بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
ابن شہاب بیان کرتے ہیں کہ مجھے سعید بن خالد بن عمرو بن عثمان نے بتایا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر سے اس چیز کے بعد جسے آگ نے چھؤا ہو وضوء کے بارہ میں پوچھا تو عروہ نے کہا میں نے نبی ﷺ کی زوجہ مطہّرہ حضرت عائشہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس چیز کو آگ نے چھؤا ہو اُس کے بعد وضوء کرو۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے بکری کے شانہ (کا گوشت) کھایا اور پھر آپؐ نے نماز پڑھی لیکن وضوء نہ کیا۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ہڈی کو جس پر تھوڑا سا گوشت تھا یا گوشت کھایا پھر نماز ادا کی۔ نہ وضوء کیا نہ پانی کو چھؤا۔
جعفر بن عمرو بن امیہ ا لضمری اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ (بکری کے) شانہ سے گوشت کاٹ کر کھا رہے تھے۔ پھر آپؐ نے نماز پڑھی اور (نیا) وضوء نہ کیا۔
جعفر بن عمرو بن امیہ الضمری اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو دیکھا کہ آپؐ بکری کے شانہ سے گوشت کاٹ کر کھا رہے ہیں اتنے میں آپؐ کو نماز کے لئے بلایا گیا تو آپؐ اُٹھ کھڑے ہوئے اور چھری وہیں رکھ دی۔ آپؐ نے نماز پڑھی اور وضوء نہ کیا۔
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت میمونہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ان کے ہاں (بکری کے) شانہ (کا گوشت) تناول فرمایا پھر آپؐ نے نماز ادا کی اور (تازہ) وضوء نہ کیا۔
حضرت ابو رافعؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ میں رسول اللہ ﷺ کے لئے بکری کی کلیجی بھونتا تھا اس کے (کھانے کے) بعد حضورؐ نے نماز پڑھی اور (تازہ) وضوء نہ کیا۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے دودھ نوش فرمایا۔ پھر آپؐ نے پانی منگوایا پھر کلی کی اور فرمایا اس میں چکناہٹ ہوتی ہے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے اپنے کپڑے زیبِ تن کئے پھر آپؐ نماز کے لئے نکلے کہ اسی اثناء میں آپؐ کی خدمت میں روٹی اور گوشت کا تحفہ پیش کیا گیا۔ آپؐ نے اس میں سے تین لقمے کھائے۔ پھر آپؐ نے لوگوں کو نماز پڑھائی اور پانی کو نہیں چھؤا۔ (یعنی تازہ وضوء نہیں کیا)۔ دوسری روایت میں ہے کہ حضرت ابن عباسؓ نے نبیﷺ کے بارہ میں یہ شہادت دی ہے۔ انہوں نے صلّٰی کہا مگر بِا لنَّاسِ نہیں کہا۔
حضرت جابر بن سمرہؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا کیا میں بکری کا گوشت (کھانے) پر وضوء کروں؟ آپؐ نے فرمایا کہ اگر تو چاہے تو وضوء کر لے اور چاہے تو وضوء نہ کر۔ پھر اس نے پوچھا کہ کیا میں اونٹ کے گوشت کے بعد وضوء کروں؟ آپؐ نے فرمایا کہ ہاں اونٹ کے گوشت کے بعد وضوء کرو۔ اس نے پوچھا کہ کیا میں بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لوں؟ آپؐ نے فرمایا ہاں۔ اس نے پوچھا کہ کیا میں اونٹوں کے باڑے میں نماز پڑھ لوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔