بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم قیامت سے پہلے ایسی قوم سے لڑو گے جن کے جوتے بالوں کے ہوں گے ان کے چہرے گو یا ایسے ہیں جیسے کوٹی ہوئی ڈھالیں، سرخ چہرے اور چھوٹی آنکھوں والے۔
ابو نضرہ سے روایت ہے کہ ہم حضرت جابرؓ بن عبد اللہؓ کے پاس تھے انہوں نے کہا قریب ہے کہ عراق والوں کے پاس قفیز اور درہم ٹیکس میں نہ آئیں۔ ہم نے کہا وہ کہاں سے؟ انہوں نے کہا عجمیوں کی طرف سے، وہ اسے روک لیں گے۔ پھر انہوں نے کہا قریب ہے کہ شام والوں کے پاس دینار اور مُدی ٹیکس میں نہ آئیں۔ ہم نے کہا وہ کہاں سے؟ انہوں نے کہا رومیوں کی طرف سے وہ اسے روک لیں گے۔ پھر وہ کچھ دیر خاموش رہے پھر کہا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میری امت کے آخر میں ایک خلیفہ ہوگا جو دونوں ہاتھوں سے مال دے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔ راوی کہتے ہیں میں نے ابو نضرہ اور ابوالعلاء سے پوچھا کہ آپ کا کیا خیال ہے کہ وہ حضرت عمر بن عبد العزیزؒ ہیں؟ تو ان دونوں نے کہا نہیں۔
حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہارے خلفاء میں سے ایک خلیفہ ہوگا جو دونوں ہاتھ سے مال دے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔ ایک اور روایت میں (یَحْثُو المَالَ کی بجائے) یَحْثیِ الْمَالَ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو سعیدؓ اور حضرت جابر بن عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا آخری زمانہ میں ایک خلیفہ ہوگا جو مال تقسیم کرے گا اور اسے شمار نہیں کرے گا۔
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ مجھے اس نے بتایا جو مجھ سے بہتر ہے کہ رسول اللہﷺ نے عمارؓ سے جب وہ خندق کھودنے لگے تھے تو ان کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے فرمایا سمیہ کے بیٹے کی مصیبت! ایک باغی لشکر تجھے قتل کرے گا۔ ایک روایت میں (یَقُولُ بُؤسَ ابْنِ سُمَیَّۃَ کی بجائے) یَقُولُ وَیْسَ اَوْ یَقُولُ یَاوَیْسََ ابْنِ سُمَیَّۃَ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ام سلمہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے عمارؓ سے فرمایا ایک باغی گروہ تجھے قتل کرے گا۔
حضرت ام سلمہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا عمارؓ کو ایک باغی گروہ قتل کرے گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا قریش کا یہ قبیلہ میری امت کو ہلاک کرے گا انہوں نے عرض کیا تو آپؐ ہمیں کیا ارشاد فرماتے ہیں؟ فرمایا (بہتر ہے) اگر لوگ ان سے الگ رہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کسریٰ مر گیا، اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں اور جب قیصر ہلاک ہوگا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہیں ہوگا اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ضرور ان دونوں کے خزانے اللہ کی راہ میں خرچ کئے جائیں گے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کسریٰ ہلاک ہوگیا پھر اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں اور قیصر ضرور ہلاک ہوگا پھر اس کے بعد کوئی قیصر نہیں ہوگا اور ضرور ان دونوں کے خزانے اللہ کی راہ میں تقسیم کئے جائیں گے۔ ایک روایت میں ہے حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب کسریٰ ہلاک ہوگا تو اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں ہوگا۔۔۔۔ باقی روایت حضرت ابو ہریرہؓ کی روایت کی طرح ہے۔