بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 72 hadith
حضرت ابو مسعود انصاری ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لوگوں کی امامت وہ کرے جو اُن میں سے سب سے زیادہ اللہ کی کتاب پڑھا ہوا ہو۔ اگر وہ علمِ قران میں برابر ہوں تو ان میں سے سنت کا سب سے زیادہ علم رکھنے والا اگر وہ اس سنت (کے علم میں) برابر ہوں تو جس نے ان میں سے پہلے ہجرت کی ہو۔ اگر وہ ہجرت میں بھی برابر ہوں تو اسلام لانے میں سب سے مقدّم۔ کوئی آدمی کسی آدمی کی عملداری میں اس کی امامت نہ کرے۔ اور اس کے گھر میں اس کی قابل احترام نشست پر بغیر اس کے کہے کے نہ بیٹھے۔ اشج نے اپنی روایت میں سِلْمًا (یعنی اسلام لانے کے لحاظ سے) کی بجائے سِنًّا یعنی عمر میں بڑا کہا ہے۔
حضرت نعمانؓ بن بشیر کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا تم اپنی صفیں ضرور سیدھی رکھا کرو۔ ورنہ اللہ تعالیٰ تمہارے منہ ایک دوسرے سے پھیر دے گا۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا اپنی صفیں سیدھی رکھو۔ کیونکہ صفوں کی درستی بھی اقامت صلوٰۃ کے حکم میں شامل ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا صفوں کو سیدھا رکھو۔ اور کندھوں کو برابر رکھو اور خالی جگہ کو پر کرو اور اپنے بھائیوں کے سامنے نرم ہوجاؤ۔ عیسیٰ (جو امام ابوداود کے استاد ہیں) انہوں نے أَيْدِي إِخْوَانِكُمْ کے الفاظ نہیں کہے۔ اور شیطان کے لئے رخنے نہ چھوڑو اور جو صف کو ملائے گا اللہ اس کو ملائے رکھے گا اور جو صف کو کاٹے گا اللہ اس کو کاٹ دے گا۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیے کہ وہ ہلکی پڑھے کیونکہ ان میں کمزور اور بیمار اور بوڑھے بھی ہوتے ہیں اور جب تم میں سے کوئی تنہا نماز پڑھے تو جتنا چاہے لمبی کرے۔
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا میں نماز میں یہ ارادہ کرکے کھڑا ہوتا ہوں کہ اسے لمبا کروں گا۔ اتنے میں بچے کا رونا سنتا ہوں تو میں اپنی نماز کو مختصر کر دیتا ہوں۔ میں ناپسند کرتا ہوں کہ اس کی ماں کو تکلیف میں ڈالوں۔
حضرت ابومسعودؓ نے بتایا کہ ایک شخص نے کہا یا رسول اللہ ! بخدا میں صبح کی نماز سے فلاں شخص کی وجہ سے پیچھے رہ جاتا ہوں۔ اس لئے کہ وہ ہمیں نماز لمبی پڑھاتا ہے۔ تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو کسی نصیحت میں اس دن سے زیادہ غصے میں نہیں دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا تم میں بعض نفرت دلانے والے ہیں۔ پس تم میں سے جو لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیے کہ وہ نماز مختصر پڑھے۔ کیونکہ ان میں کمزور بھی ہوتے ہیں اور بوڑھے بھی اور حاجت مند بھی۔