بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 297 hadith
حضرت ابو قتادہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے کہ آپؐ نے کچھ شور سا سنا۔ آپؐ نے فرمایا کہ تمہیں کیا ہوا تھا؟ انہوں نے کہا کہ ہم جلدی جلدی نماز کے لئے آئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا ایسا نہ کرو۔ جب نماز کے لئے آؤ تو تم پر سکینت لازم ہے۔ جو تم پالو وہ پڑھ لو اور جو تم سے رہ جائے اسے پورا کر لو۔
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جب نماز کھڑی ہونے لگے تو اس وقت تک نہ کھڑے ہو جب تک مجھے نہ دیکھ لو۔ ابن حاتم سے روایت ہے کہ جب نماز کی اقامت ہو یا (نماز کے لئے) بلایا جائے۔ اسحاق نے اپنی روایت میں معمر اور شیبان والی روایت میں مزید کہا یہاں تک کہ تم مجھے دیکھ لو کہ میں باہر آگیا ہوں۔
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ نماز کھڑی ہونے لگی اور رسول اللہﷺ ہمارے پاس تشریف لائے۔ پہلے ہم کھڑے ہوئے اور صفیں درست کیں۔ پھر رسول اللہﷺ تشریف لائے یہاں تک کہ جب اپنی نماز پڑھنے کی جگہ پر آکر کھڑے ہوگئے تو قبل اس کے کہ آپؐ تکبیر کہتے۔ آپؐ کو (کچھ) یاد آیا اور آپؐ واپس گئے اور ہم سے فرمایا کہ اپنی جگہ پر ٹھہرے رہو۔ چنانچہ ہم آپؐ کے انتظار میں کھڑے رہے یہاں تک کہ آپؐ ہمارے پاس تشریف لائے۔ آپؐ نے غسل کیا ہوا تھا اور آپؐ کے سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ پھر آپؐ نے تکبیر کہی اور ہمیں نماز پڑھائی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ نماز کھڑی ہونے لگی اور لوگوں نے اپنی صفیں بنا لیں۔ رسول اللہ ﷺ باہر تشریف لے آئے اور اپنی جگہ پر آ کر کھڑے ہو گئے۔ پھر آپؐ نے اُن کو اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا کہ اپنی جگہ ٹھہرے رہو۔ آپؐ (دوبارہ) باہر تشریف لائے تو آپؐ نے غسل کیا ہوا تھا اور آپؐ کے سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ پھر آپؐ نے انہیں نماز پڑھائی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ کے لئے نماز کی اقامت کہی جاتی اور لوگ اپنی صفیں بنا لیتے تھے قبل اس کے کہ نبیﷺ اپنی جگہ پر کھڑے ہوں۔
حضرت جابر بن سمرہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ جب سورج ڈھلتا حضرت بلالؓ اذان دیا کرتے۔ اور اس وقت تک اقامت نہ کہتے جب تک نبیﷺ باہر تشریف نہ لے آتے۔ پھر جب آپؐ باہر تشریف لے آتے تو بلالؓ آپؐ کو دیکھنے پر اقامت کہتے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جس نے نماز کی ایک رکعت پائی تو اس نے نماز پالی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس نے امام کے ساتھ ایک رکعت پالی تو اس نے نماز پالی۔ حضرت ابو ہریرہؓ سے بعض روایات میں ’’مَعَ الْاِمَامِ‘‘ یعنی ’’امام کے ساتھ‘‘ کے الفاظ نہیں ہیں۔ عبید اللہ کی روایت میں ہے آپؐ نے فرمایا کہ اس نے ساری نماز پالی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس نے سورج طلوع ہونے سے قبل صبح کی نماز کی ایک رکعت پالی تو اس نے فجر کی نماز پالی اور جس نے سورج غروب ہونے سے قبل عصر کی رکعت پالی تو اس نے عصر کی نماز پالی۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جس نے سورج غروب ہونے سے قبل عصر کا ایک سجدہ پالیا یا سورج طلوع ہونے سے قبل صبح یعنی فجر کا ایک سجدہ پالیا تو اس نے اس نماز کو پالیا اور سجدہ سے مراد رکعت ہے۔