بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 68 hadith
حضرت عمر بن خطابؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ، جس نے مسجد بنائی جس میں اللہ کے نام کا ذکر کیا جائے تو اللہ اُس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔
حضرت عثمان بن عفانؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جس نے اللہ کے لئے مسجد بنائی، اللہ اُس کے لئے اُس جیسا جنت میں (گھر) بنائے گا۔
حضرت علی بن ابی طالبؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے اپنے مال سے مسجد بنائی، اللہ اُس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔
حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو اللہ کے لئے مسجد بنائے خواہ بھٹ تیتر کے انڈے دینے کی جگہ کے برابر ہو یا اُس سے بھی چھوٹی، اللہ اس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔
حضرت انس بن مالک ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا قیامت برپا نہیں ہوگی یہاں تک کہ لوگ مسجدوں (کی تعمیر) میں ایک دوسرے پر فخر کرنے لگیں گے۔
حضرت ابن عباسؓ نے بیان کیا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میں تمہیں دیکھ رہا ہوں کہ میرے بعد تم اپنی مسجدوں کو بلندو بالا بناؤ گے جس طرح یہود نے اپنی عبادت گاہوں کو بلند و بالا بنایا اور جس طرح عیسائیوں نے اپنے گرجوں کو بلند و بالا بنایا۔
حضرت عمر بن خطاب ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کسی قوم کے اعمال کبھی خراب نہیں ہوئے ، ہاں مگر اس نے اپنی مساجد کو زیب و زینت دی۔
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ مسجد نبوی ﷺ کی زمین بنو نجار کی تھی۔ اس میں کھجور کے درخت تھے اور مشرکوں کی قبریں تھیں۔ نبی ﷺ نے ان (بنی نجار) سے فرمایا تم مجھ سے اس جگہ کا سودا کر لو۔ انہوں نے کہا ہم اس کی کبھی بھی قیمت نہیں لیں گے۔ راوی نے بیان کیا کہ نبی ﷺ مسجد بنا رہے تھے اور وہ (صحابہؓ) آپؐ کو سامان پکڑاتے اور نبی ﷺ فرماتے: ’’حقیقی زندگی تو آخرت کی زندگی ہی ہے اے اللہ انصار اور مہاجرین کو بخش دے‘‘ راوی نے بیان کیا کہ نبی ﷺ مسجد (نبوی) کی تعمیر کرنے سے پہلے جہاں نماز کا وقت آتا وہاں نماز ادا فرما لیتے تھے۔
حضرت عثمان بن ابی العاصؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ان کو ارشاد فرمایا کہ طائف کی مسجد اس جگہ بنائیں جہاں ان (طائف والوں) کا بت تھا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ اُن سے ایسے باغات میں نماز پڑھنے کے بارے میں سوال کیا گیا، جہاں گندگی (یعنی کھاد) ڈالی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا جب ان (باغوں) کو کئی بار پانی دے دیا جائے تو تم ان میں نماز ادا کر لو اور آپؓ اس ارشاد کو نبی ﷺ سے مرفوع بیان کرتے تھے۔