بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 129 hadith
حضرت انسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن ہر غدار کا جھنڈا ہوگا جس کے ذریعہ وہ پہچانا جائے گا۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن ہر غدار کی پُشت کے قریب جھنڈا ہوگا۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر غدار کے لئے قیامت کے دن جھنڈا ہوگا جو اس کی غداری کی مقدار کے مطابق بلند کیا جائے گا اور سنو عوام کے غدار حاکم سے بڑھ کر کوئی غدار نہیں ہے۔
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ لڑائی سراسر دھوکہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لڑائی سراسر دھوکہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا دشمن سے مقابلہ کی تمنا نہ کرو اور جب ان سے مڈھ بھیڑ ہو جائے تو ثابت قدم رہو۔
ابو نضر نے بنی اسلم کے ایک شخص جو نبی ﷺ کے صحابہ میں سے تھے جنہیں حضرت عبد اللہ بن ابی اوفیٰ کہا جاتا تھا کے خط کے بارہ میں بیان کیا کہ انہوں نے عمر بن عبیداللہ کو خط لکھا جب وہ حروریہ کے مقابلہ میں روانہ ہوئے کہ رسول اللہ ﷺ جس دن دشمن سے برسر پیکار ہوتے تو آپؐ انتظار فرماتے یہانتک کہ جب سورج ڈھل جاتا تو آپؐ ان میں کھڑے ہوتے اور فرماتے اے لوگو! دشمن سے مُڈھ بھیڑ کی تمنا نہ کرو اور جب تمہاری مُڈھ بھیڑ ہو تو صبر کرو اور جان لو کہ جنت تلواروں کے سائے تلے ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد رسول اللہ ﷺ پھر کھڑے ہوئے اور فرمایا اے اللہ! کتاب کو نازل فرمانے والے اور بادلوں کو چلانے والے اور لشکروں کو شکست دینے والے! انہیں شکست دے اور ان کے خلاف ہماری مدد فرما۔
حضرت عبد اللہ ؓ بن ابی اوفیٰ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے احزاب کے خلاف دعا مانگی اور کہا اے اللہ! کتاب کو نازل فرمانے والے، جلد حساب لینے والے احزاب کو شکست دے۔ اے اللہ! انہیں شکست دے اور انہیں متزلزل کردے۔ ایک اور روایت میں (اِھْزِمِ الْاَحْزَابَ کی بجائے) ھازِمَ الْاَحْزَابِ کے الفاظ ہیں اور اَللّٰھُمَّ کا ذکر نہیں ہے جبکہ ایک اور روایت میں مُجْرِیَ السَّحَابِ (بادلوں کے چلانے والے) کے الفاظ ہیں۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ اُحد کے دن فرما رہے تھے۔ اے اللہ! اگر تو چاہے تو زمین میں تیری عبادت نہ کی جائے گی۔
حضرت عبد اللہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے ایک غزوہ میں ایک عورت مقتول پائی گئی تو رسول اللہ ﷺ نے عورتوں اور بچوں کا قتل سخت ناپسند فرمایا۔