاِذَارَأَوْا تِجَارَۃً اَوْ لَھْوَنِا انْفَضُّوْا اِلَیْھَا(سورۃ الجمعۃ: 12)
حضرت کعب بن عُجرہؓ سے روایت ہے کہ وہ مسجد میں داخل ہوئے توعبد الرحمان بن ام الحکم بیٹھ کر خطبہ دے رہے تھے اس پہ انہوں نے کہا کہ اس لاعلم کو دیکھو بیٹھ کر خطبہ دے رہا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاِذَارَأَوْا تِجَارَۃً اَوْ لَھْوَنِا انْفَضُّوْا اِلَیْھَا وَتَرَکُوْکَ قَائِمًا(سورۃ الجمعۃ: 12) اور جب وہ کوئی تجارت یا دل بہلاوہ دیکھیں گے تو اس کی طرف دوڑ پڑیں گے اور تجھے اکیلا کھڑا ہوا چھوڑ دیں گے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ دونو ں نے بیان کیا کہ انہوں نے رسول اللہﷺ کو لکڑی کے منبر پرفرماتے ہوئے سنا کہ لوگ جمعہ چھوڑنے سے ضرور باز آ جائیں ورنہ اللہ ان کے دلوں پر ضرور مہر کردے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہوجائیں گے۔