بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 70 hadith
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے اس اثناء میں کہ نبیﷺ جمعہ کے دن خطبہ ارشاد فرمارہے تھے کہ ایک شخص آیا نبیﷺ نے اس سے فرمایا اے فلاں کیا تم نے نماز پڑھی ہے؟ اس نے کہا نہیں آپؐ نے فرمایا اُٹھو اور نماز پڑھو۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے خطبہ دیا اور فرمایا جب تم میں سے کوئی جمعہ کے دن آئے اور امام آچکا ہو تو چاہیے کہ وہ دو رکعت پڑھ لے۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں ایک شخص مسجد میں داخل ہوا اور رسول اللہﷺ جمعہ کے دن خطبہ ارشاد فرمارہے تھے نبیﷺ نے اس سے فرمایاکیا تم نے نماز پڑھی ہے؟ اس نے کہا نہیں آپؐ نے فرمایا اُٹھو اور دو رکعت نماز پڑھو۔ قتیبہ کی روایت میں قُمْکے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں ایک شخص آیا اور نبیﷺ جمعہ کے دن منبر پر خطبہ ارشاد فرما رہے تھے آپؐ نے اس سے فرمایاکیا تم نے دو رکعت پڑھی ہیں؟ اس نے کہا نہیں آپؐ نے فرمایا نماز پڑھو۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ ُسلیکؓ غطفانی جمعہ کے دن آئے اور رسول اللہﷺ منبر پر تشریف فرما تھے۔ ُسلیکؓ نماز پڑھنے سے پہلے بیٹھ گئے۔ نبیﷺ نے اسے فرمایا کیا تم نے دو رکعت پڑھی ہیں؟ اس نے کہا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا اٹھو اور دو (رکعت) پڑھو۔
حضرت جابرؓ بن عبد اللہ سے روایت ہے کہ سلیکؓ غطفانی جمعہ کے دن آئے اور رسول اللہﷺ خطبہ ارشاد فر مارہے تھے وہ بیٹھ گئے۔ آپؐ نے ان سے کہا اے سلیکؓ اُٹھو اور دو رکعتیں پڑھو اور ان میں اختصا ر کرو، پھر(آپؐ نے) فرمایا جب تم میں سے کوئی جمعہ کے دن آئے اور امام خطبہ دے رہا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ دورکعتیں پڑھے مگر مختصر پڑھے۔
ابو رفاعہؓ کہتے ہیں کہ میں نبیﷺ کے پا س پہنچا اور آپؐ خطبہ دے رہے تھے وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یارسولؐ اللہ! ایک مسافر آدمی اپنے دین کے بارہ میں سوال کرنے آیاہے اور نہیں جانتا کہ اس کا دین کیا ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ میری طرف متوجہ ہوئے اور اپنا خطبہ چھوڑ دیا یہانتک کہ میرے پاس پہنچ گئے پھر (آپؐ کے لئے)ایک کرسی لائی گئی میراخیال ہے کہ اس کے پائے لوہے کے تھے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ اس پر بیٹھ گئے اور جو اللہ نے آپ کو سکھایا ہے اس میں سے مجھے سکھانے لگے پھر آپؐ اپنے خطبہ کی طرف آئے اور اسے آخر تک مکمل کیا۔
ابن ابی رافع سے روایت ہے کہ مروان نے حضرت ابوہریرہ ؓ کو مدینہ پر اپنا قائم مقام مقرر کیا اور خود مکہ گیا ہمیں حضرت ابوہریرہؓ نے جمعہ پڑھایا اور سورۃ جمعہ کے بعد دوسری رکعت میں اِذَا جَائَ کَ الْمُنَافِقُوْنَ (سورۃ المنافقون)پڑھی۔ راوی کہتے ہیں جب ابو ہریرہؓ (جمعہ سے) فارغ ہوئے میں ان سے ملا اور ان سے کہا کہ آپ نے دو سورتیں پڑھی ہیں جو حضرت علیؓ بن ابی طالب کوفہ میں پڑھا کرتے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو جمعہ کے دن ان دونوں سورتوں کو پڑھتے سنا ہے۔ عبیداللہ بن ابی رافع سے روایت ہے کہ مروان نے حضرت ابوہریرہؓ کو قائمقام مقرر کیا۔ ایک اور روایت میں فَقَرَئَ بَعْدَ سُوْرَۃِ الْجُمُعَۃِ فِی الرَّکْعَۃِ الْآخِرَۃِ اِذَا جَائَ کَ الْمُنَافِقُوْنَ کی بجائے فَقَرَئَ سُوْرَۃَ الْجُمُعَۃِ فِی السَّجْدَۃِ الْاُوْلٰیوَفِی الْآخِرَۃِ اِذَا جَائَ کَ الْمُنَافِقُوْنَکے الفاظ ہیں۔
حضرت نعمان بن بشیرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ دونوں عیدوں اور جمعہ میں سورۃ اعلیٰ اور سورۃ غاشیہ پڑھتے تھے وہ کہتے ہیں جب عید اور جمعہ ایک ہی دن میں جمع ہوجاتے پھر بھی آپؐ ان دونوں سورتوں کو دونوں نمازوں میں پڑھا کرتے تھے۔
ضحاک بن قیس نے حضرت نعمان بن بشیرؓ کو سوال کرتے ہوئے لکھا کہ جمعہ کے دن رسول اللہﷺ سورۃجمعہ کے علاوہ کونسی (سورۃ) پڑھتے تھے؟ انہوں نے کہا آپؐ ھَلْ اَتَاکَ(سورۃ الغاشیہ) پڑھتے تھے۔