بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 209 hadith
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ اسے مرفوعًا بیان کرتے ہیں کہ عرض کیا گیا فرض نماز کے بعد کونسی نماز افضل ہے؟ اور ماہ ِ رمضان کے روزوں کے بعد کون سے روزے افضل ہیں؟ فرمایا فرض نماز کے بعد افضل نماز رات کے درمیان (تہجد) کی نماز ہے۔ رمضان کے بعد بہترین روزے اللہ کے مہینے محرّم کے روزے ہیں۔
حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس شخص نے رمضان کے روزے رکھے اور پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو گویا اس نے سارے سال کے روزے رکھے ہیں۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ کے صحابہؓ میں سے کچھ لوگوں کو رؤیا میں لیلۃ القدر (مہینہ کے) آخری سات دنوں میں دکھائی گئی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میں دیکھتا ہوں کہ تمہاری خوابیں آخری سات راتوں پر (آپس میں) موافقت پا گئی ہیں۔ پس جو کوئی تم میں سے اس کو تلاش کرنے والا ہو وہ اسے آخری سات راتوں میں تلاش کرے۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا تم آخری سات راتوں میں لیلۃ القدر تلاش کرو۔
سالم اپنے والد رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے بیان کیا ایک شخص نے دیکھا کہ لیلۃ القدر ستائیسویں رات ہے نبی ﷺ نے فرمایا میں دیکھتا ہوں کہ تمہاری خوابیں آخری عشرے کے بارے میں ہیں پس تم اسے اس کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔
سالم بن عبداللہ بن عمرؓ کہتے ہیں کہ اُن کے والد رضی اللہ عنہ بیان کرتے تھے میں نے رسول اللہ ﷺ کو لیلۃ القدر کے متعلق فرماتے ہوئے سنا کہ تم میں سے بعض کو وہ (آخری عشرہ کی) پہلی سات راتوں میں دکھائی گئی ہے اور تم میں سے بعض کو وہ آخری سات راتوں میں دکھائی گئی ہے۔ پس تم آخری عشرے میں اسے تلاش کرو۔
عقبہ _ جو حریث کے بیٹے ہیں _ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم اسے آخری عشرہ میں تلاش کرو آپؐ کی مراد لیلۃ القدر سے تھی۔ اگر تم میں سے کوئی کمزور ہو جائے یا عاجز رہ جائے تو آخری سات راتوں میں ہر گز مغلوب نہ ہو جائے۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا جو کوئی اسے (لیلۃ القدر کو) تلاش کرنے والا ہو تو وہ اسے آخری عشرہ میں تلاش کرے۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لیلۃ القدر کا وقت آخری عشرہ میں یا فرمایا آخری نو دنوں میں تلاش کرو۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مجھے لیلۃ القدر دکھائی گئی پھر میرے کسی گھر والے نے مجھے جگا دیا اور مجھے یہ بھلا دی گئی۔ پس تم اسے آخری عشرے میں تلاش کرو ایک اور روایت میں فَنُسّیْتُھَا کی بجائے فَنَسِیْتُھا ہے (میں اسے بھول گیا)۔