بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 112 hadith
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے جسے وہ نبیﷺ تک پہنچاتے ہیں آپؐ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی ڈھیلے استعمال کرے تو طاق استعمال کرے اور جب تم میں سے کوئی وضوء کرے تو اسے چاہیئے کہ اپنے ناک میں پانی ڈالے پھر اسے صاف کرے۔
ہمام بن منبہ کہتے ہیں یہ وہ احادیث ہیں جو حضرت ابوہریرۃ ؓ نے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ سے ہمارے پاس بیان کیں۔ پھر انہوں نے کئی احادیث کا ذکر کیا۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی وضوء کرے تو اپنے دونوں نتھنوں میں پانی ڈالے اور پھر انہیں صاف کرے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جو تم میں سے وضوء کرے تو ناک میں پانی ڈال کر صاف کرے اور جو ڈھیلے لے وہ طاق لے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی اپنی نیند سے بیدار ہو تو وہ تین بار ناک صاف کرے کیونکہ شیطان اس کی ناک میں رات گزارتا ہے۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی ڈھیلے لے تو طاق تعداد میں لے۔
شداد کے آزاد کردہ غلام سالم بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت سعد بن ابی قاصؓ کی وفات کے دن نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ کے پاس گیا وہاں حضرت عبد الرحمان بن ابو بکرؓ آئے اور انہوں نے حضرت عائشہؓ کے پاس وضوء کیا اس پر انہوں نے کہا اے عبد الرحمان! پوری طرح وضوء کرو کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے۔ ایڑیوں کے لئے آگ کا عذاب ہے۔ المہری کے آزاد کردہ غلام سالم سے روایت ہے کہ میں اور عبد الرحمان بن ابو بکر حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کے جنازہ کے لئے نکلے تو حضرت عائشہؓ کے حجرہ کے دروازہ کے پاس سے گذرے۔ انہوں نے نبی ﷺ کی اسی حدیث کا ان سے ذکر کیا۔
حضرت عبد اللہ بن عمروؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ مکہ سے مدینہ لوٹ رہے تھے۔ جب ہم راستہ میں پانی کے پاس تھے تو لوگوں نے نماز عصر کے لئے جلدی جلدی وضوء کیا اور وہ جلدی میں تھے۔ ہم ان کے پاس پہنچے تو (دیکھا کہ خشکی کی وجہ سے) ان کی ایڑیاں چمک رہی تھیں ان کو پانی نے نہیں چھوا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا ایڑیوں کے لئے آگ کا عذاب ہے۔ پوری طرح وضو کیا کرو۔ شعبہ کی روایت میں اسبغوا الوضوء کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمروؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ایک سفر میں نبی ﷺ ہم سے پیچھے رہ گئے اور آپؐ ہمارے پاس پہنچے۔ نماز عصر کا وقت ہو چکا تھا۔ پس ہم اپنے پاؤں پر مسح کرنے لگے تو آپؐ نے بلند آواز سے فرمایا ایڑیوں کے لئے آگ کا عذاب ہے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جس نے اپنی ایڑیاں نہیں دھوئی تھیں۔ اس پر آپؐ نے فرمایا ایڑیوں کے لئے آگ کا عذاب ہے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے کچھ لوگوں کو دیکھا کہ وہ پانی کے برتن سے وضوء کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پورا وضوء کرو کیونکہ میں نے ابوالقاسم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ایڑیوں کے لئے آگ کا عذاب ہے۔