بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 5 of 105 hadith
محمد بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ احمد بن بشیر ابوبکر نے ہمیں بتایاکہ ہاشم بن ہاشم نے ہمیں خبر دی، ہاشم نے کہا مجھے عامر بن سعد نے بتایا، عامر نے کہا میں نے اپنے باپ سے سنا وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جس نے صبح کو سات عجوہ کھجوریں کھالیں تو اس دن اس کو نہ زہر نقصان دے گا اور نہ جادو۔
(تشریح)عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابوادریس خولانی (عائذ اللہ )سے، خولانی نے حضرت ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور کے کھانے سے منع فرمایا۔ زہری نے کہا: میں نے یہ حدیث اس وقت تک نہیں سنی جب تک شام میں نہیں آگیا۔
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں خبردی۔ اُنہوں نے کہا میں نے زہری سے سنا۔ زہری نے عبیداللہ (بن عبداللہ) سے، عبیداللہ نے حضرت اُم قیسؓ بنت محصن سے روایت کی وہ کہتی تھیں۔ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپؐ فرماتے تھے: اس ہندی عود (یعنی کوٹ) کو ضرور استعمال کرو کیونکہ اس میں سات علاج ہیں۔ حلق کے ورم میں اس کو ناک میں ڈالا جاتا ہے۔ اور ذات الجنب میں حلق میں ڈالی جاتی ہے
اور لیث (بن سعد) نے اپنی روایت میں اتنا زیادہ بیان کیا۔ (اُنہوں نے کہا:) مجھے یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ان سے پوچھا: کیا ہم گدھی کے دودھ سے وضو کرلیں یا اس کو پئیں، یا درندہ کے پتہ کا پانی یا اونٹ کا پیشاب پئیں؟ پس کہا کہ مسلمان ان سے علاج کیا کرتے تھے اور اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ گدھی کے دودھ کے متعلق ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے گوشت سے منع فرمایا ہے اور اس کے دودھ پینے یا نہ پینے کے متعلق ہمیں کوئی خبر نہیں پہنچیاور جو درندے کا پتا ہے تو ابن شہاب نے کہا:مجھے ابوادریس خولانی نے بتایا کہ حضرت ابوثعلبہ خشنی ؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہرکچلی والے درندے کے کھانے سے منع کیا ہے۔
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عتبہ بن مسلم سے، جو بنو تمیم کے غلام تھے۔ عتبہ نے عبید بن حنین سے جو بنو زریق کے غلام تھے۔ عبید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کے برتن میں مکھی گر پڑے تو چاہیئے کہ وہ اس کو ڈبو دے اور پھر اس کو پھینک دے کیونکہ اس کے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا۔