بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 297 hadith
ابو رافع سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابو ہریرہؓ کو سورۃ { اِذَا السَّمَآئُ انْشَقَّتْ}(انشقاق: 2) میں سجدہ کرتے دیکھا تو میں نے ان سے کہا کہ آپ اس میں سجدہ کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا ہاں کیونکہ میں نے اپنے خلیلﷺ کو اس میں سجدہ کرتے دیکھا ہے اس لئے میں بھی اس وقت تک کہ آپؐ سے جا مِلوں اس میں سجدہ کرتا رہوں گا۔ شعبہ کہتے ہیں میں نے کہا نبیﷺ؟ تو انہوں نے کہا ہاں۔
عامر بن عبد اللہ بن زبیر اپنے والد سے روایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب نماز میں بیٹھتے تو اپنے بائیں پاؤں کو اپنی ران اور پنڈلی کے درمیان رکھتے اور اپنا دایاں پاؤں بچھاتے اور اپنا بایاں ہاتھ اپنے بائیں گھٹنے پر رکھتے اور اپنا دایاں ہاتھ اپنی دائیں ران پر رکھتے اور اپنی انگلی سے اشارہ فرماتے۔
عامر بن عبد اللہ بن زبیرؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ جب دعا کرتے ہوئے قعدہ فرماتے تو اپنے دائیں ہاتھ کو اپنی دائیں ران پر رکھتے اور اپنے بائیں ہاتھ کو اپنی بائیں ران پر رکھتے اور شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے اور اپنا انگوٹھا درمیانی انگلی پر رکھتے اور بائیں ہتھیلی کو اپنے گھٹنے سے ملا کر رکھتے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب نماز میں بیٹھتے تو اپنے دونوں ہاتھ اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھتے اور انگوٹھے کے ساتھ والی دائیں انگلی کو اٹھا کر دعا کرتے اور اپنا بایاں ہاتھ اپنے بائیں گھٹنے پر پھیلا کر رکھتے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ جب تشہد میں بیٹھتے تو اپنا بایاں ہاتھ اپنے بائیں گھٹنے پر رکھتے اور اپنا دایاں ہاتھ اپنے دائیں گھٹنے پر رکھتے اور ترپن ۵۳ کی گرہ بناتے اور شہادت کی انگلی سے اشارہ فرماتے۔
علی بن عبد الرحمان المعاوی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ حضرت عبد اللہؓ بن عمر نے مجھے دیکھا جبکہ میں نماز میں کنکریوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ چنانچہ جب وہ نماز سے فارغ ہوئے تو انہوں نے مجھے منع کیا اور کہا کہ اس طرح کرو جس طرح رسول اللہﷺ کیا کرتے تھے۔ میں نے پوچھا کہ رسول اللہﷺ کیسے کیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا کہ جب آپؐ نماز میں بیٹھتے تو اپنی دائیں ہتھیلی اپنی دائیں ران پر رکھتے اور اپنی سب انگلیوں کو بند رکھتے اور اپنے انگوٹھے کے ساتھ والی انگلی سے اشارہ کرتے اور اپنی بائیں ہتھیلی اپنی بائیں ران پر رکھتے۔ ایک اور روایت علی بن عبد الرحمان المعاوی سے مروی ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ کے پہلو میں نماز پڑھی۔ آگے راوی نے مالک کے ہم معنٰی روایت بیان کی۔
ابو معمر سے روایت ہے کہ مکہ میں ایک حاکم تھا جو دو سلام پھیرتا تھا۔ حضرت عبد اللہؓ نے پوچھا کہ یہ طریق اس نے کہاں سے اخذ کیا!۔۔۔۔۔ حکم نے (شعبہ سے) اپنی روایت میں کہا کہ رسول اللہﷺ یہ کیا کرتے تھے۔
ابو معمر حضرت عبد اللہؓ سے روایت کرتے ہیں۔۔۔۔ شعبہ نے کہا ایک دفعہ راوی نے مرفوع بیان کیا تھا کہ کسی امیر یا کسی شخص نے دو مرتبہ سلام پھیرا تو حضرت عبد اللہؓ نے پوچھا کہ یہ طریق اس نے کہاں سے لیا ہے۔
عامر بن سعد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا میں رسول اللہ ﷺ کو اپنے دائیں اور بائیں سلام پھیرتے دیکھا کرتا تھا یہاں تک کہ میں آپؐ کے رخسار کی سفیدی دیکھ لیتا۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کی نماز کا اختتام اللہ اکبر کہنے سے پہچانتے تھے۔