بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 473 hadith
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کوئی دن جس میں اللہ تعالیٰ کثرت سے بندوں کو آگ سے آزاد کرتا ہے عرفہ کے دن سے بڑھ کر نہیں اور یقینا وہ بہت قریب آ جاتا ہے۔ پھر ان (بندوں) پر فرشتوں کے پاس (اظہارِ) فخر کرتا ہے اور فرماتا ہے انہوں نے کیا (خوب) ارادے کئے تھے!
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک عمرہ، دوسرے عمرہ تک ان دونوں کے درمیان کے لئے کفارہ ہو جاتا ہے اور نیکی پر مشتمل حج کا اجر سوائے جنت کے اور کوئی نہیں ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جو اس بیت اللہ میں آیا اور پھر اس نے کوئی شہوانی بات نہیں کی، نہ کوئی نافرمانی کی تو وہ اس طرح لوٹا جس طرح اس کی ماں نے اسے (معصوم) جنا تھا۔ ایک اور روایت میں (مَنْ اَتٰی ہٰذَا الْبَیْتَ کی بجائے) مَنْ حَجَّ کے الفاظ ہیں۔
حضرت اسامہؓ بن زید بن حارثہ سے روایت ہے انہوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا آپؐ مکہ میں اپنے گھر میں ٹھہریں گے؟ آپؐ نے فرمایا ’’کیا عقیل نے ہمارے لئے کوئی جائداد یا گھر چھوڑے ہیں‘‘ راوی کہتے ہیں عقیل اور طالب، ابو طالب کے وارث تھے اور حضرت جعفرؓ اور حضرت علیؓ ان کے وارث نہ ہو سکے کیونکہ یہ دونوں مسلمان تھے اور عقیل اور طالب دونوں کافر تھے۔
حضرت اسامہ بن زیدؓ سے روایت ہے میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کل آپؐ کہاں اتریں گے؟ یہ آپؐ کے حج کی بات ہے جب ہم مکہ کے قریب پہنچ گئے تھے تو آپؐ نے فرمایا کیا عقیل نے ہمارے لئے کوئی گھر چھوڑا ہے؟
حضرت اسامہ بن زیدؓ سے روایت ہے انہوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! اللہ نے چاہا تو کل آپؐ کہاں اتریں گے۔ یہ فتحِ مکہ کے زمانہ کی بات ہے۔ آپؐ نے فرمایا کیا عقیل نے ہمارے لئے کوئی گھر چھوڑا ہے؟
عبدالرحمان بن حمید سے روایت ہے انہوں نے حضرت عمر بن عبدالعزیز کو سائب بن یزید سے سوال کرتے ہوئے سنا کہ کیا تم نے مکہ میں قیام کے بارہ میں کچھ سنا ہے؟ سائب نے جواب دیا میں نے علاءؓ بن حضرمی سے سنا وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا مہاجر کے لئے آخری طواف کے بعد مکہ میں تین دن قیام ہے۔ گویا آپؐ فرما رہے تھے کہ اس سے زیادہ قیام نہ کرے۔
عبدالرحمان بن حمید سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے عمر بن عبدالعزیز سے سنا۔ آپ اپنے ہم نشینوں کو کہہ رہے تھے تم نے مکّہ میں سکونت کے بارہ میں کیا سنا ہے؟ سائب بن یزید نے کہا میں نے علاء سے سنا یا یہ کہا کہ میں نے علاء بن حضرمی سے سنا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مہاجر مناسک حج پورے کرنے کے بعد تین دن مکّہ ٹھہر سکتا ہے۔
عبدالرحمان بن حُمَید سے روایت ہے وہ کہتے ہیں انہوں نے عمر بن عبدالعزیز کو سائب بن یزید سے سوال کرتے سنا۔ سائب نے کہا میں نے علاءؓ بن حضرمی سے سنا۔ وہ کہتے تھے میں نے رسول اللہﷺ سے سنا کہ آپؐ نے فرمایا تین راتیں ہیں جو مہاجر مکہ میں آخری طواف کے بعد ٹھہرتا ہے۔
سائب بن یزید کہتے ہیں کہ انہیں حضرت علاءؓ بن حضرمی نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مہاجر کا مناسک حج کی ادائیگی کے بعد مکہ میں قیام تین دن ہے۔