بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 186 hadith
حضرت ابو موسیٰ ؓ سے روایت ہے کہ مدینہ میں کسی کا گھر رات کے وقت جل گیا۔ جب رسول اللہ ﷺ کو ان کا حال بتایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا یہ آگ تو تمہاری دشمن ہے جب تم سونے لگو تو اسے بجھا دیا کرو۔
حضرت ابو حذیفہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جب ہم نبیﷺ کے ساتھ کھانا کھاتے، جب تک رسول اللہﷺ شروع نہ فرماتے تو ہم اپنا ہاتھ نہ بڑھاتے۔ ایک دفعہ ہم آپؐ کے ساتھ کھانے پر موجود تھے کہ ایک لڑکی آئی گویا کوئی اسے دھکیل رہا ہے وہ اپنا ہاتھ کھانے میں ڈالنے لگی تو رسول اللہﷺ نے اس کا ہاتھ پکڑا۔ پھر ایک بدوی آیا گویا کہ کوئی اسے دھکیل رہا ہے آپؐ نے اس کا ہاتھ پکڑا اور رسول اللہﷺ نے فرمایا یقینا شیطان اس کھانے کو اپنے لئے جائز سمجھتا ہے جس پر اللہ کا نام نہ لیا جائے وہ اس لڑکی کو لایا تاکہ اس کے ذریعہ کھانا (اپنے لئے) جائز کرلے۔ میں نے اس (لڑکی) کا ہاتھ پکڑ لیا پھر اس بدوی کو لایا تاکہ اپنے لئے اس کے ذریعہ کھانا جائز کرلے تو میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ اس کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ یقینا اس کا ہاتھ اس لڑکی کے ہاتھ کے ساتھ میرے ہاتھ میں ہے۔ ایک اور روایت میں (حَضَرْنَا کی بجائے) دُعِیْنَا کے الفاظ ہیں اور (یُدْفَعُ کی بجائے) یُطْرَدُ کے الفاظ ہیں اور اس روایت میں بدوی کے آنے کا ذکر لڑکی کے آنے کے ذکر سے پہلے ہے اور اس روایت کے آخر میں یہ اضافہ ہے کہ آپؐ نے اللہ کا نام لیا اور کھانا کھا لیا۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ نے فرمایا جب کوئی شخص اپنے گھر میں داخل ہوتا ہے اور داخل ہوتے وقت اور کھانے کے وقت اللہ کا ذکر کرتا ہے تو شیطان (اپنے چیلوں سے) کہتا ہے تمہارے لئے نہ ٹھکانہ ہے نہ کھانا اور جب کوئی شخص داخل ہوتا ہے اور داخل ہوتے وقت اللہ کا نام نہیں لیتا تو شیطان کہتا ہے تمہیں ٹھکانا مل گیا اور جب کھانے کے وقت اللہ کا ذکر نہیں کرتا تو وہ کہتا ہے کہ تم نے ٹھکانا اور کھانا دونوں حاصل کر لئے۔ ایک اور روایت میں وَاِنْ لَمْ یَذْکُرِ اسْمَ اللَّہِ عِنْدَ طَعَامِہِ وَاِنْ لَمْ یَذْکُرِ اسْمَ اللَّہِ عِنْدَ دُخُوْلِہِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت جابرؓ بن عبد اللہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا بائیں ہاتھ سے نہ کھاؤ کیونکہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی کمائے جو دائیں ہاتھ سے کھائے اور پئے تو اپنے دائیں ہاتھ سے پئے کیونکہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور اپنے بائیں ہاتھ سے پیتا ہے۔
سالم اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی ہرگز اپنے بائیں ہاتھ سے نہ کھائے نہ اس سے پئے کیونکہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور پیتا ہے۔ وہ کہتے ہیں راوی نافع اس میں یہ اضافہ کیا کرتے تھے کہ نہ وہ اس (بائیں ہاتھ) سے لے اور نہ دے۔ ایک اور روایت میں (اَحَدٌ مِنْکُمْ کی بجائے) اَحَدُکُمْ کے الفاظ ہیں۔
ایاس بن سلمہؓ بن اکوع بیان کرتے ہیں کہ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ ایک شخص رسول اللہﷺ کے پاس بائیں ہاتھ سے کھا رہا تھا آپؐ نے فرمایا اپنے دائیں ہاتھ سے کھاؤ۔ اس نے کہا مجھ میں استطاعت نہیں ہے۔ آپؐ نے فرمایا تجھے کبھی استطاعت نہ ہو۔ اسے صرف تکبر نے بات ماننے سے روکا تھا۔ وہ کہتے ہیں پس وہ اپنا (دایاں) ہاتھ منہ تک نہ لے جا سکا۔
حضرت عمرؓ بن ابی سلمہ کہتے ہیں میں رسول اللہﷺ کی گود میں تھا اور میرا ہاتھ بڑے پیالہ میں گھوم رہا تھا۔ آپؐ نے مجھے فرمایا اے بچے اللہ کا نام لو اور اپنے دائیں ہاتھ سے اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔
حضرت عمر بن ابی سلمہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ایک دن میں نے رسول اللہﷺ کے ساتھ کھانا کھایا اور میں نے پیالہ کے ہر طرف سے گوشت لینا شروع کر دیا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا اپنے سامنے سے کھاؤ۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں نبی ﷺ نے مشکیزوں کو منہ لگا کر پانی پینے سے منع فرمایا ہے۔