بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 56 hadith
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کے صحابہؓ میں سے بعض لوگوں نے نبی ﷺ کی ازواج مطہرات سے آپؐ کے ان کاموں کے بارہ میں پوچھا جو آپؐ تنہائی میں کرتے تھے۔ اس کے بعد ان (پوچھنے والوں) میں سے ایک نے کہا میں کبھی عورتوں سے شادی نہیں کروں گا اور دوسرے نے کہا میں کبھی گوشت نہیں کھاؤں گا اور تیسرے نے کہا میں بستر پر نہیں سوؤں گا۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء کی اور فرمایا لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ جو اس اس طرح کہتے ہیں؟ میں تو نماز (بھی) پڑھتا ہوں اور سوتا (بھی) ہوں اور روزہ رکھتا ہوں اور روزہ چھوڑتا (بھی) ہوں اور میں عورتوں سے شادی (بھی) کرتا ہوں۔ پس جو میری سنّت سے بے رغبتی کرتا ہے وہ مجھ سے نہیں۔
حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اسلام میں کوئی جبری روک ٹوک نہیں ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمر وؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا دنیا تو صرف ایک عارضی فائدہ کی چیز ہے اور اس دنیا کے عارضی فائدے میں صالحہ عورت سے بڑھ کر افضل کوئی چیز نہیں۔
حضرت مغیرہؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک جگہ منگنی کا پیغام دیا تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ اس (لڑکی) کو دیکھ لو کیونکہ اس طرح دیکھنے سے تمہارے اور اس کے درمیان موافقت اور الفت کا امکان زیادہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کسی عورت سے نکاح کرنے کی چار ہی بنیادیں ہو سکتی ہیں یا تو اس کے مال کی وجہ سے یا اس کے خاندان کی وجہ سے یا اس کے حسن و جمال کی وجہ سے یا اس کی دینداری کی وجہ سے۔ لیکن تو دین دار عورت کو ترجیح دے، اللہ تیرا بھلا کرے اور تجھے دین دار عورت حاصل ہو۔
حضرت معقل بن یسارؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ! مجھے ایک عورت ملی ہے جو خوبصورت بھی ہے اور خاندانی بھی لیکن اس کے اولاد نہیں ہوئی تو کیا میں اس سے شادی کر لوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔ پھر وہ دوسری مرتبہ آیا آپؐ نے پھر منع فرما دیا۔ پھر وہ تیسری مرتبہ آیا تو آپؐ نے فرمایا ایسی عورت سے نکاح کرو جو محبت کرنے والی ہو اور بچے جننے والی ہو کیونکہ تمہاری کثرت کی بنا پر ہی میں دوسری امتوں کے مقابلہ میں فخر کروں گا۔
حضرت معقل بن یسارؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہﷺ کے پاس آیا اور کہا میں ایک حسب نسب والی عورت سے شادی کا خواہاں ہوں مگر وہ بچہ نہ جن سکے گی۔ کیا میں اس سے شادی کر لوں؟ آپؐ نے اسے منع فرمایا پھر وہ دوسری مرتبہ آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے اسے منع فرمایا پھر وہ تیسری مرتبہ آیا۔ آپؐ نے اسے منع فرمایا اور فرمایا تم ایسی عورتوں سے شادی کرو جو محبت کرنا جانتی ہوں اور جن سے زیادہ اولاد پیدا ہو تاکہ میں کثرت افراد کی وجہ سے سابقہ امتوں پر فخر کر سکوں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے دریافت کیا گیا کہ کون سی عورت (بطور رفیقہ حیات) بہتر ہے؟ آپﷺ نے فرمایا وہ جس کی طرف دیکھنے سے طبیعت خوش ہو۔ مرد جس کام کے کرنے کے لئے کہے اسے بجا لائے اور جس بات کو اس کا خاوند ناپسند کرے اس سے بچے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے دریافت کیا گیا کہ کون سی عورت (بطور رفیقہ حیات) بہتر ہے؟ آپﷺ نے فرمایا وہ جس کی طرف دیکھنے سے طبیعت خوش ہو۔ جب اسے کوئی کام کہا جائے تو وہ انکار نہ کرے اور کسی ایسی بات کی مخالفت نہ کرے جس کو اس کا خاوند اس کی ذات اور اس کے مال کے بارہ میں ناپسند کرے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی شخص کسی عورت کو پیغام نکاح دے تو اگر دیکھنا ممکن ہو جو اسے اس کے نکاح پر آمادہ کرتا ہو تو وہ ایسا کر لے۔ راوی کہتے ہیں کہ میں نے ایک لڑکی کو نکاح کا پیغام بھجوایا اور میں اس کے لیے چھپ کر بیٹھتا یہاں تک کہ میں نے اس میں وہ (خوبی) دیکھ لی جس نے مجھے اس سے نکاح پر آمادہ کیا پھر میں نے اس سے شادی کر لی۔