حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ رَافِعٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ حَدَّثَنَا مَعْمَرٌ عَنْ هَمَّامِ بْنِ مُنَبِّهٍ قَالَ هَذَا مَا حَدَّثَنَا أَبُو هُرَيْرَةَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَذَكَرَ أَحَادِيثَ مِنْهَا وَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم دَخَلَتِ امْرَأَةٌ النَّارَ مِنْ جَرَّاءِ هِرَّةٍ لَهَا - أَوْ هِرٍّ - رَبَطَتْهَا فَلاَ هِيَ أَطْعَمَتْهَا وَلاَ هِيَ أَرْسَلَتْهَا تُرَمِّمُ مِنْ خَشَاشِ الأَرْضِ حَتَّى مَاتَتْ هَزْلاً .
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک عورت بلی یا فرمایا بِلَّا کی وجہ سے آگ میں گئی جسے اس نے باندھ رکھا تھا۔ جسے نہ تو وہ کھانا کھلاتی نہ ہی اسے زمین کے کیڑے مکوڑے لینے کے لئے چھوڑتی یہاں تک کہ وہ کمزوری سے مر گئی۔
حضرت ابو سعید خدریؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ (اللہ فرماتا ہے) کہ عزت اس کا ازار ہے اور کبریائی اس کی چادر ہے جو مجھ سے یہ چھینے گا میں اسے عذاب دوں گا۔
حضرت جندبؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ایک شخص نے کہا کہ اللہ کی قسم ہے کہ اللہ فلاں کو نہیں بخشے گا اور اللہ فرماتا ہے کہ کون ہے جو مجھ پر قسم کھاتا ہے کہ میں فلاں کو نہیں بخشوں گا میں نے فلاں کو بخش دیا اور تیرے عمل کو ضائع کردیا یا جیسا راوی نے کہا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کتنے ہی پراگندہ بال دروازوں سے دھتکار دئیے جانے والے ہیں اگر وہ اللہ پر قسم کھا لیں تو وہ ضرور اسے پورا کر دے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی شخص یہ کہے کہ لوگ ہلاک ہو گئے تو وہ ان سب سے زیادہ ہلاک ہونے والا ہے۔ راوی کہتے ہیں مجھے نہیں پتہ کہ اَھْلَکَھُم (زبر سے) ہے یا اَھْلَکُھُم (پیش سے) ہے۔
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جبرائیل مجھے مسلسل پڑوسی کے بارہ میں تاکید کرتا رہا یہاں تک کہ مجھے گمان ہوا کہ وہ ضرور اسے وارث بھی قرار دے دے گا۔
حضرت ابن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جبرائیل مجھے پڑوسی کے بارہ میں تاکید کرتا رہا یہانتک کہ مجھے گمان ہوا کہ وہ اسے وارث قرار دے دے گا۔
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ میرے دلی دوست ﷺ نے مجھے تاکید کی کہ جب تو شوربہ بنائے تو اس میں پانی زیادہ ڈال لے اور اپنے پڑوسیوں کے گھر والوں کا خیال رکھ اور اس میں سے انہیں مناسب طور پر دے۔