بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 297 hadith
حضرت ابو ذرؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! زمین پر سب سے پہلے کونسی مسجد بنائی گئی تھی؟ آپؐ نے فرمایا مسجد حرام، میں نے عرض کیا پھر کونسی؟ آپؐ نے فرمایا مسجد اقصیٰ، میں نے پوچھا کہ دونوں مسجدوں میں کتنا (وقفہ) تھا؟ آپؐ نے فرمایا: چالیس سال، لیکن تمہیں جہاں نماز کا وقت آجائے (اسی جگہ) نماز پڑھ لو، وہی مسجد ہے۔ ابو کامل کی روایت میں (وَاَیْنَمَا۔۔۔۔۔ کے بجائے) حَیْثُمَا اَدْرَکَتْکَ الصَّلَاۃُ فَصَلِّہْ فَاِنَّہُ مَسْجِدٌ کے الفاظ ہیں۔
ابراہیم بن یزید التَیْمِی سے روایت ہے کہ میں اپنے والد کو مسجد کے باہر چبوترہ پر قرآن سنایا کرتا تھا۔ جب میں سجدہ (والی آیت) پڑھتا تو وہ سجدہ کرتے۔ میں نے اُن سے پوچھا اے میرے باپ! کیا آپ رستہ میں سجدہ کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت ابو ذرؓ کو کہتے ہوئے سنا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے زمین میں بنائی جانے والی پہلی مسجد کے بارہ میں پوچھا تو آپؐ نے فرمایا کہ مسجد حرام۔ میں نے عرض کیا کہ پھر کونسی تو آپؐ نے فرمایا مسجد اقصیٰ۔ میں نے پوچھا کہ ان دونوں میں کتنا (وقفہ) تھا؟ آپؐ نے فرمایا چالیس سال، پھر ساری زمین تمہارے لئے مسجد ہے۔ پس جہاں کہیں تمہیں نماز کا وقت آجائے، نماز پڑھ لو۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ انصاری سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ مجھے پانچ (خصوصیات) دی گئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی کو نہیں دی گئیں: ہر نبی خاص اپنی قوم کی طرف بھیجا جاتا تھا اور مجھے ہر سرخ و سیاہ کی طرف مبعوث کیا گیا ہے اور میرے لئے غنیمتیں جائز کی گئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی کے لئے جائز نہیں تھیں اور میرے لئے (کرّئہ) زمین کو پاک اور پاکیزگی کا ذریعہ اور مسجد ٹھہرایا گیا ہے۔ پس جس شخص کو نماز کا وقت آ لے تو وہ جہاں کہیں (بھی) ہو نماز پڑھ لے اور ایک ماہ کی مسافت کے (برابر) رعب کے ذریعہ میری مدد کی گئی ہے اور مجھے شفاعت عطاء کی گئی ہے۔
حضرت حذیفہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ہمیں لوگوں پر تین باتوں میں فضیلت دی گئی ہے ہماری صفیں فرشتوں کی صفوں جیسی بنائی گئی ہیں۔ ہمارے لئے تمام زمین مسجد بنائی گئی ہے اور جب ہمیں پانی نہ ملے تو اس کی مٹی ہمارے لئے پاک کرنے کا ذریعہ بنائی گئی ہے اور ایک اور خصوصیت کا ذکر کیا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مجھے انبیاء پر چھ باتوں میں فضیلت دی گئی ہے مجھے جوامع الکلم دیئے گئے ہیں اور رعب سے مجھے مدد دی گئی ہے اور غنیمتیں میرے لئے جائز کی گئی ہیں اور زمین میرے لئے پاکیزگی کا ذریعہ اور مسجد بنائی گئی ہے اور مجھے سب مخلوق کی طرف بھیجا گیا ہے اور میرے ذریعہ نبیوں پر مہر لگائی گئی ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مجھے جوامع الکلم کے ساتھ مبعوث کیا گیا ہے اور رعب کے ذریعہ میری مدد کی گئی ہے اور اس دوران کہ میں سو رہا تھا زمین کے خزانوں کی چابیاں لائی گئیں اور میرے سامنے رکھ دی گئیں۔ حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ تو تشریف لے گئے اب تم ان خزانوں کو نکال رہے ہو۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ دشمن کے مقابلہ پر مجھے رعب سے مدد کی گئی ہے اور مجھے جوامع الکلم دیئے گئے ہیں اور اس دوران کہ میں سو رہا تھا زمین کے خزانوں کی چابیاں میرے پاس لائی گئیں اور میرے ہاتھوں میں رکھ دی گئیں۔
ہمام بن منَبِّہ سے روایت ہے کہ یہ وہ باتیں ہیں جو ہمیں حضرت ابو ہریرہؓ نے رسول اللہﷺ سے روایت کر کے بتائیں۔ پھر انہوں نے اس میں سے کچھ احادیث بیان کیں۔ ان میں سے (ایک یہ ہے) کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ رعب کے ذریعہ میری مدد کی گئی ہے اور مجھے جوامع الکلم دیئے گئے ہیں۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ مدینہ تشریف لائے۔ آپؐ بنی عمرو بن عوف نامی قبیلہ میں مدینہ کی بالائی بستی میں اترے آپؐ نے ان میں چودہ راتیں قیام فرمایا پھر آپؐ نے بنی نجار کے سرداروں کو بلا بھیجا۔ وہ اپنی تلواریں حمائل کئے آگئے۔ وہ کہتے ہیں گویا میں رسول اللہﷺ کو اپنی اونٹنی پر سوار دیکھ رہا ہوں اور حضرت ابو بکرؓ آپؐ کے پیچھے سوار ہیں اور بنی نجار کے سردار آپؐ کے گرد ہیں یہاں تک کہ آپؐ حضرت ابو ایوبؓ کے صحن میں اُترے۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کو جہاں نماز کا وقت آجاتا آپؐ وہیں نماز پڑھ لیتے۔ آپؐ بھیڑ بکریوں کے باڑے میں بھی نماز پڑھ لیتے۔ پھر آپؐ نے مسجد (کی تعمیر) کا ارشاد فرمایا۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر آپؐ نے بنی نجار کے سرداروں کو بلایا۔ وہ آئے تو آپؐ نے فرمایا اے بنی نجار! اپنے اس احاطہ کی قیمت مجھ سے طے کرلو۔ انہوں نے عرض کیا نہیں نہیں، اللہ کی قسم! ہم صرف اللہ سے اس کی قیمت کے طلبگار ہیں۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں اس میں جو کچھ تھا میں بتاتا ہوں اس میں کھجور کے درخت تھے اور مشرکوں کی کچھ (پرانی) قبریں تھیں اور کھنڈرات بھی تھے۔ پس رسول اللہﷺ نے کھجور کے درختوں کے بارہ میں ارشاد فرمایا تو وہ کاٹ دیئے گئے اور مشرکوں کی قبروں کے بارہ میں (ارشاد فرمایا) تو وہ کھودی گئیں اور کھنڈرات کے بارہ میں (ارشاد فرمایا) تو وہ برابر کر دئیے گئے۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگوں نے کھجور کے درختوں کو قطار میں قبلہ کی جانب لگا دیا اور اس کے دونوں پہلوؤں میں پتھر لگا دیئے۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ (صحابہؓ) رجز پڑھتے تھے اور رسول اللہﷺ ان کے ساتھ تھے اور وہ کہتے تھے اے اللہ! بھلائی تو صرف آخرت کی بھلائی ہے پس تو انصار اور مہاجرین کی نصرت فرما۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ مسجد بننے سے قبل بھیڑ بکریوں کے باڑوں میں نماز پڑھ لیا کرتے تھے۔