بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 160 hadith
حضرت ابو موسیٰؓ بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہﷺ کے پاس کوئی ضرورت مند آتا تو آپؐ اپنے پاس بیٹھے ہوئے احباب کی طرف متوجہ ہوتے اور فرماتے سفارش کرو تمہیں اجر دیا جائے گا اور اللہ جو پسند کرے گا (وہی) اپنے نبیؐ کی زبان پر فیصلہ فرمائے گا۔
حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اچھے ساتھی اور برے ساتھی کی مثال مشک اٹھانے والے اور بھٹی جھونکنے والے کی سی ہے۔ خوشبو والا یا تو تجھے (خوشبو) دے دے گا یا تو اس سے خرید لے گا یا کم از کم تجھے اس سے اچھی خوشبو تو آجائے گی اور بھٹی جھونکنے والا یا تو تیرے کپڑے جلا دے گا یا تجھے اس سے بدبو آئے گی۔
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ میرے پاس ایک عورت آئی اور اُس کے ساتھ اس کی دو بیٹیاں تھیں اس نے مجھ سے مانگا مگر اس نے میرے پاس سوائے ایک کھجور کے کچھ نہ پایا۔ میں نے وہی اسے دے دی۔ اس نے وہ لی اور وہی اپنی دونوں بیٹیوں میں تقسیم کردی اور خود اس میں سے کچھ نہ کھایا۔ پھر اُٹھ گئی اور اس کی دونوں بیٹیاں بھی۔ پھر نبی ﷺ میرے پاس تشریف لائے تو میں نے آپ کو اس کی بات بتائی اس پر نبی ﷺ نے فرمایا جس کی بیٹیوں سے کچھ آزمائش کی گئی اور اس نے ان بیٹیوں سے حسن سلوک کیا تو وہ آگ سے اس کے لئے روک ہوجائیں گی۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ میرے پاس ایک مسکین عورت اپنی دو بیٹیاں اُٹھائے ہوئے آئی تو میں نے اسے تین کھجوریں کھانے کو دیں۔ اس نے ان دونوں میں سے ہر ایک کو ایک ایک کھجور دی اور ایک کھجور کھانے کے لئے اپنے منہ کی طرف بڑھائی ہی تھی کہ اس کی بیٹیوں نے کھانے کے لئے وہ بھی مانگ لی۔ چنانچہ اس نے وہ کھجور جسے وہ کھانا چاہتی تھی ان دونوں کے درمیان آدھی آدھی تقسیم کردی۔ مجھے اس کا فعل پسند آیا اور میں نے جو اس نے کیا تھا رسول اللہﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا کہ اللہ نے اس وجہ سے اس پر جنت واجب کردی یا (فرمایا) اس کی وجہ سے اسے آگ سے آزاد کردیا۔
حضرت انسؓ بن مالک بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس نے دو بچیوں کی پرورش کی یہاں تک کہ وہ دونوں بالغ ہو گئیں تو قیامت کے دن وہ آئے گا، میں اور وہ اس طرح ہوں گے اور آپؐ نے اپنی انگلیوں کو ملایا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ مسلمانوں میں سے جس کے تین بچے مر جائیں اسے آگ نہیں چھوئے گی مگر قسم پوری کرنے کے لئے۔ ایک روایت میں (فَتَمَسَّہُ النَّار کی بجائے) فَیَلِجَ النَّارَ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے انصاری عورتوں سے فرمایا کہ تم میں سے جس عورت کے تین بچے فوت ہوئے اور وہ راضی برضا ہو تو وہ جنت میں داخل ہوگی۔ اس پر ان میں سے ایک عورت نے کہا یا دو (بچے) یا رسولؐ اللہ! آپؐ نے فرمایا یا دو۔
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک عورت رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! مرد آپؐ کی ساری باتیں سُن لیتے ہیں۔ پس آپؐ بنفسِ نفیس ہم سے ملنے کے لئے کوئی ایسا دن مقرر فرما دیں جس میں ہم آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوں اور آپؐ ہمیں اس میں سے کچھ سکھائیں جو اللہ نے آپؐ کو سکھایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ فلاں فلاں دن اکٹھی ہو جاؤ۔ چنانچہ وہ سب اکٹھی ہوئیں اور رسول اللہﷺ ان کے پاس تشریف لائے اور انہیں اس میں سے سکھایا جو اللہ نے آپؐ کو سکھایا تھا۔ آپؐ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی (عورت) تین بچے اپنے آگے نہیں بھیجتی مگر وہ اس کے لئے آگ سے روک بن جاتے ہیں۔ اس پر ایک عورت نے عرض کیا اور (اگر) دو ہوں، دو ہوں، دو ہوں؟ رسول اللہﷺ نے فرمایا (خواہ) دو ہوں، دو ہوں، دو ہوں۔ ایک روایت میں ہے حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ تین (بچے) جو بالغ نہ ہوئے ہوں۔
ابو حسان بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے پوچھا کہ میرے دو بیٹے مر گئے ہیں اور آپؐ ہمیں رسول اللہﷺ کی کوئی ایسی حدیث نہیں بتاتے جس سے آپ ہمیں ہمارے وفات یافتگان کے بارہ میں خوش کر دیں۔ وہ کہتے ہیں حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا ہاں ان کے چھوٹے (بچے) تو جنت کی چھوٹی مچھلیاں ہیں۔ جب ان میں سے کوئی اپنے باپ یا کہا کہ اپنے والدین سے ملے گا تو وہ اس کے کپڑے کو پکڑے گا یا کہا کہ اس کا ہاتھ پکڑے گا جیسے میں تمہارے اس کپڑے کے پلو کو پکڑے ہوئے ہوں وہ اس وقت تک باز نہیں آئے گا یا کہا نہیں ہوگا جب تک اللہ اسے اور اس کے باپ کو جنت میں داخل نہ کر دے۔ ایک اور روایت میں ہے ابو حسان کہتے ہیں کہ کیا آپؓ نے رسول اللہﷺ سے کوئی ایسی بات سنی ہے جو ہمیں ہمارے وفات یافتگان کی طرف سے خوش کر دے۔ انہوں نے کہا ہاں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک عورت اپنے بچہ کے ساتھ نبیﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا اے اللہ کے نبیؐ! اس کے لئے اللہ سے دعا کیجئے تین (بچوں) کو میں دفنا چکی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا تین (بچوں) کو دفنا چکی ہو! اس نے عرض کیا جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا تم نے تو آگ سے بچاؤ کے لئے بڑی مضبوط روک بنا لی ہے۔