بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 68 hadith
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ انصارؓ کے ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیغام بھیجا کہ تشریف لائیے اور میرے گھر میں نماز کے لئے جگہ معین کر دیجئے۔ میں اس میں نماز پڑھا کروں گا۔ یہ واقعہ ان کے نابینا ہونے کے بعد کا ہے۔ آپؐ تشریف لائے اور آپؐ نے ایسا ہی کیا۔
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ میرے ایک چچا نے رسول اللہ ﷺ کے لئے کھانا تیار کیا اور انہوں نے نبی ﷺ سے درخواست کی کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپؐ میرے گھر کھانا کھائیں اور اس میں نماز پڑھیں۔ آپؐ اُن کے ہاں تشریف لائے اور گھر میں ان چٹائیوں میں سے ایک چٹائی تھی تو آپؐ نے اس کے ایک کونے کے بارے میں ارشاد فرمایا تو اس کو جھاڑا گیا اور اس پر پانی چھڑکا گیا۔ آپؐ نے اس پر نماز پڑھی اور ہم نے آپؐ کے ساتھ نماز پڑھی۔ ابو عبد اللہ بن ماجہ نے کہا ’’فحل‘‘ اُس چٹائی کو کہا جاتا ہے جو (پرانی ہونے کی وجہ سے) سیاہ ہوگئی ہو۔
حضرت ابو سعید خدریؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے مسجد سے کسی تکلیف دہ چیز کو نکالا اللہ تعالیٰ اُس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔
حضرت عائشہ ؓ بیان فرماتی ہیں رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ گھروں میں مساجد بنائی جائیں اور یہ کہ اُن کو پاک صاف اور خوشبودار رکھا جائے۔
حضرت عائشہ ؓ نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا گھروں میں مسجدیں بنائی جائیں اور اُن کو پاک صاف اور خوشبودار کیا جائے۔
حضرت ابوہریرہ ؓ اور حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے ان دونوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے مسجد کی دیوار پر بلغم دیکھی۔ آپؐ نے ایک کنکر اٹھایا اور اس کو کھرچ دیا۔ پھر فرمایا جب تم میں سے کوئی تھوکے تو وہ اپنے سامنے نہ تھوکے اور نہ دائیں طرف تھوکے، بلکہ اپنی بائیں طرف تھوکے یا اپنے بائیں پیر کے نیچے۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے مسجد میں سامنے کے رُخ تھوک دیکھا۔ آپؐ شدید ناراض ہوئے یہاں تک کہ آپؐ کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ انصارؓ میں سے ایک عورت آپؐ کے پاس آئی، اُس نے اُس کو رگڑا اور اس کی جگہ خوشبو لگا دی۔ آپؐ نے فرمایا یہ کیا ہی اچھا ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے مسجد میں سامنے کے رُخ تھوک دیکھا اور آپؐ لوگوں کے سامنے نماز پڑھ رہے تھے ، آپؐ نے اُس کو رگڑ کر صاف کر دیا اور جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو فرمایا یقینا تم میں سے اگر کوئی نماز پڑھ رہا ہوتا ہے تو اللہ اُس کے سامنے ہوتا ہے ، پس تم میں سے کوئی بھی نماز میں اپنے سامنے ہرگز نہ تھوکے۔
حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے مسجد میں سامنے کے رُخ تھوک رگڑ کر صاف کردیا۔