بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 297 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے اس بات سے منع فرمایا کہ آدمی کمر پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھے۔ راوی ابو بکر کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا۔
حضرت معیقیبؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے سجدہ کی جگہ میں کنکریوں پر ہاتھ پھیرنے کے بارہ میں ذکر فرمایا اور فرمایا کہ اگر تجھے اس کے کرنے کے بغیر کوئی چارہ نہ ہو تو ایک بار کر لے۔
حضرت معیقیبؓ سے روایت ہے کہ لوگوں نے نبی ﷺ سے نماز میں ہاتھ پھیرنے (یعنی کنکر وغیرہ ہٹانے) کے بارہ میں پوچھا تو آپؐ نے فرمایا کہ صرف ایک دفعہ۔
ابو سلمہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ مجھے حضرت معیقیبؓ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے اس آدمی کے بارہ میں جو سجدہ کی جگہ مٹی برابر کرے۔ فرمایا اگر تمہیں اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو ایک دفعہ کر لیا کرو۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے قبلہ کی دیوار پر تھوک دیکھا تو اسے کھرچ دیا پھر آپؐ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو اپنے سامنے مت تھوکے کیونکہ جب کوئی نماز پڑھ رہا ہو تو اس کے سامنے خدا ہوتا ہے۔ اور روایات میں حضرت ابن عمرؓ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے مسجد کے قبلہ میں رینٹھ دیکھی سوائے ضحاک کی روایت کے۔ اس میں مالک کی روایت کے ہم معنٰی نُخَامَۃً فِی الْقِبْلَۃِ (قبلہ پر رینٹھ کے) الفاظ ہیں۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے مسجد کے قبلہ میں رینٹھ دیکھی تو اسے کنکر سے کھرچ دیا۔ پھر آپؐ نے اس بات سے منع فرمایا کہ کوئی آدمی اپنے دائیں یا سامنے تھوکے بلکہ (فرمایا کہ) اپنے بائیں تھوکے یا اپنے بائیں قدم کے نیچے تھوکے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے قبلہ کی دیوار پر تھوک، بلغم یا رینٹھ دیکھی تو اسے کھرچ دیا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے مسجد کے قبلہ میں رینٹھ دیکھی تو آپؐ لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم میں سے کوئی اپنے رب کے حضور کھڑا ہوتا ہے اور اس کے سامنے تھوکتا ہے۔ کیا تم میں سے کوئی پسند کرتا ہے کہ کوئی اس کے سامنے آئے اور اس کے چہرہ پر تھوک دے! پس جب تم میں سے کوئی تھوکے تو اپنے بائیں پاؤں کے نیچے تھوکے۔ اگر وہ جگہ نہ پائے تو پھر اس طرح کرے۔ قاسم کہتے ہیں کہ آپؐ نے اپنے کپڑے میں تھوکا اور پھر اس کے ایک حصہ کو دوسرے پر لپیٹ دیا۔ ایک دوسری روایت میں ہے کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ گویا میں رسول اللہﷺ کو اپنا کپڑا تہہ کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی نماز میں ہو تو وہ اپنے رب سے مناجات کر رہا ہوتا ہے پس وہ ہر گز اپنے سامنے اور اپنے دائیں طرف نہ تھوکے بلکہ بائیں طرف اپنے قدم کے نیچے۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ مسجد میں تھوکنا ایک بڑی غلطی ہے اور اس کا کفارہ اسے دبا دینا ہے۔